• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’فاطمہ جناح‘ پر بنی سیریز آئندہ برس ریلیز ہوگی

شائع August 17, 2022
ٹریلر میں فاطمہ جناح کی زندگی کے تمام حصے دکھائے گئے ہیں—اسکرین شاٹ
ٹریلر میں فاطمہ جناح کی زندگی کے تمام حصے دکھائے گئے ہیں—اسکرین شاٹ

’مادر ملت‘ فاطمہ جناح کی زندگی پر بنائی جانے والی سیریل کا مفصل تقریباً 15 منٹ دورانیے کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ برس ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ ’فاطمہ جناح‘ نامی بنائی گئی سیریز کو یوم آزادی کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم اب اس کا مفصل خاکہ جاری کرتےہوئے اسے 2023 میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

جاری کیے گئے مفصل ٹریلر میں فاطمہ جناح کے قیام پاکستان سے قبل، قیام پاکستان کے وقت اور قیام پاکستان کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

ٹریلر میں فاطمہ جناح کے لڑکپن اور جوانی کا کردار سندس فرحان جب کہ ان کی ادھیڑ عمری کا کردار سجل علی اور زائد العمری کا کردار سامعہ ممتاز کو ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں سوشل میڈیا سے اداکاری کے میدان میں آنے والی دنانیر مبین کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے، جنہوں نے ’انیتا پونا والا‘ نامی صحافی کا کردار ادا کیا ہے۔

مفصل ٹریلر میں فاطمہ جناح کے سیکریٹری جوزف کا کردار بھی دکھایا گیا ہے، جسے عمر عبداللہ نے ادا کیا ہے۔

کے ٹریلر میں قیام پاکستان کے وقت ہونے والی قتل و غارت گری کو بھی دکھایا گیا ہے اور ٹرین میں بچوں، خواتین اور مرد حضرات کی لاشوں کے دل ہلا دینے والے مناظر بھی دکھائی گئے ہیں۔

ٹریلر میں قیام پاکستان کے بعد فاطمہ جناح کو صدارتی انتخابات کے امیدوار کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ سیریز میں کئی کردار ہوں گے اور اس میں اس وقت کے سیاسی و مذہبی حالات بھی دکھائے جائیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

’فاطمہ جناح‘ کے حوالے سے اس کے ہدایت کار دانیال کے افضال نے بتایا تھا کہ مذکورہ ویب سیریز کی کہانی فاطمہ جناح کی زندگی پر مشتمل ہے، تاہم اس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے سیاسی حالات اور فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی بھی دکھائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ تین سیزنز پر مشتمل سیریز کا ہر سیزن 15 اقساط پر مشتمل ہوگا اور پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی دکھائی جائے گی، جس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے حالات بھی دکھائے جائیں گے۔

ان کے مطابق پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کے بچپن اور جوانی کا کردار اداکارہ سندس فرحان ادا کریں گی جب کہ دوسرے سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا روپ دھاریں گی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ سیریز کے دوسرے سیزن میں تحریک آزادی، تقسیم برصغیر اور قیام پاکستان کے واقعات دکھائے جائیں گے اور اس سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا کردار ادا کریں گی جب کہ تیسرے سیزن میں سامعہ ممتاز فاطمہ جناح کا روپ دھاریں گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر سیریز کو کسی ٹی وی چینل پر سیریل کے حساب سے نشر کیا جائے گا، تاہم اگر ایسا نہ ہوسکا تو اسے آن لائن پیش کیا جائے گا۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ’فاطمہ جناح‘ کو آئندہ سال ٹی وی پر نشر کیا جائے گا یا پھر اسے آن لائن ریلیز کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024