• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

صرف پاک بھارت میچ نہیں، ایشیا کپ جیتنا ہے، محمد یوسف

شائع August 25, 2022
بابر اعظم میدان میں اور کپتان کے طور پر بہترین پرفارم کر رہے ہیں، محمد یوسف — فوٹو: پی سی بی
بابر اعظم میدان میں اور کپتان کے طور پر بہترین پرفارم کر رہے ہیں، محمد یوسف — فوٹو: پی سی بی

پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی اکیڈمی میں ایشیا کپ کے لیے پہلا تربیتی سیشن مکمل کیا ہی تھا کہ بھارتی کھلاڑی پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو دونوں روایتی حریف چھ ملکی ٹورنامنٹ کے گروپ ’اے‘ کے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے لیکن قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی نگاہیں اس میچ سے آگے مرکوز ہیں۔

محمد یوسف نے تربیتی سیشن کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پہلا مقصد ایشیا کپ جیتنا ہے اور ہماری پوری توجہ اسی پر مرکوز ہے، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان ٹیم پاک ۔ بھارت مقابلے کے لیے تیار ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہماری تیاری پورے ٹورنامنٹ کی ہے، ہماری توجہ صرف پاک ۔ بھارت میچ پر نہیں بلکہ ہمارا مقصد پورا ٹورنامنٹ جیتنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ:قومی ٹیم بھارت کیخلاف نئے اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی، وسیم اکرم

پاکستان نے گزشتہ سال اکتوبر میں ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دی تھی جو ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی روایتی حریف کے خلاف پہلی فتح تھی۔

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی خود اعتمادی کے ساتھ ایشیا کپ میں اچھا پرفارم کریں گے، گزشتہ سال آسٹریلیا کے ہاتھوں ورلڈ کپ میں سیمی فائنل ہارنے کے بعد بابر اعظم نے اپنے آخری 4 انٹرنیشنل ٹی20 میچز میں سے 3 میچز جیتے، بابر کی زیر قیادت قومی ٹیم نے ون ڈے میچز میں ویسٹ انڈیز کے بعد نیدرلینڈ کو بھی کلین سوئپ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑی پرفارم کر رہے ہیں اور میچ بھی جیتیں گے، اگر ہم کوچنگ اسٹاف کے کردار کی بات کریں تو ہم کھلاڑیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں تاکہ وہ میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

محمد یوسف نے کپتان بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم میدان میں اور کپتان کے طور پر بہترین پرفارم کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ کرکٹ: پاک-بھارت ٹاکرا 28 اگست کو دبئی میں ہوگا

ان کا کہنا تھا کہ بابر نے ثابت کرکے دکھایا ہے کہ وہ ٹاپ کرکٹر ہیں، انہوں نے اپنی عظمت سے ثابت کیا کہ وہ ہر طرح کے دباؤ کی صورت میں بہت اچھا پرفارم کر سکتے ہیں۔

فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ہیں تاہم محمد یوسف نے اس پر تبصرے سے گریز کیا کہ شاہین آفریدی کی جگہ محمد حسنین کی واپسی ٹیم کے لیے کیسی ثابت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ میرا شعبہ نہیں ہے، آپ کو اس بارے میں ہیڈ کوچ یا باؤلنگ کوچ سے پوچھنا پڑے گا۔‘

عمر راشد آسٹریلیا کے شان ٹیٹ کی معاونت کریں گے

ایشیا کپ کے دوران پاکستان کے فاسٹ باؤلنگ کوچ شان ٹیٹ کی معاونت معروف باؤلنگ کوچ عمر راشد کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ عمر راشد کو ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی سفارش پر پلیئر سپورٹ پرسنل لسٹ میں شامل کیا گیا۔

عمر راشد نے پی سی بی کے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے بلے بازوں کے ساتھ کام کیا ہے اور حسنین کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں ان کی واپسی میں بھی مدد کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی کی کمی محسوس ہوگی، بابراعظم

محمد حسنین آخری بار پاکستان کے لیے گزشتہ سال دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایکشن میں نظر آئے تھے اور شاہین کی جگہ اپنی صلاحیتیں ثابت کرنا ان کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔

تاہم ہیڈ کوچ ثقلین نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نیوز ایجنسی کے ساتھ اپنے انٹرویو میں باؤلنگ یونٹ کو مکمل سپورٹ کیا۔

ثقلین نے کہا کہ شاہین کا ایشیا کپ سے باہر ہونا ہمارے لیے ایک بڑا دھچکا ہے کیونکہ شاہین نے خود کو ہر پلیٹ فارم پر ثابت کیا اور بہترین بلے بازوں کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائی۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہین کی معیاری باؤلنگ کی وجہ سے ان کا متبادل ڈھونڈنا آسان نہیں، گو کہ ہمارے بلے باز اتنے تجربہ کار نہیں ہیں لیکن ان میں کافی اعتماد اور جذبہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024