• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فیصل آباد میں ایل پی جی سیلنڈر کی قیمت پر تنازع، رکشا ڈرائیور کو زندہ جلا دیا گیا

شائع August 22, 2022
پولیس نے رکشا ڈرائیور کو جلانے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا— فائل فوٹو: ڈان نیوز
پولیس نے رکشا ڈرائیور کو جلانے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا— فائل فوٹو: ڈان نیوز

فیصل آباد کی غلام محمد آباد پولیس نے ایل پی جی سیلنڈر کی قیمت کے تنازع پر رکشا ڈرائیور کو زندہ جلانے کے الزام میں دو بھائیوں اور ان کے بیٹے سمیت تین افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رضا آباد کے علاقے کے شکایت کنندہ حاجی محمد رفیق نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302، 336 اور 34 کے تحت درج ایف آئی آر میں بتایا کہ اس کے بیٹے عبدالجبار اور امان علی آدم چوک پر ایک دکان پر اپنے رکشے کا ایل پی جی سلنڈر بدلنے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: سیالکوٹ: گھریلو جھگڑے پر بیوی کو زندہ جلادیا گیا

انہوں نے بتایا کہ دکان پر ان کے بیٹے جبار کا ڈیلر عابد حسین سے سیلنڈر کی قیمت پر جھگڑا ہوا، جھگڑے کے دوران عابد، اس کے بیٹے عبداللہ اور بھائی شاہد نے جبار کو زمین پر گرایا اور اس پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان نے کسی کو ان کے بیٹے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی، جس کی وجہ سے وہ شدید جھلس گیا۔

بالآخر کچھ مقامی لوگوں نے جبار کو بچا کر گورنمنٹ جنرل ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے الائیڈ ہسپتال کے برنز یونٹ میں بھیج دیا لیکن وہ وہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔

پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

معمولی جھگڑے پر نوجوان قتل

فیصل آباد کے گاؤں چک جے بی-117، دھنولا میں اتوار کو معمولی جھگڑے نے نوجوان کی جان لے لی جبکہ اس کے دو بھائی شدید زخمی ہو گئے۔

فیصل آباد کی ملت ٹاؤن پولیس کی جانب سے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302، 324، 148 اور 149 کے تحت درج ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ رانا بشیر احمد نے بتایا کہ اس کے تین بیٹے گاؤں کے باہر ایک گراؤنڈ میں فٹ بال میچ دیکھ رہے تھے جب ان میں سے ایک دانش علی کا مرکزی ملزم عبدالرحمٰن کے ساتھ سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا جہاں ایک دن قبل بھی اس نے دانش سے جھگڑا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سرگودھا:گھریلو جھگڑے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد قتل

انہوں نے کہا کہ عبدالرحمٰن نے مبینہ طور پر دانش پر چاقو سے حملہ کیا جب کہ اس کے آٹھ ساتھیوں نے چاقو سے دوسرے بیٹوں صلاح الدین اور علی رضا پر حملہ کیا۔

اس کے نتیجے میں اس کے تینوں بیٹے شدید زخمی ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمی بھائیوں کو الائیڈ ہسپتال لے جایا گیا جہاں دانش زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ دیگر دو کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024