• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ماضی کی معروف گلوکارہ نیّرہ نور انتقال کر گئیں

شائع August 21, 2022 اپ ڈیٹ September 2, 2022
ان کی خوبصورت اور مترنم آواز کی وجہ سے انہیں بلبل پاکستان کا خطاب بھی دیا گیا تھا—تصویر: ڈان اخبار
ان کی خوبصورت اور مترنم آواز کی وجہ سے انہیں بلبل پاکستان کا خطاب بھی دیا گیا تھا—تصویر: ڈان اخبار

ماضی کی معروف گلوکارہ نیّرہ نور کراچی میں 71 سال کی عمر میں انتقال کر گیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کے اہل خانہ اور دوست احباب نے بتایا کہ نیّرہ نور کا ہفتہ کو مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا تاہم ان کی بیماری کی نوعیت فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی۔

1950 میں بھارتی ریاست آسام میں پیدا ہونے والی نیّرہ نور 50 کی دہائی کے آخر میں اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان آئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘بُلبُل مہران’ روبینہ قریشی انتقال کر گئیں

سروں کی دلداد نیّرہ نے بہت کم عمری میں ہی موسیقی سیکھنا شروع کردی اور 1968 میں ریڈیو پاکستان پر انہیں پہلا بریک ملا جس کے 3 سال بعد وہ پی ٹی وی میں متعارف ہوئیں۔

انہوں نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران کئی ایوارڈز اور تعریفیں سمیٹیں، ساتھ ہی صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی بھی وصول کیا۔

ان کی خوبصورت اور مترنم آواز کی وجہ سے انہیں بلبل پاکستان کا خطاب بھی دیا گیا تھا۔

ان کے پسماندگان میں شوہر شہریار زیدی اور دو بیٹے علی اور جعفر شامل ہیں۔

جیو نیوز سے وابستہ نیوز کاسٹر اور ان کے بھتیجے رضا زیدی نے ان کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ 'میں بہت افسردہ دل کے ساتھ اپنی پیاری تائی نیّرہ نور کی وفات کا اعلان کررہا ہوں'۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی سریلی آواز کی وجہ سے انہیں بلبل پاکستان کا خطاب دیا گیا تھا۔

انہوں نے اپنے منفرد اندار میں کئی مشہور گیت، غزلیں اور ملی نغمے گائے جن میں اس پرچم کے سائے تلے، وطن کی مٹی گواہ رہنا، اے جذبہ دل گر میں چاہوں، کبھی ہم خوبصورت تھے، سرِ فہرست ہیں۔

اظہار تعزیت

وزیراعظم شہباز شریف نے نامور گلوکارہ نیّرہ نور کے انتقال پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان کا انتقال موسیقی کی دنیا کے لیے ایک نا قابل تلافی نقصان ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی آواز میں ترنم اور سوز کی وجہ سے خاص پہچان رکھتی تھیں،غزل ہو یا گیت جو بھی انہوں نے گایا کمال گایا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیّرہ کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہوگا۔ اللہ تعالی مرحومہ کو جنت میں جگہ دے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نیّرہ نور کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیرہ نور کی وفات سے پاکستانی موسیقی کا ایک عہد تمام ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ خبر سن کر بے حد دکھ اور افسوس ہوا، سریلی آواز، گائیکی کا منفرد انداز اور عمدہ کلام کا انتخاب ناقابل فراموش ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024