• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ایشیا کپ کیلئے شاہین کی جگہ حسنین پاکستان ٹیم میں شامل

شائع August 22, 2022
مشکوک باؤلنگ ایکشن سے کلیئر ہونے کے بعد حسنین پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے — فائل فوٹو: اے ایف پی
مشکوک باؤلنگ ایکشن سے کلیئر ہونے کے بعد حسنین پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انجری کا شکار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ محمد حسنین کو ایشیا کپ کے لیے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔

ایشیا کپ رواں ماہ 27 اگست سے 11 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں: قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، شاہین آفریدی ایشیا کپ سے باہر

پی سی بی نے بیان میں کہا کہ 22 سالہ نوجوان نے 18 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے جس میں وہ اب تک 17 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

اس سلسلے میں بتایا گیا کہ حسنین انگلینڈ سے براہ راست ٹیم میں شامل ہوں گے جہاں وہ دی ہنڈریڈ مقابلے میں اوول انوینسیبلز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مشکوک باؤلنگ ایکشن سے کلیئر ہونے کے بعد حسنین پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری کی وجہ سے ایشیا کپ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ہوم سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔

پی سی بی کی میڈیکل ٹیم نے باؤلر کو چار سے چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا اور توقع ہے کہ باؤلر اکتوبر میں ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تیسرے ون ڈے میں بھی فتح: پاکستان کا نیدرلینڈز کےخلاف کلین سوئپ

آج پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید بتایا گیا کہ آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر منگل کی صبح دبئی روانہ ہوں گے۔

بورڈ نے کہا کہ یہ کھلاڑی عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود کی جگہ لیں گے جو نیدرلینڈز کے خلاف 16 رکنی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ تھے۔

پاکستان 28 اگست کو دبئی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے اپنی ایشیا کپ 2022 کی مہم کا آغاز کرے گا جبکہ اس کا دوسرا گروپ میچ 2 ستمبر کو شارجہ میں کوالیفائر (یو اے ای، کویت، سنگاپور یا ہانگ کانگ) میں سے کسی ایک سے ہوگا۔

ایشیا کپ کے سپر فور میچز 3 سے 9 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد حسنین کا ایکشن قانونی قرار، باؤلنگ کی اجازت مل گئی

ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

اسکواڈ: بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، محمد حسنین، شاہنواز دہانی اور عثمان قادر۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024