• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایشیا کپ:قومی ٹیم بھارت کیخلاف نئے اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی، وسیم اکرم

شائع August 23, 2022 اپ ڈیٹ August 24, 2022
وسیم اکرم نے کہا کہ بابراعظم ماڈرن کرکٹ کا بہترین کھلاڑی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
وسیم اکرم نے کہا کہ بابراعظم ماڈرن کرکٹ کا بہترین کھلاڑی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ گزشتہ سال ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم پوری طرح بدل گئی ہے اور اب ایشیا کپ میں ایک نئے اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسٹار اسپورٹس انڈیا کی جانب سے جاری کیے گئے انٹرویو میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بابراعظم جدید کرکٹ کا بہترین کھلاڑی ہے، پاک-بھارت میچ میں دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین اس سے محض ایک کرکٹ میچ کی طرح سمجھیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی پی' کے مطابق سابق اسٹار آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ سب کی نظریں روایتی حریفوں کے مابین ہونے والے میچ پر لگی ہوئی ہیں، شائقین کو اس میچ کا انتظار ہے، گزشتہ سال ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم پوری طرح بدل گئی ہے اور نئے اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی کی کمی محسوس ہوگی، بابراعظم

وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک نوجوان ٹیم ہے اور گزشتہ دو سال سے مسلسل اچھا کھیل رہی ہے، تاہم مڈل آرڈر میں کچھ کمزوریاں ضرور ہیں، افتخار احمد کے علاوہ کسی کو تجربہ نہیں ہے، بیٹنگ کا سارا دارومدار بابر اعظم اور محمد رضوان پر ہوگا۔

انہوں نے بابراعظم اور ویرات کوہلی کے درمیان موازنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ بابر اعظم بہت مستقل مزاج ہیں کیونکہ اس کے پاس صحیح تکنیک ہے، وہ اپنی بلے بازی سے لطف اندوز ہوتا ہے، جسمانی طور پر فٹ ہے اور تمام طرز کرکٹ میں کپتان ہے۔

سابق کپتان نے بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت تیزی سے سیکھ رہا ہے، ویرات کوہلی سے موازنہ کرنا قبل از وقت ہوگا لیکن وہ جدید کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک بننے کی راہ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی کی کمی محسوس ہوگی کیونکہ وہ نئی گیند سے وکٹیں لینے کے ماہر ہیں، وہ مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور دنیا کے سرفہرست تین فاسٹ باؤلرز میں شمار ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ کرکٹ: پاک-بھارت ٹاکرا 28 اگست کو دبئی میں ہوگا

خیال رہے کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2022 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا بڑا مقابلہ 28 اگست کو دبئی میں ہوگا۔

ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ افغانستان سے 27 اگست کو ہوگا، جس کے ایک دن بعد ٹورنامنٹ کے بڑے میچ میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024