بھارت سے پرامن تعلقات اور مسئلہ کشمیر کے حل کے خواہاں ہیں، وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ پرامن تعلقات اور مسئلہ کشمیر کے حل کا خواہاں ہے اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں آسٹریلیا کے نئے ہائی کمشنر نیل ہاکنز سے ملاقات کے دوران کیا۔
مزید پڑھیں: تعلقات کی بہتری کے لیے پاکستان اور بھارت دنیا سے کیا سبق سیکھ سکتے ہیں؟
بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ مساوات، انصاف اور باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی پرامن تعلقات کا خواہاں ہے، اس تناظر میں تنازع جموں و کشمیر کا اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اس سلسلے میں سہولت کار کا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ یہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔
شہباز شریف نے افغانستان کی صورت حال کے تناظر میں بالخصوص گزشتہ سال اگست سے اب تک بین الاقوامی برادری کے ساتھ پاکستان کی جانب سے کیے گئے تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کے ساتھ تعلقات کی پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی، دفتر خارجہ کی بلاول بھٹو کے بیان پر وضاحت
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور افغانستان سے اپنے شہریوں اور دیگر افراد کے محفوظ انخلا میں پاکستان کے سہولت کار کے کردار پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے وزیر اعظم کی جانب سے استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید وسیع تر اور متنوع بنانے کا عزم ظاہر کیا۔