• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بارشوں کے پیش نظر سندھ بھر کے اسکول، کالجوں میں 24، 25 اگست کو تعطیل کا اعلان

شائع August 23, 2022
بارش کے باعث اسکولوں میں دو دن چھٹی ہوگی —فائل/فوٹو: ڈان
بارش کے باعث اسکولوں میں دو دن چھٹی ہوگی —فائل/فوٹو: ڈان

محکمہ تعلیم سندھ نے محکمہ موسمیات کی جانب سے صوبے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی پر تمام سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں میں 24 اور 25 اگست کو تعطیل کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ‘حالیہ تیز بارشوں کے پیش نظر دو دن 24 اور 25 اگست چھٹی کا اعلان کر رہے ہیں’۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی تھی اور اس کی وجہ بھارت کے مشرقی علاقے راجستھان میں بننے والا سلسلہ بتایا تھا۔

مزید پڑھیں: سندھ کے مختلف علاقوں میں 23 اگست سے مزید 3 دن بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے بیان میں کہا تھا کہ راجستھان میں بننے والے دباؤ شمال مغربی علاقوں میں اور سندھ کی طرف بڑھے گا۔

بیان میں خبردار کیا گیا تھا کہ پاکستان کے جنوبی اور بالائی علاقوں میں مون سون کا شدید سلسلہ داخل ہونے والا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ سندھ، جنوبی پنجاب، جنوبی اور شمال مشرقی بلوچستان میں منگل سے جمعے تک وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آج رات سے جمعے تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

بارش کے نئے سلسلے کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ شدید بارشیں کراچی، حیدر آباد، ٹنڈو جام، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہیدبینظیرآباد، دادو، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، سکھر، راولپنڈی، اسلام آباد، بہاولپور، ملتان، لاہور اور گوجرانوالا میں سیلاب کا باعث بن سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، زیارت، ہرنائی، پشین، لورالائی، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، موسیٰ خیل، ژوب، شیرانی، سبی، نصیرآباد، بولان، آواران، قلات، خضدار، لسبیلہ، ڈیرہ اسمٰعیل خان کے پہاڑی علاقوں، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقامی نالوں، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، کرک، لکی مروت، بنوں اور کشمیر میں بدھ سے جمعے تک سیلاب کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: بارش سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی مشکلات برقرار، مزید 10 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارشوں سے کشمیر، خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلیات، مری، چلاس، دیامر، گلگت، ہنزہ، استور، غذر اور اسکردو میں اس دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

سیاحوں اور مسافروں کو مزید بتایا گیا کہ اس دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024