• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کراچی کے صارفین کیلئے بجلی 11 روپے 10 پیسے فی یونٹ مہنگی

شائع August 11, 2022
نیپرا نے جون کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا—فائل فوٹو: کے ای فیس بک
نیپرا نے جون کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا—فائل فوٹو: کے ای فیس بک

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کے صارفین کے لیے جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت 11 روپے 10 پیسے مہنگی کردی۔

نیپرا کی جانب سے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں تاریخی اضافہ کرتے ہوئے نیپرا نے 11 روپے 10پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا۔

نیپرا سے جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق اضافی وصولیاں اگست اور ستمبر میں بجلی کے بلوں میں کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی 9.42 روپے فی یونٹ مہنگی

نوٹی فیکیشن میں بتایا گیا کہ اگست کے بلوں میں 3 روپے ایک پیسے فی یونٹ وصول کیے جائیں گے جبکہ ستمبر کے بلوں میں 8 روپے 9 پیسے فی یونٹ وصول کیے جائیں گے۔

کراچی کے صارفین کے لیے اضافی بل کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے سے قبل وفاقی حکومت نے بنیادی بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔

وزیر توانائی خرم دستگیر نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ حکومت نے بجلی کے قومی بنیادی نرخوں میں 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے اور موجودہ بلوں میں ماہانہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے اوور بلنگ کی شکایات کی تحقیقات کا وعدہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ کراچی کے صارفین کے لیے جون کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے نیپرا نے 28 جولائی کو 11 روپے37 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کی منظوری دی تھی۔

کے-الیکٹرک کی درخواست پر نیپرا میں جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے سے متعلق سماعت ہوئی تھی۔

نیپرا نے سماعت مکمل کرنے کے بعد اگست کے لیے کراچی کے صارفین سے بجلی کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ کے-الیکٹرک کے صارفین پر 22 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ 9.89 روپے اضافہ، کراچی کے صارفین 11.37 روپے اضافی ادا کریں گے

دوران سماعت کے الیکٹرک حکام نے کہا تھا کہ سی پی پی اے سے انہیں مہنگی بجلی ملی اور ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے بھی اثر پڑا ہے۔

نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ جون میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 66 کروڑ 50 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔

22 جولائی کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض کی قسط حاصل کرنے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کے بنیادی ٹیرف کی قیمت میں فی یونٹ 7 روپے 91 پیسے کا اضافہ کرنے کی حکومتی درخواست منظور کی تھی۔

نیپرا نے 20 جولائی کو 3 مراحل میں ملک بھر میں اوسط بیس ٹیرف میں تقریباً 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی حکومتی درخواست پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مزید پڑھیں:بجلی کی قیمت میں 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی حکومتی درخواست منظور کرتے ہوئے بجلی کا بنیادی ٹیرف 7 روپے91 پیسے فی یونٹ مہنگا کرنے کی اجازت دی تھی۔

قبل ازیں 4 جولائی کو نیپرا نے مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی والوں کے لیے بجلی 9 روپے 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری بھی دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024