• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاک فوج کی گاڑی کو حادثہ، 9 جوان شہید اور 4 زخمی، آئی ایس پی آر

شائع August 21, 2022 اپ ڈیٹ August 22, 2022
— فوٹو: آئی ایس پی آر
— فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج کی گاڑی شجاع آباد میں معمول کی فوجی ڈیوٹی کے دوران نہر میں گرنے سے 9 جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان آرمی کی ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا، آج صبح سویرے باغ کے علاقے شجاع آباد میں معمول کی فوجی ڈیوٹی کے دوران ایک نہر میں جاگری، جس کے نتیجے میں 9 فوجی جوان شہید جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی منتقل کردیا گیا، تمام شہدا کی نماز جنازہ منگلا گیریژن میں ادا کردی گئی، جس میں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت عسکری حکام نے شرکت کی۔

مزید بتایا گیا کہ شہدا کے جسد خاکی کو ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کیا جائے گا اور پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

فوجی اور پولیس ذرائع نے بتایا کہ ٹرک اتوار کی صبح باغ کے قصبے منگ بجری کی جانب جارہا تھا اور اپنی منزل سے تقریباً 12 کلومیٹر پہلے شجاع آباد کے قریب علی الصبح ساڑے 3 بجے ایک موڑ کاٹتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں پاک فوج کی گاڑی کو حادثہ، 4 اہلکار شہید

چوکی کے انچارج محمد الطاف نے بتایا کہ ٹرک فوجی قافلے کا حصہ تھا لیکن دوسری گاڑیوں سے آگے تھا اور شجاع آباد پولیس چوکی کے کچھ ہی فاصلے کے بعد سڑک پر حادثے کا شکار ہوا۔

گاڑی کے گرنے سے ہونے والے دھماکے اور زخمی فوجیوں کی چیخ و پکار سن کر قریبی رہائشی موبائل فون اور لالٹینوں کی روشنی میں جائے وقوع پہنچے اور انتہائی مشکل حالات میں امدادی کام انجام دینے لگے۔

اس دوران قافلے کی باقی گاڑیاں اور چوکی سے پولیس اہلکار بھی ان کا ساتھ دینے کے لیے جائے وقوع پر پہنچ گئے۔

مزید پڑھیں: سیاچن میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پاک فوج کے دو میجر شہید

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے فوری طور پر باغ اور راولاکوٹ میں پولیس کنٹرول رومز کو مطلع کیا تاکہ تمام متعلقہ افراد کو الرٹ کیا جائے اور ایمبولینسوں کو جائے حادثہ پر روانہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں تمام زخمی فوجیوں کو شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال، جسے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال راولاکوٹ بھی کہا جاتا ہے، منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کانگو میں ہیلی کاپٹر حادثہ، پاک فوج کے افسران سمیت 6 جوان شہید، آئی ایس پی آر

فوجی جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ باغ میں گاڑی کے حادثے میں 9 فوجی جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ شہدا کے درجات بلند اور سوگوران کوصبرِ جمیل عطا کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی بقا کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے جوانوں اور ان کے باحوصلہ اہلِ خانہ کو مجھ سمیت پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

دریں اثنا ٹوئٹر پر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اپنی ٹوئٹ میں اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انتہائی مشکل اور ناہموار علاقوں میں اپنی ڈیوٹی کے دوران اس المناک حادثے کا سامنا کیا، ایک ایسا فرض جو ہمیں اپنے گھروں میں محفوظ محسوس کراتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ فوجی جوانوں کی شہادت قبول فرمائے اور ان کے زخمی ساتھیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024