• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وفاقی وزیرِ مذہبی امور کی پولیو مہم کے بائیکاٹ کی دھمکی

شائع August 13, 2022
مولانا عبدالشکورنے کہا کہ بائیکاٹ کے بعد سول نافرمانی کی مہم شروع کی جائے گی—ٹوئٹر/گل بخاری
مولانا عبدالشکورنے کہا کہ بائیکاٹ کے بعد سول نافرمانی کی مہم شروع کی جائے گی—ٹوئٹر/گل بخاری

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبدالشکور نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت اور سیکیورٹی ادارے امن بحال کرنے میں ناکام رہے تو قبائلی اضلاع کے لوگ پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا بائیکاٹ کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ’ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر حکومت اور سیکیورٹی ادارے ہمیں امن فراہم کرنے میں ناکام رہے تو سابقہ فاٹا کے لوگ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو قبول نہیں کریں گے، جن میں سرفہرست پولیو ویکسینیشن ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بائیکاٹ کے بعد سول نافرمانی کی مہم شروع کی جائے گی جیسے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے شروع کی تھی‘۔

انہوں نے کہا کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) ایسے احتجاجی اقدامات کے حق میں نہیں ہے لیکن لوگوں کو ایسی صورتحال کی جانب جانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فاٹا: سات لاکھ بچوں کیلئے پولیو مہم

انہوں نے سیکیورٹی اداروں اور حکومت پر زور دیا کہ حالات قابو سے باہر ہونے سے پہلے ان علاقوں میں امن بحال کیا جائے۔

اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ یہ ویڈیو کس نے بنائی ہے تاہم جے یو آئی (ف) کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات عبدالجلیل جان نے تصدیق کی کہ مولانا عبدالشکور نے پشاور میں قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ایک وفد سے خطاب کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی کا ایک اندرونی اجلاس تھی جس میں میڈیا کو مدعو نہیں کیا گیا تھا لیکن ہو سکتا ہے کہ کسی نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی ہو۔

ویڈیو میں وفاقی وزیر نے شمالی وزیرستان میں جے یو آئی (ف) کے رہنما قاری سمیع الدین کے حالیہ قتل اور گزشتہ سال باجوڑ میں ایک اور رہنما مولانا عبدالسلام کے قتل کے بارے میں بھی بات کی اور شرکا سے احتجاج کرنے اور ہلاکتوں کا معاملہ اجاگر کرنے کے اپیل کی۔

مزید پڑھیں: فاٹا سے باہر جانے کیلئے پولیو کے قطرے لازمی

انہوں نے شرکا سے صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی مذمت کرنے کو بھی کہا جو ان کے بقول امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

ویڈیو فوٹیج وائرل ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔

سماجی کارکن گل بخاری نے ٹوئٹر پر لکھا کہ’جے یو آئی (ف) کے موجودہ وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور نے پولیو ویکسینیشن کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے، کیا ایسے لوگ وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں رہ سکتے ہیں؟‘۔

مولانا عبدالشکور کے کچھ حامیوں نے ان کی ایک پرانی ویڈیو اپ لوڈ کر کے ان کا دفاع بھی کیا جس میں وہ سابق فاٹا میں پولیو ویکسینیشن مہم کی حمایت کر رہے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024