• KHI: Maghrib 6:00pm Isha 7:21pm
  • LHR: Maghrib 5:17pm Isha 6:43pm
  • ISB: Maghrib 5:17pm Isha 6:45pm
  • KHI: Maghrib 6:00pm Isha 7:21pm
  • LHR: Maghrib 5:17pm Isha 6:43pm
  • ISB: Maghrib 5:17pm Isha 6:45pm

’لال سنگھ چڈھا‘ عامر خان کی 20 سال کی ناکام ترین فلم قرار

شائع August 17, 2022
فلم 11 اگست کو ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ
فلم 11 اگست کو ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ

یوں تو بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان سمیت دیگر خانز کی فلموں کو گزشتہ چند سال سے ناکامی کا سامنا رہا ہے، تاہم اب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ عامر خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ان کی گزشتہ 20 سال کی ناکام ترین فلم ثابت ہوئی ہے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق ’لال سنگھ چڈھا‘ کو 11 اگست کو ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے 16 اگست تک محض 46 کروڑ روپے کمائے تھے اور گزشتہ 6 دن کے دوران یومیہ اس کی کمائی میں ایک سے دو کروڑ روپے کم کمائی ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ایک ہفتے کی کمائی عامر خان کی 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی ایک دن کی کمائی سے بھی 30 کروڑ روپے کم ہے۔

’ٹھگس آف ہندوستان‘ نے پہلے دن ہی 75 کروڑ کمائے تھے، علاوہ ازیں ’لال سنگھ چڈھا‘ کو عامر خان کی گزشتہ بیس سال کے دوران ریلیز ہونے والی تمام فلموں سے ناکام فلم قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انتہاپسند ہندوؤں کے احتجاج کے باوجود ’لال سنگھ چڈھا‘ریلیز

اخبار کے مطابق عامر خان کی آخری ناکام ترین فلم ’میلا‘ تھی، جسے 2000 میں ریلیز کیا گیا تھا مگر ’لال سنگھ چڈھا‘ اس سے بھی ناکام ترین فلم بن گئی۔

اسی حوالے سے ’انڈین ایکسپریس‘ نے بتایا کہ عامر خان کی فلم کا بھارت بھر میں بائیکاٹ جاری ہے، جس وجہ سے اس کے 80 فیصد شوز نہیں دکھائے جا رہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگر یہی سلسلہ مزید کچھ دن تک چلا تو عامر خان کی فلم کو سینماؤں سے اتار دیا جائے گا اور اگر ایسا ہوا تو جدید تاریخ میں ’لال سنگھ چڈھا‘ کسی بڑے ہیرو کی پہلی فلم ہوگی جو انتہائی کم وقت تک سینماؤں میں دکھائی جائے گی۔

عامر خان کی اسی فلم کی ریلیز سے قبل ہی انتہاپسند ہندوؤں نے ان کے خلاف اس وقت مظاہرے شروع کیے تھے جب کہ ان کی 2015 کی ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ انٹرویو کے دوران بتاتے سنائی دیے تھے کہ انہیں ان کی بیوی کرن راؤ کہتی رہتی ہیں کہ چلیں بھارت چھوڑ کر بیرون ملک چلے جاتے ہیں، یہاں تنگ نظری بڑھ چکی ہے۔

علاوہ ازیں جب ان کی فلم ریلیز ہوئی تو ایک وکیل نے ممبئی پولیس میں ان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی درخواست بھی دائر کی، جس میں انہوں نے عامر خان پر ہندوؤں اور بھارتی فوج کے جذبات مجروح کرنے کا الزام لگایا تھا۔

مزید پڑھیں: طویل انتظار کے بعد عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کا ٹریلر ریلیز

وکیل کے مطابق فلم میں ذہنی مسائل کے شکار عامر خان کو بھارتی فوجی کے طور پر دکھایا گیا ہے، جسے جنگ کے لیے کارگل بھیجا جاتا ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ اسی طرح ایک سین میں دکھایا گیا ہے کہ کارگل پر عامر خان کو ایک پاکستانی فوج کہتا ہے کہ وہ نماز پڑھنے جا رہے ہیں اور وہ بھی اپنی عبادت کریں، جس پر عامر خان انہیں جواب دیتے ہیں کہ انہیں ان کی والدہ کہتی رہتی ہیں کہ پوجا پاٹھ بیماریاں ہوتی ہیں۔

ایسے معاملات کی وجہ سے عامر خان کے خلاف بھارت بھر میں مظاہرے بھی جاری ہیں اور لوگ ان کی فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔

رپورٹس ہیں کہ ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ پر 150 کروڑ روپے کے اخراجات آئے اور اگر فلم نے اس سے دگنی کمائی نہیں کی تو عامر خان اور دوسرے پروڈیوسرز کو نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

’لال سنگھ چڈھا‘ کو عامر خان اور ان کی سابق اہلیہ کرن راؤ سمیت ویاکوم 18 کے علاوہ دیگر پروڈکشن ہاؤسز نے پروڈیوس کیا ہے۔

’لال سنگھ چڈھا‘ ہولی وڈ کی 1994 کی کلاسک فلم ’فارسٹ گمپ‘ کا ہندی ریمیک ہے، جس میں ٹام ہینکس نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

’لال سنگھ چڈھا‘ میں ٹام ہینکس کا کردار عامر خان نے ادا کیا ہے جب کہ کرینہ کپور نے ان کے پیار کا کردار ادا کیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم میں عامر خان کی والدہ کا کردار ان سے 17 سال کم عمر اداکارہ مونا سنگھ نے ادا کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025