پی ٹی آئی نے امریکا میں 'لابنگ فرم' کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق رپورٹس مسترد کردیں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے امریکا میں لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کردیا۔
پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے مختلف حلقوں کی جانب سے لابنگ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی یو ایس اے نے میڈیا میں اپنے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک میڈیا ریلیشن شپ فرم کی خدمات حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ حلقوں کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی نے 6 ماہ کے لیے 25 ہزار ڈالر ماہانہ پرلابنگ فرم 'فینٹن آرلوک' کی خدمات حاصل کی ہیں اور معاہدے کے مطابق کمپنی پی ٹی آئی کو پبلک ریلیشنز سروسز فراہم کرے گی۔
مزید برآں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اس کے علاوہ کمپنی مضامین چھپوانے، پی ٹی آئی نمائندوں اور حمایت کرنے والوں کے ٹی وی انٹرویوز کا اہتمام بھی کرے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’میں نے کاغذات کے اردو ترجمے کے لیے کہا ہے تاکہ لائق اور فائق صحافی اور وزرا کو سمجھ آسکے کہ یہ لابی فرم نہیں ہے۔‘
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ’جس فرم سے معاہدہ کیا گیا ہے وہ لابی فرم نہیں ہے بلکہ وہ میڈیا ریلیشن شپ کی فرم ہے جس کے ساتھ پی ٹی آئی یو ایس اے نے میڈیا میں اپنے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے لیے معاہدہ کیا ہے۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کمپنیوں کا کام ہوتا ہے کہ وہ میڈیا اور پارٹی میں تعلقات کار بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا امریکا سے ڈونلڈلو کو ‘متکبرانہ رویے’ پر برطرف کرنے کا مطالبہ
قبل ازیں وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی پی ٹی آئی اور امریکی کمپنی کے درمیان معاہدے کی تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔
احسن اقبال نے ٹوئٹر پر تفصیلات جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ ’شرم تم کو مگر نہیں آتی، عمران خان نے قوم میں امریکا کے خلاف سازشی تھیوری گھڑ کے ہیجان پیدا کیا ہوا ہے اور عمران خان، امریکا سے ترلے اور معافی پر اتر آیا ہے۔‘
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے ایلچی بھیجے اور پھر سفیر سے خود منت سماجت کی، اب لابسٹ رکھ کر معافی تلافی کا کام ہو رہا ہے، اس کپتان کے کتنے چہرے ہیں؟ کمپیوٹر بھی پریشان ہے۔
عمران خان کو ٹوپی ڈراما بند کرکے معافی مانگنی چاہیے، شیری رحمٰن
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے بھی پی ٹی آئی کے فرم سے معاہدے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
شیری رحمٰن نے پی ٹی آئی کے لابنگ فرم سے معاہدے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بتائے کہ اس کو امریکا میں تشہیر کی کیوں ضرورت پڑ گئی، عمران خان مکمل بے نقاب ہوچکے ہیں، انہیں ٹوپی ڈراما بند کرکے قوم اور ریاست سے معافی مانگنی چاہیے۔
مزید پڑھیں: امریکا نے عمران خان کے سازش کے دعووں کو پریشان کن قرار دے دیا
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنی حکومت کے خاتمے کے پیچھے مخالف سیاستدانوں کی کوششوں سمیت امریکی سازش کا الزام بھی لگاتے رہے ہیں۔
عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی جانب سے مختلف مواقع پر یہ الزام لگایا گیا کہ ان کی حکومت کو عدم اعتماد کی تحریک سے ایک سازش کے ذریعے گرانے میں امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری اسٹیٹ برائے وسطی اور جنوبی ایشیا ڈونلڈ لو مرکزی کردار ہیں۔
امریکی نیوز چینل سی این این کے پروگرام ‘کنیکٹ دا ورلڈ ’ کو خصوصی انٹرویو میں عمران خان نے ڈونلڈ لو کو برطرف کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
بعد ازاں امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے سازشی دعوے 'انتہائی پریشان کن' ہیں۔