• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کور کمانڈرز کانفرنس: ‘آرمی فارمیشنز کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ہدایت’

شائع August 25, 2022
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز اجلاس ہوا — فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز اجلاس ہوا — فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی فارمیشنز کو ملک بھر میں جاری بارش کے دوران سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 250ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

مزید پڑھیں: بارشوں اور سیلاب سے 913 افراد جاں بحق، 3 کروڑ بے گھر ہوگئے، شیری رحمٰن

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شرکا کو ملک کی مجموعی داخلی اور خارجی سیکیورٹی بالخصوص ملک بھر میں حالیہ سیلاب اور آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کو ہدایات دیں کہ آپریشنل تیاریاں برقرار رکھیں اور خاص طور پر خیبر پختونخوا (کے پی) اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رکھیں۔

بیان میں کہا گیا کہ شرکا نے سیلاب کی صورت حال اور فوج کی طرف سے جاری ریسکیو اور ریلیف کا تفصیلی جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچنے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی تکالیف کم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کا عزم کیا۔

آرمی چیف نے جاری امدادی کوششوں کو سراہا اور آرمی فارمیشنز کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں آسانیوں کے لیے ہر ایک متاثرہ فرد تک پہنچنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں مون سون بارشوں سے 77 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، شیری رحمٰن

خیال رہے کہ ملک میں حالیہ مون سون سیزن کے دوران ہونے والی تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے 913 افراد جاں بحق اور 3 کروڑ شہری بے گھر ہوگئے ہیں۔

قبل ازیں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ حالیہ دنوں میں ملک بھر میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں جن کی تباہ کاریاں بڑھتی جارہی ہیں، لیکن سندھ میں سب سے زیادہ بارش ہوئی اور بارش کے حالیہ اعداد و شمار چونکا دینے والے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ سیلاب کے اس وقت جو حالات ہیں اور تیزی ہے وہ ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی، اس سیلاب کے باعث سندھ، بلوچستان اور سوات میں تباہی کے مناظر ہیں، حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کی ہماری زندگی میں مثال نہیں ملتی۔

شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ بارش سے 23 اضلاع آفت زدہ قرار دیے گئے ہیں، قومی ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا گیا ہے، سندھ کے 30 اضلاع مکمل طور پر ڈوبے ہوئے ہیں، صورتحال بہت سنگین ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024