• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع ملنے کیلئے وزیراعظم پُر امید

شائع August 12, 2022
وزیراعظم نے یہ ریمارکس پاکستان میں یورپی یونین کی نئی سفیرسے  ملاقات کے دوران دیے—فوٹو : پی آئی ڈی
وزیراعظم نے یہ ریمارکس پاکستان میں یورپی یونین کی نئی سفیرسے ملاقات کے دوران دیے—فوٹو : پی آئی ڈی

وزیر اعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کے ساتھ تجارتی تعلقات پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کے لیے جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) کا اسٹیٹس 2023 کے بعد بھی برقرار رہے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اسکیم ایک خصوصی تجارتی اور سرمایہ کاری پالیسی ہے جو آئندہ سال ختم ہونے والی ہے۔

وزیراعظم نے یہ ریمارکس پاکستان میں یورپی یونین کی نئی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران دیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس میں توسیع دو سالہ کارکردگی سے مشروط ہے، یورپی یونین

ملاقات کے بعد جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ جی ایس پی پلس اسکیم پاکستان اور یورپی یونین کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند ہے، دونوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانا چاہیے، پاکستان 2023 کے بعد بھی اس کا حصہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پائیدار اعلیٰ سطحی تبادلے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات سمیت یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ بھی اپنے تاریخی اور تعاون پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس خطرے میں

یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین کے ساتھ اپنی حالیہ ٹیلی فونک بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یورپی یونین کے پارلیمانی وفود کے پاکستان کے آئندہ دوروں کے ساتھ ساتھ ’یورپی یونین-پاکستان اسٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان‘کے تحت سیاسی اور سیکیورٹی مذاکرات سے دونوں فریقوں کے درمیان مزید ٹھوس تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔

افغانستان پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے اس بے مثال تعاون پر بھی روشنی ڈالی جو پاکستان نے افغانستان کے حوالے سے خاص طور پر گزشتہ سال اگست میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد سے بین الاقوامی برادری کو فراہم کی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع مل گئی

ڈاکٹر رینا کیونکا نے اسلام آباد میں اپنے دور ملازمت میں یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے شہباز شریف نے اقلیتوں کی بہتری اور بہبود اور قومی زندگی اور ترقی میں ان کی مکمل شمولیت کے لیے حکومتِ وقت کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ان ذمہ داریوں کے لیے پُرعزم ہے اور قائداعظم کے نطریے کے مطابق ایک جامع معاشرے کی تعمیر کے اس عزم کا اعادہ کرنے کے لیے 11 اگست کو باضابطہ طور پر مناتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے خلاف یورپی پارلیمنٹ میں نظرثانی کی قرارداد منظور

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں اقلیتوں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے انہیں برابر مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’اس خیال کا مقصد معاشرے کے تمام طبقات، خاص طور پر ہمارے غیر مسلم شہریوں کو قومی زندگی میں بھرپور حصہ لینے کے قابل بنانا اور سہولت فراہم کرنا ہے‘۔

انہوں نے مذہبی اقلیتوں کے غریب ارکان کی بہتری کے لیے دیگر اقدامات کا بھی ذکر کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024