• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

عمران خان ملک کے دفاع میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، مریم اورنگزیب

شائع August 11, 2022
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن فنڈنگ سامنے آنے کے بعد آج لوگ تحریک انصاف کو چھوڑ کر جارہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن فنڈنگ سامنے آنے کے بعد آج لوگ تحریک انصاف کو چھوڑ کر جارہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ملک کی ساکھ کو کمزور کیا اور اب یہ ملک کے دفاع میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، اب یہ تماشا ختم ہوچکا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے کمپنیوں سے ممنوعہ فنڈنگ لی اور اسے الیکشن کمیشن میں ڈکلیئر نہیں کیا اور جھوٹے حلف نامے کی شکل میں الیکشن کمیشن میں ڈیکلیریشن جمع کروائی، یہ چور 8 سال بعد پکڑا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو بھی آج عمران خان سے سوال کرنا چاہیے کہ جس جماعت کا وہ ساتھ دیتے رہے اسے عمران خان نے الیکشن کمیشن میں غیر ملکی امداد زدہ پارٹی کیوں ڈیکلیئر کروا دیا؟ کیوں 5 سال 'فارن ایڈڈ پولیٹیکل پارٹی' بنے رہے؟

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہیلی کاپٹر سانحے میں شہید ہونے والوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا کر فارن فنڈنگ کیس سے توجہ ہٹا لیں گے، یہ ان کا پورا منصوبہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہدا کے خلاف مہم چلانے والوں نے اعتراف کیا کہ پارٹی کے کہنے پر مہم چلائی، مریم اورنگزیب

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمیشہ یہی کرتے ہیں کہ جب جواب دینے کا وقت آئے تو دوسروں کو جیلوں میں بند کردو، انہیں چور ڈاکو کہو اور ان پر الزامات لگانا شروع کردو۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والے شہدا کے خلاف یہ پورا منصوبہ عمران خان نے اپنی سوشل میڈیا ٹرولز کی مدد سے سرانجام دیا، اس گری ہوئی حرکت کے بعد عمران خان نے اپنے چیف آف اسٹاف (شہباز گل) کو جو مسودہ دیا اسے انہوں نے 'اے آر وائی' پر پڑھ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ اس مسودے میں آئینی حدود کو پامال کیا گیا، اس مسودے میں پاک فوج کے اندر بغاوت کی آگ بھڑکانے کا منصوبہ تھا، 15 منٹ تک اے آر وائی پر شہباز گل کا یہ بیان بلارکارٹ نشر ہوتا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہوتا ہے ان لوگوں پر جنہوں نے عمران خان کو سپورٹ کیا، ان کے اپنے کارکنان آج غصے سے بھرے ہوئے ہیں، کل جب وہ (عمران خان) بیٹھے وضاحتیں دے رہے تھے اور دوسروں پر الزام لگا رہے تھے اور اپنے آپ کو نواز شریف سے ملا رہے تھے تب یہ بھی بتا دیتے کہ بیری سی شنپ سے پیسے کیوں لیے؟ فارن فڈنگ کیوں لی؟ اِندر دوسانج، لیزا سی چارلس، چرنجیت سنگھ اور ورشا لوتھرا نے کتنے پیسے دیے اور کیوں دیے؟

مزید پڑھیں: سائفر سے متعلق خط بشریٰ بی بی کی ہدایت پر نکالا گیا تھا، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ زہریلا کھیل کھیلنے سے یہ سوالات دب نہیں جائیں گے، پاکستان کے عوام پوچھ رہے ہیں کہ یہ فارن فنڈنگ کیوں لی ہے؟

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کا پیسا پکڑا گیا تو ملک میں فساد، فتنہ، انارکی اور انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے، اداروں کے درمیان تقسیم اور دراڑیں پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ بھی اسی فارن فنڈنگ کا منصوبہ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور خاص طور پر نوجوانوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ انہوں نے توشہ خانہ میں کیا کیا؟ توشہ خانہ میں بطور وزیر اعظم جو تحائف ملتے ہیں انہوں نے اسے ظاہر نہیں کیا، توشہ خانہ سے تحفے خریدنے کی پالیسی کو 20 سے 50 فیصد کرکے 20 فیصد پر ہی تحائف لیتے رہے اور پھر وہ تحائف بازار میں 50 فیصد میں بیچ کر پیسے توشہ خانے میں ایک سال بعد جمع کروائے، یہ اتنے بے شرم لوگ ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی 'فارن ایڈڈ پارٹی' ڈیکلیئر ہو چکی، اس کا پراسیس ہونا باقی ہے، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ سامنے آنے کے بعد آج لوگ تحریک انصاف کو چھوڑ کر جارہے ہیں، اس جماعت نے شہدا کی شہادتوں پر اپنا زہریلا کھیل کھیلا لیکن ان کی سازش کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ نوجوان ان کی اصلیت جان چکے ہیں، اب آپ چیخیں، روئیں یا پٹیں لیکن آپ غیر ملکی ایجنٹ ڈکلیئر ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تحریک انصاف اور ملک کی ساکھ کو کمزور کیا اور اب یہ ملک کے دفاع کے اندر دراڑیں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اب یہ تماشا ختم ہوچکا ہے۔

شہباز گل کیس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ کیس کی تحقیقات میں شہباز گل خود اپنے بیانات میں ثبوت دے رہے ہیں، وہ سب کچھ خود بتا رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024