• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am

شمالی وزیرستان: لوئر دیر میں بارودی سرنگ کا دھماکا، پاک فوج کا جوان شہید

شائع August 14, 2022
دہشت گردوں کی کارروائیوں کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے بھی منہ توڑ جواب دینے کا سلسلہ جاری ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
دہشت گردوں کی کارروائیوں کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے بھی منہ توڑ جواب دینے کا سلسلہ جاری ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبر پختونخوا کے شمالی وزیرستان کے ضلع لوئر دیر میں پاک فوج کے ایک اور جوان نے جام شہادت نوش کیا جب کہ عسکریت پسندوں کے سیکیورٹی فورسز کے خلاف حملوں میں تیزی آگئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دوسری جانب، ایک اور واقعے میں شمالی وزیرستان میر علی کے گاؤں حیدر خیل میں ایک بم دھماکے میں 3 مبینہ عسکریت پسند ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ مبینہ دہشت گرد دیسی ساختہ بم نصب کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران زور دار دھماکہ اس وقت ہوا جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ، 4 جوان شہید

دھماکے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

لوئر دیر میں بارا بانڈہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی اہکار شہید ہوا، دھماکے میں دیگر دو افراد بھی زخمی ہوئے جن میں ایک سماجی کارکن بھی شامل ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ فوجی اہکار قدرتی چشمے سے پانی سپلائی کرنے والے کنکشن کی مرمت کے کام میں مصروف تھے کہ ان کے قریب دھماکا ہوا۔

شہید فوجی اہلکار کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی ہے جن کا آزاد کشمیر سے تھا جب کہ دھماکے میں زخمیوں کی شناخت سپاہی عدنان اور سماجی کارکن ریاست کے نام سے ہوئی۔

بعد ازاں، شہید سپاہی کی نماز جنازہ باراوال ہسپتال میں ادا کرنے کے بعد ان کے جسد خاکی کو دیر اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹر بالامبٹ لایا گیا جہاں ایک اور نماز جنازہ ادا کی گئی۔

مزید پڑھیں: ڈیرہ اسمٰعیل خان: سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شہید اہکار ساجد کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد ان کی میت کو ان کے آبائی علاقے کی جانب روانہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے اور مشتبہ دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپیں معمول بن چکی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 9 اگست کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ خیبر پختونخوا کے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں فوجی قافلے پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجی شہید ہو گئے ہیں۔

شہید فوجیوں کی شناخت مانسہرہ کے رہائشی 22 سالہ لانس نائیک شاہ زیب، غذر سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ لانس نائیک سجاد، کوہاٹ کے رہائشی 25 سالہ سپاہی عمیر اور نارووال کے رہائشی 30 سالہ سپاہی خرم کے نام سےہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، ایک جوان شہید

گزشتہ ماہ 4 جولائی کو اس علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں کم از کم 10 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

اس حملے کے حوالے سے حکام نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کا قافلہ میرالی سے ضلعی ہیڈ کوارٹر میرانشاہ جا رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار خودکش بمبار نے ایک گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

اس سے قبل 30 مئی کو موٹرسائیکل پر سوار خودکش بمبار نے رزمک کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے ایک اور قافلے پر حملہ کیا تھا جس میں 2 فوجی اور 2 بچے زخمی ہوئے۔

یاد رہے کہ دہشت گردوں کی کارروائیوں کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے بھی منہ توڑ جواب دینے کا سلسلہ جاری ہے.

چند روز قبل، 10 اگست کو خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی کے قریب سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک، 4 گرفتار

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کولاچی کے قریب سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔   بیان میں کہا گیا تھا کہ 10 اگست کو مذکورہ علاقے میں پولیس کی گاڑی کے قریب بارودی مواد کا دھماکا ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ پاک فوج کی کوئیک رسپانس فورس فوری طور پر علاقے میں پہنچی اور گھیرے میں لے لیا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک

بیان میں کہا گیا تھا کہ اس کے نتیجے میں دہشت گردوں کےساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ وہاں سے ہلاک دہشت گردوں کے زیرقبضہ اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔

یاد رہے کہ 4 جولائی کو میران شاہ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا تھا

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024