• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی سمیت سندھ بھر میں 16 اگست سے مزید بارشوں کی پیشگوئی

شائع August 14, 2022
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا کا کم دباؤ 16 اگست سے سندھ میں داخل ہوگا — فائل فوٹو: اظہر خان
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا کا کم دباؤ 16 اگست سے سندھ میں داخل ہوگا — فائل فوٹو: اظہر خان

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 16 اگست سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا کا کم دباؤ 16 اگست سے سندھ میں داخل ہوگا۔

اس نئے موسمی نظام کے زیر اثر شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، دادو، جامشورو، قمبر شہداد کوٹ، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، مٹیاری، ٹھٹہ، سجاول اور سانگھڑ کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ آج اور کل چند مقامات پر ہلکی اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں بھی اس دوران ہلکی اور تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے ان اضلاع میں 16 سے 18 اگست کے درمیان بارشوں کا سلسلہ وسیع اور مزید شدید ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کا موسلا دھار بارشوں کے نئے سلسلے کا انتباہ

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں جن اضلاع کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے ان میں کراچی، حیدر آباد، بدین، ٹھٹہ، سجاول، عمر کوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، دادو، نوشہروفیروز، جامشورو، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ اور سکھر شامل ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ بلوچستان کے اضلاع خضدار، لسبیلہ اور حب میں مسلسل تیز بارشوں سے حب ڈیم، تھڈو ڈیم اور ندی نالوں پر اضافی دباؤ پیدا ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سمندر میں شدید طغیانی اتوار کی شام تک رہ سکتی ہے، لہٰذا گہرے سمندر میں جاتے ہوئے مزید احتیاط کریں۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے 11 اگست کو کہا تھا کہ مون سون کا موسم ابھی تھما نہیں ہے اور اگست میں ملک بھر میں شدید بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی ہے۔

مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں بدھ سے مزید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری انتباہ میں مزید کہا گیا تھا کہ موسلادھار بارش سے کراچی، ٹھٹہ، بدین، حیدر آباد، دادو، جامشورو، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص میں 11 سے 13 اگست تک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، شیرانی، سبی، بولان، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، تربت، پنجگور، پسنی، جیوانی، کوہاٹ، صوابی، نوشہرہ، مردان، پشاور، کرک، بنوں، ٹانک اور وزیرستان میں بھی سیلاب کا امکان ہے۔

اس سال مون سون کے موسم نے سندھ اور بلوچستان میں تباہی مچا دی ہے، وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ صوبوں میں بارشوں نے 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024