• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عمران خان آج پی ٹی آئی کے مستقبل کا لائحہ عمل دیں گے، فوادچوہدری

شائع August 13, 2022
ہم فساد کے بغیر انتخابات میں جانا چاہتے ہیں، اگر سڑکوں پر آئے تو حکومت 5 دن میں چلی جائے گی— فوٹو : ڈان نیوز
ہم فساد کے بغیر انتخابات میں جانا چاہتے ہیں، اگر سڑکوں پر آئے تو حکومت 5 دن میں چلی جائے گی— فوٹو : ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری حقیقی آزادی کی تحریک آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور آج رات جلسے میں چیئرمین عمران خان پارٹی کے مستقبل کا لائحہ عمل دیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کی ریلی کا نعرہ حقیقی آزادی ہے، حقیقی آزادی یہ ہے کہ اللہ کے سوائے کسی اور کے آگے نہیں جھکیں گے اور عمران خان کا مقصد یہی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا 13 اگست کو اسلام آباد کے بجائے لاہور میں جلسے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین آج رات پارٹی کے مستقبل کا لائحہ عمل واضح کریں گے جیسا کہ ہماری تحریک آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسے میں عمران خان آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، عوام جو فیصلہ کریں گے وہ حتمی ہوگا، ہمارا مقصد یوم آزادی منانا ہے. پوری پی ٹی آئی کی قیادت آج لاہور میں جمع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا فائدہ سیاسی استحکام ہے، الیکشن سے ہی سیاسی استحکام آئے گا، اس وقت ملک کی کوئی معاشی پالیسی نہیں ہے، مہنگائی کی شرح 38 فیصد تک ہوچکی ہے، پیٹرولیم مصنوعات اور خوردنی تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں کم ہوئی ہے لیکن اس کا فائدہ پاکستانیوں کو نہیں ہورہا ہے۔

'ہمیں تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے'

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کا اعلان ہمارے ہاتھ میں ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ یہ سارا عمل ایک فریم ورک کے تحت ہو، ہم فساد کے بغیر انتخابات میں جانا چاہتے ہیں، اگر سڑکوں پر آئے تو حکومت 5 دن میں چلی جائے گی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تلخیاں بڑھانا بہت آسان ہے لیکن ہمیں تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے، یہ بات مسلم لیگ (ن) کی سمجھ میں جتنی جلدی آجائے اتنا اچھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان انتخابات کا اعلان پر پی ڈی ایم سے بات چیت کیلئے تیار

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر بنی گالا پر چھاپہ مارنے کی بات کی جائے گی تو مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے گھر بھی زیادہ دور نہیں ہیں۔

'رانا ثنااللہ کو شامل تفتیش کیا جا رہا ہے'

فواد چوہدری نے کہا کہ 15دن کی اندر 25مئی کے واقعات کی تحقیقات مکمل کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ 25 مئی کے واقعات میں ملوث ایس ایچ اوز کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عطااللہ تارڑ اور راناثنااللہ کو تفتیش میں شامل کیا جا رہا ہے، اگر یہ لوگ اسلام آباد میں چھپ کربیٹھے رہیں گے تو قانون کےمطابق اشتہاری قرار دیے جائیں گے، اس لیے ان کو چھپنا نہیں چاہیے بلکہ آکر جواب دیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز ایک بر پھر ملک سے فرار ہوگیا ہے، حمزہ شہباز کے خلاف 24 ارب روپے کا کیس لگا ہوا ہے لیکن انہیں ہر بات سے استثنیٰ مل جاتا ہے جبکہ ایک ڈرائیور کے پیش نہ ہونے پر اس کے گھر سے 10 ماہ کی بچی کو ماں سمیت حراست میں لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں غریب کے لیے الگ اور امیر کے لیے الگ قانون ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024