• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’گیم آف تھرونز‘ کی پری سیکوئل سیریز’ہاؤس آف ڈریگن‘ ریلیز

شائع August 23, 2022
سیریز کی پہلی قسط کو 21 اگست کو ریلیز کیا گیا—پرومو فوٹو
سیریز کی پہلی قسط کو 21 اگست کو ریلیز کیا گیا—پرومو فوٹو

امریکی چینل ایچ بی او نے شائقین کا انتظار ختم کرتے ہوئے شہرہ آفاق سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کی پری سیکوئل سیریز ’ہاؤس آف ڈریگن‘ ریلیز کردی۔

’ہاؤس آف ڈریگن‘ کو 21 اگست کو ریلیز کیا گیا اور اسے ریلیز کیے جانے کے کچھ منٹس بعد ایچ بی او میکس کی ایپلی کیشن ہی کریش کر گئی۔

امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کے مطابق ہاؤس آف ڈریگن سیریز کو ریلیز کیے جانے کے چند منٹ بعد ہی آن لائن اسٹریمنگ کی ایپلی کیشن کریش کر گئی اور ہزاروں لوگ سیریز دیکھنے سے محروم رہے۔

اخبار نے ’ڈاؤن ڈٹیکٹر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں امریکا سے تعلق رکھنے والے ہزاروں صارفین نے ایچ بی او میکس کی ایپلی کیشن ڈاؤن ہونے کی شکایت کی۔

صارفین کی جانب سے ایپلی کیشن کریش ہونے کی شکایت کے بعد کمپنی کی ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ بعض صارفین کو ایپلی کیشن چلانے میں مشکلات درپیش ہیں۔

کمپنی کے مطابق ایپلی کیشن تک رسائی میں مشکلات ان افراد کو پیش آ رہی ہیں جو ایپلی کیشن کو بڑے پردوں سے کنیکٹ کرکے ’ہاؤس آف ڈریگن‘ دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ایچ بی او نے بتایا کہ ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کو پہلے ہی دن ایک کروڑ صارفین نے دیکھا، جس سے سیریز ایچ بی او پر پہلے دن سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بن گئی۔

پری سیکوئل سیریز ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کی کہانی ’گیم آف تھرونز‘ کی کہانی سے 200 سال قبل شروع ہوتی ہے۔

پری سیکوئل سیریز میں شہرہ آفاق ’گیم آف تھرونز‘ کی طرح بادشاہوں کے درمیان جھگڑے، آگ، جنگ اور سازشوں کی کہانی کو دکھایا گیا ہے۔

اس کے ٹیزر میں میٹ سمتھ کو بادشاہ کے روپ میں دکھایا گیا تھا جب کہ دیگر کاسٹ میں پیڈی کونسیڈائن، سونویا مزینو، اسٹیو ٹوسینٹ، ریس افانس اور اولیویا کک بھی شامل ہیں۔

ایچ بی او کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کے کتنے سیزن ہوں گے اور ہر سیزن کتنی قسطوں پر مشتمل ہوگا، تاہم اطلاعات ہیں کہ ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کے بھی کم از کم تین سیزن ہوں گے اور سیریز کے پہلے سیزن میں 10 قسطیں شامل ہوں گی۔

پری سیکوئل کی کہانی بھی جارج آر آر ماٹن نے لکھی ہے اور اس سیریز کی کہانی ’گیم آف تھرونز‘ ڈرامے کی کہانی سے 200 سال قبل شروع ہوتی ہے۔

پری سیکوئل سیریز کی کہانی جارج آر آر مارٹن کے ناول ’فائر اینڈ بلڈ‘ سے لی گئی ہے جو گیم آف تھرونز کے ناول ‘اے سانگ آف آئس اینڈ فائر’ کا پری سیکوئل ہے۔

پری سیکوئل سیریز یا ’اسپن آف‘ سیریز میں ڈرامے یا فلم کی کہانی کا آغاز دکھایا جاتا ہے۔

پری سیکوئل میں شائقین کو دکھایا جاتا ہے کہ اب تک جو انہوں نے ڈراما یا فلم دیکھی وہ دراصل مکمل کہانی نہیں تھی بلکہ اس ڈرامے یا فلم کی اصل کہانی کا آغاز یہاں سے ہوا تھا۔

خیال رہے کہ شہرہ آفاق ڈراما سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کا آغاز 2011 میں ہوا تھا، اس کا دوسرا سیزن 2012، تیسرا 2013، چوتھا 2014، پانچواں 2015، چھٹا 2016، ساتواں 2017 اور آٹھواں 2019 میں جاری کیا گیا تھا۔

ڈرامے کے پہلے 6 سیزن ہر سال جون میں ریلیز کیے جاتے رہے تاہم ساتواں سیزن اگست 2017 اور آٹھواں یعنی آخری سیزن 2 سال کے وقفے کے بعد مئی 2019 میں جاری کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024