• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

سندھ کے مختلف علاقوں میں 23 اگست سے مزید 3 دن بارش کا امکان

شائع August 20, 2022
محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 25 اگست تک جاری رہ سکتا ہے—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 25 اگست تک جاری رہ سکتا ہے—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے ہفتے سے سندھ کے مختلف علاقوں میں مون سون کا 3 روزہ ایک اور سلسلہ شروع ہوگا اور صوبے کے متعدد شہروں میں موسلادھار اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

پی ایم ڈی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت شدت کا مقام مشرقی بھارت ہے جہاں سے ممکنہ طور 23 اگست کو سندھ کی طرف بڑھے گا اور اس کے اثرات کے تحت صوبے کے متعدد شہروں میں 25 اگست تک ہلکی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: بارش سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی مشکلات برقرار، مزید 10 افراد جاں بحق

بیان میں خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس دوران موسلادھار بارش سے پہلے ہی متاثرہ علاقوں دادو، نوشہروفیروز، قمبرشہداد کوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہید بینظیرآباد، گھوٹکی، شکارپور اور کشمور کے اضلاع میں صورت حال خراب ہوسکتی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ بلوچستان کے علاقوں خضدار، لسبیلہ اور حب کے اضلاع اور سلسلہ کیرتھر میں مسلسل موسلادھار بارش سے حب ڈیم، تھڈو ڈیم اور ملحقہ نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسی طرح کم دباؤ والا علاقہ صوبے میں موجودہ بارش کا باعث بنا ہوا ہے اور یہ بلوچستان میں موجود دباؤ سے ملنے کے بعد کمزور ہوچکا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ اسی کے نتیجے میں حالیہ دنوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں کی شدت میں کمی کا امکان تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی سسٹم کے زیر اثر شہید بینظیر آباد، نوشہروفیروز، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، کشمور، شکار پور، جیکب آباد، دادو، جام شورو اور قمبر شہداد کوٹ کے اضلاع میں کل تک کسی حد تک تیز بارش جاری رہ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ملیر ندی میں کار بہہ جانے سے بچہ جاں بحق، 6 لاپتا افراد کی تلاش جاری

بیان میں بتایا کہ موجودہ موسمی حالات کی وجہ سے تھرپارکر، عمرکورٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار ، حیدرآباد، مٹھیاری، ٹھٹہ اور سجاول کے اضلاع میں ہلکی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں جاری بارش کا سلسلہ 22 اگست تک برقرار رہ سکتا ہے اور دادو، جامشورو اور قمبرشہداد کوٹ کے اضلاع میں سیلاب اور بہاؤ کا خطرہ ہوسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024