• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بین الاقوامی مسافروں کیلئے کرنسی، جیولری کا ڈیکلیئریشن فارم جمع کرانا لازمی قرار

شائع August 17, 2022
ایئر لائنز کا عملہ پروازوں کے دوران کسٹم کے ڈکلیئریشن فارم تمام مسافروں میں تقسیم کرے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی
ایئر لائنز کا عملہ پروازوں کے دوران کسٹم کے ڈکلیئریشن فارم تمام مسافروں میں تقسیم کرے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حکومت کی ہدایات کی روشنی میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے معیارات پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے جس کے تحت بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے آنے اور جانے والے تمام مسافروں کو اپنی کرنسی، سونے کے زیورات، قیمتی پتھر اور ممنوعہ سامان جیسے منشیات، ہتھیار، سیٹیلائٹ فون وغیرہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کسٹم کا ڈیکلئیریشن فارم جمع کرانا لازمی ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کسٹمز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اپنا عملہ تعینات کرے تاکہ بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے ملک میں آنے اور جانے والے مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

ایئر لائنز کا عملہ پروازوں کے دوران کسٹم کے ڈیکلیئریشن فارم تمام مسافروں میں تقسیم کرے گا، چاہے ان کی قومیت کچھ بھی ہو۔

ڈیکلیئریشن فارم تمام ہوائی اڈوں پر امیگریشن ڈیسک کے سامنے کسٹم کاؤنٹرز پر جمع کرائے جائیں گے۔

بیرون ملک جانے والی پروازوں کے لیے ایئر لائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے عملے اور ٹریول ایجنٹس سے کہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ ٹکٹوں کی بکنگ کے وقت مسافروں کو کسٹم ڈیکلیئریشن کی کاپی فراہم کریں۔

پاکستان سول ایوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان سے آنے اور جانے والے تمام بین الاقوامی مسافروں کو کسٹمز کا ڈیکلیئریشن فارم بھرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کو بورڈنگ پاسز کا اجرا کسٹمز کے ڈیکلیئریشن فارم جمع کرانے سے مشروط ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بیرون ملک سے پاکستان آنے والے تمام مسافر پاکستان کے ہوائی اڈوں پر کسٹم ڈکلیئریشن فارم بھی بھریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والی پروازوں کے دوران فلائٹ کا عملہ مسافروں کو کرنسی اور کسٹمز کے ڈیکلیئریشن فارمز کی تفصیلات سے آگاہ کرے گا تاکہ ان کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

ڈیکلیئریشن کی تفصیلات امیگریشن سے پہلے تمام انٹرنیشنل ارائیولز لاؤنج ڈیسک پر کسٹم کاؤنٹرز پر فراہم کی جانی چاہئیں۔

پاکستان کسٹمز کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام ہوائی اڈوں کے چیک ان ہالز کے اندر موجود سہولت کاؤنٹرز پر مسافروں کی نگرانی اور مدد کے لیے ایئر لائنز کے عملے کے ساتھ اپنے عملے کو تعینات کرے۔

سول ایوی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان سول ایوی ایشن ایف اے ٹی ایف کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کسٹمز اور ایئر لائنز کو مکمل تعاون، جگہ اور کاؤنٹرز فراہم کرے گا۔

اسسٹنٹ کلکٹر کسٹم، کسٹم ہاؤس، ڈرائی پورٹ، پی آئی اے، فلائی دبئی، ایئر عربیہ اور گلف ایئر کے اسٹیشن منیجرز کو بھی حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024