• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

کراچی آنے والی 2 بسیں حادثے کا شکار، 28 مسافر جاں بحق

شائع August 16, 2022
موٹر وے پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ گزشتہ رات 2:30 بجے کے قریب پیش آیا — فوٹو: ٹوئٹر/کمشنر ملتان
موٹر وے پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ گزشتہ رات 2:30 بجے کے قریب پیش آیا — فوٹو: ٹوئٹر/کمشنر ملتان
موٹروے پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ گزشتہ رات 2:30 بجے کے قریب پیش آیا — فوٹو: ڈان نیوز
موٹروے پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ گزشتہ رات 2:30 بجے کے قریب پیش آیا — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی آنے والی 2 مسافر بسوں کو پیش آنے والے 2 علیحدہ علیحدہ حادثات میں 28 افراد جاں بحق اور 26 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پہلے حادثے میں ملتان-سکھر موٹروے (ایم-5) پر ایک مسافر بس کے آئل ٹینکر سے تصادم کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

ملتان کے ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پر جلال پور پیر والا انٹرچینج پر لاہور سے کراچی جانے والی مسافر بس ایک آئل ٹینکر سے عقب سے جاٹکرائی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور 20 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

مزید پڑھیں: کراچی: بس اورآئل ٹینکرمیں تصادم،62 ہلاک

انہوں نے مزید بتایا کہ شدید زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ نشتر ہسپتال اور جلال پور کے طبی مراکز میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

بعد ازاں کمشنر ملتان عامر خٹک نے بھی ایک ٹوئٹ میں اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا۔

ان کی جانب سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں بس اور آئل ٹینکر مکمل طور پر جل گئے۔

دریں اثنا ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو اور سی پی او خرم شہزاد حیدر نے نشتر ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے حادثے کے زخمیوں کی بھرپور کفالت کی ہدایت کی ہے جبکہ جاں بحق مسافروں کی شناخت اور ان کے لواحقین کی تلاش شروع کردی گئی ہے، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ تصادم کے نتیجے میں بس اور آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی، ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بس اور آئل ٹینکر میں ہولناک تصادم، 50 ہلاک

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے موٹروے پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ گزشتہ رات 2:30 بجے کے قریب پیش آیا۔

ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ آئل ٹینکر میں ہزاروں لیٹر پیٹرول موجود تھا، بظاہر حادثے کی وجہ دورانِ سفر بس ڈرائیور کا سو جانا تھا۔

زخمیوں میں رضا شہزاد ولد سہیل شہزاد، رئیس ولد ابراہیم، شعیب ولد غلام محمد، عرفان ولد محمد شبیر، فریحہ شاہ زوجہ شاہد بھٹی اور ماہین دختر شاہد بھٹی شامل ہیں، تاہم جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔

سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب محمداقبال نے موٹروے پر ہونےوالے ٹریفک حادثے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو مفت اوربہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

روہڑی کے قریب مسافر کوچ کو حادثہ، 8 افراد جاں بحق، 20 زخمی

دریں اثنا ایک اور حادثے میں روہڑی کےقریب تیز رفتار کوچ الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

موٹروے پر پیالہ ہوٹل کے قریب واقع انٹر چینج کے مقام پر سوات سے کراچی کی جانب جانے والی ایک تیزر رفتار مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور کے قابو سے نکل کر الٹ گئی اور کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں کوچ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

ایدھی سینٹر سکھر کے انچارج عرس مگسی اور گل مہر کے مطابق حادثے میں کوچ میں سوار 4 خواتین اور 2 بچوں سمیت 8 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع پر ایدھی سمیت دیگر ریسکیو کے ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے متوفیان کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر روہڑی ہسپتال پہنچایا جہاں پر حادثے کی اطلاع پر پہلے ہی ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔

زخمیوں میں سے متعدد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

کوچ کے مکمل طور پر تباہ ہونے اور اس کے نیچے مسافروں کے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر پاک فوج کے جوان بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے کرینوں کی مدد سے کوچ کے ملبے کو ہٹا کر ریسکیو کے آپریشن کو مکمل کیا۔

اظہارِ تعزیت

صدر ملک ڈاکٹر عارف علوی نے ایم-5 موٹروے پر حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے لیے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبر اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔

صدر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

صدر کی جانب سے جاری ہدایات میں مزید کہا گیا کہ ’ایسے حادثات سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں، حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد اور ٹریفک قوانین کی پاسداری ایسے حادثات سے بچنے کے لیے انتہائی اہم ہے‘۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جلال پور پیر والا انٹر چینج پر ہونے والا آئل ٹینکر کا حادثہ نہایت ہی افسوناک ہے، حادثے میں 20 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں‘۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’میری دعائیں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے‘۔

ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے بھی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس المناک حادثے پر ہر آنکھ اشکبار ہے، پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کمشنر ملتان سے المناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ہر پہلو سے انکوائری کرکے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

تبصرے (1) بند ہیں

ندیم احمد Aug 16, 2022 09:01am
ریلوے کے پروجیکٹ ML1 میں تاخیر کا خمیازہ عام عوام برداشت کر رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024