• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

وزیراعظم شہباز شریف کا ڈپارٹمنٹل اسپورٹس پر پابندی ختم کرنے کا اعلان

شائع August 25, 2022
شہباز شریف نے کہا ہم کھلاڑیوں کا معاوضہ بڑھائیں گے — فوٹو: ڈان نیوز
شہباز شریف نے کہا ہم کھلاڑیوں کا معاوضہ بڑھائیں گے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف نے دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی گیمز میں قومی ایتھلیٹس کی نمایاں کارکردگی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ڈپارٹمنٹل اسپورٹس پر عائد پابندی ختم کر رہے ہیں۔

دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی گیمز میں تمغات حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرکے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ سب کھیل کے میدان میں اور بھی مقام و کامیابیاں حاصل کریں گے اور قوم کے ہونہار کھلاڑی آپ سے متاثر ہوکر مزید محنت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بچے ہونہار اور ہمت والے ہیں جن کا تعلق امیر گھرانوں سے نہیں بلکہ غریب گھرانوں سے ہے مگر یہ عظیم پاکستانی ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کی برآمد پر مکمل پابندی لگادی

انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسی طرح ملک میں دیگر باصلاحیت بچوں کو تلاش کریں گے تو یہ ملک کی بڑی خدمت ہوگی۔

وزیر اعظم نے دولت مشترکہ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے نوح دستگیر بٹ، شاہ حسین، شریف طاہر، ارشدندیم اور دیگر ایتھلیٹس کو نقد انعامات سے نوازا۔

دولت مشترکہ اور اسلامی یک جہتی گیمز میں گولڈ میڈیل حاصل کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کی طرف سے مثالی گاؤں اور اسکول اور ہسپتال بنانے کے مطالبے پر وزیر اعظم نے کہا کہ مثالی گاؤں پر کسی وقت میں ایک پالیسی تشکیل دی گئی تھی، مگر اس کو ختم کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مگر مثالی گاؤں کہنے کے بغیر آپ (ارشد ندیم) اور دیگر ایتھلیٹس کے گاؤں میں بھی تمام سہولیات فراہم کریں گے۔

شہباز شریف نے کانسی کے میڈل جیتنے والے ایتھلیٹس سے مخاطب ہوکر کہا کہ امید ہے کہ آئندہ سال آپ سب سونے کا تمغہ جیتیں گے اور جنہوں نے گولڈ میڈل جیتا ہے وہ پلاٹینم تمغہ جیتیں گے، اسی طرح آپ ہمت کریں تو ترقی آپ کے قدم چومے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی تعمیر کے لیے دھرنوں کا دھڑن تختہ کریں، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پیش کی جانے والی انعامی رقم میں مزید اضافہ ہونا چاہیے، ہم ایسا کریں گے مگر اس وقت ملک بڑے چیلنجنگ وقت سے گزر رہا ہے کیونکہ پورے ملک میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے اور جس طرح سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیلاب نے تباہی مچائی ہے اور ہمیں اس کے لیے مزید اقدامات کرنے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں کروڑوں لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں مگر ہم ان کی امداد کے لیے کسی طرح بھی وسائل تلاش کرکے دوبارہ ان کو اپنے گھروں میں آباد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ جاتی کھیلوں پر جو پابندی عائد کی گئی تھی وہ میں آج ختم کر رہا ہوں تاکہ محکموں میں مزید مقابلہ بڑھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ حکومت نے ملک میں تمام سرکاری محکموں، کارپوریشنز اور خود مختار اداروں کو 30 مختلف کھیلوں کی ٹیموں کو فنڈنگ روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ جاتی کھیلوں پر پابندی عائد کردی تھی۔

حکومت کے اس فیصلے کے بعد محکمہ جاتی کھیلوں سے منسلک ہزاروں افراد روزگار سے محروم ہوگئے تھے۔

شہباز شریف نے منصب سنبھالنے کے بعد وعدہ کیا تھا کہ وہ نوجوانوں میں صحت مندانہ مقابلے کی سرگرمیوں کے لیے محکمہ جاتی کھیل بحال کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024