• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شہباز گل آغاز نہیں بلکہ عمران نیازی کی اداروں کے خلاف مہم کا تسلسل ہے، سعید غنی

شائع August 10, 2022 اپ ڈیٹ August 11, 2022
سعید غنی نے کہا کہ پرویز الہیٰ ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو شہباز گل اور اس کی پس پشت عمران نیازی پر اس طرح کے بیان پر ملامت کرنا چاہیے —فوٹو: ڈان نیوز
سعید غنی نے کہا کہ پرویز الہیٰ ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو شہباز گل اور اس کی پس پشت عمران نیازی پر اس طرح کے بیان پر ملامت کرنا چاہیے —فوٹو: ڈان نیوز

سندھ کے صوبائی وزیر محنت اور افرادی قوت سعید غنی نے کہا ہے کہ شہباز گل کی جانب سے پاک فوج اور اداروں کے لیے جو زبان استعمال کی گئی وہ گزشتہ 4 ماہ سے جاری عمران نیازی کی سیاست کا تسلسل ہے۔

اسلام آباد میں شاہدہ رحمانی اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے دیگر اراکین قومی اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہا کہ شہباز گل نے جو کچھ کہا وہ ایک منصوبہ بندی کے تحت کہا گیا ہے اور اس کی اعلیٰ سطح پر انکوائری ہونی چاہیے، اظہار رائے کی آزادی کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ تمام آئینی اور قانونی حدود سے تجاوز کیا جائے۔

مزید پڑھیں: سندھ حکومت کو غیرقانونی تعمیرات ریگولرائز کرنے کی اجازت ملنی چاہیے، سعید غنی

سعید غنی نے کہا کہ عمران نیازی اس ملک کے لیے سب سے بڑا سکیورٹی رسک بنا ہوا ہے، وہ اور ان کے لوگ اپنے آپ کو آئین اور قانون سے ماورا سمجھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی فوجی جنرل آج بھی اگر سیاست میں مداخلت کرے گا تو ہم اس کو برا بھلا کہیں گے، جیسے کہ ماضی میں ضیا الحق اور مشرف کو کہا گیا تھا کیونکہ انہوں نے آئین اور قانون سے بالاتر ہوکر اس ملک میں آمرانہ نظام قائم کیا تھا البتہ موجودہ فوجی قیادت تو خود کہہ رہی ہے کہ وہ سیاست میں کسی صورت مداخلت نہیں چاہتی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کو اسرائیلی اور بھارتیوں نے اگر فنڈز دیے ہیں تو اس سے کوئی ٹاسک بھی دیا ہوگا اور وہ ٹاسک اس ملک کے اداروں، معاشرے، سیاست اور نئی نسل کو تباہ کرنے کا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اے آر وائی کے عماد یوسف کے خلاف اگر کوئی قانونی لنک نہیں ہوا تو اس کے خلاف کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔

سعید غنی نے کہا کہ شہباز گل نے جو ایک نجی چینل پر بات کی وہ واضح طور پر فوج کو بغاوت کی جانب مبذول کرانے کی باتیں تھیں اور ان کی جرات اس لیے ہوئی کیونکہ ماضی میں جس طرح سیاسی جماعتوں کے ساتھ جو رویہ رکھا جاتا رہا ہے اس کا ایک فیصد بھی ان کے ساتھ نہیں رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سلسلہ نیا نہیں بلکہ عمران نیازی کے خلاف آئینی اور قانونی طریقے سے تحریک عدم اعتماد لا کر شروع کیا گیا ہے اور عمران نیازی متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ اگر ادارے، عدلیہ اور الیکشن کمیشن ان کے ماتحت کام نہیں کریں گے تو وہ اس طرح کی باتیں کرتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم سندھ حکومت میں اتحادی بن سکتی ہے، سعید غنی

انہوں نے کہا کہ شہباز گل کے گزشتہ روز کی باتیں ایک منصوبہ بندی کے تحت کی گئی ہیں اور اس کے ماسٹر مائنڈ خود عمران نیازی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے وہ 6 جوان جو بلوچستان میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف تھے اور جام شہادت نوش فرمایا لیکن عمران خان کے حامیوں اور ان کے سوشل میڈیا کے 'کارندوں' نے جس طرح ان کی تضحیک کی اس کو پوری قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ شہباز گل آغاز نہیں بلکہ وہ گزشتہ 4ماہ سے عمران نیازی کی جانب سے اداروں کے خلاف جاری مہم کا تسلسل ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ عمران نیازی کا یہ مشن ہے کہ اداروں، عدلیہ، ججوں، فوجیوں، الیکشن کمیشن اور میڈیا کو ڈراؤ تاکہ کوئی ان کے خلاف بولنے کی ہمت نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنے آپ کو آئین اور قانون سے بالاتر تصور کر رہا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اکبر ایس بابر کی جانب سے جو کیس الیکشن کمیشن میں دائر کیا گیا تھا اس کا فیصلہ ادھورا ہے کیونکہ یہ صرف 2011 تک کی فنڈنگ کا ہے۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ 2012 سے 2022 تک پی ٹی آئی کو کی جانے والی فنڈنگ کو بھی دیکھا جائے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت فوری طور پر ایک جے آئی ٹی تشکیل دے جو اس جماعت کو جو جو فنڈز دے رہے ہیں اور جہاں جہاں سے ان کو فنڈز مل رہے ہیں اس کا حساب کرے۔

مزید پڑھیں: استعفوں کے معاملے پر سندھ سے بڑا 'سرپرائز' ملے گا، سعید غنی

سعید غنی نے کہا کہ عمران نیازی نے بیرونی فنڈنگ لی ہے، اس نے غیر پاکستانیوں اور کمپنیوں سے فنڈز لیے جو قانونی طور پر جرم ہے، عمران نیازی نے الیکشن کمیشن میں جھوٹے حلف نامے جمع کروائے ہیں اور اب وہ جھوٹا، کرپٹ اور بے ایمان ثابت ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایک صحافی محسن بیگ ریحام خان کی کتاب کا حوالہ دے کر کوئی بات کرے تو اس کے گھر پر چڑھائی کروا کر اس پر 15سے زائد جھوٹے مقدمات بنا دیے جاتے ہیں اور شہباز گل نے پاک فوج میں بغاوت پھیلانے کی سازش کی تو وہ خاموش ہے، اس کا مقصد یہ ہوا کہ عمران نیازی کی نظر میں مراد سعید کی عزت پاک فوج سے زیادہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ جو کچھ عمران نیازی اس ملک میں کر رہا ہے، اس کو روکنے کی ضرورت ہے اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو یہ گند، شر اور فتنہ ملک بھر میں پھیل جائے گا، ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ مودی کی خارجہ پالیسی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی سے بہتر قرار دینے والا بھارتی فنڈڈ سابقہ وزیر اعظم قوم کو بتائے کہ اس کی چار سالہ حکومت میں کیوں ان کی خارجہ پالیسی بہتر نہیں ہوئی اور اس کے پس پشت کون سی فنڈنگ کار فرما تھی۔

سعید غنی نے کہا کہ پرویز الہیٰ ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو شہباز گل اور اس کی پس پشت عمران نیازی پر اس طرح کے بیان پر لعنت ملامت کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی قانون سے متعلق فیصلے پر رہنمائی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں، سعید غنی

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میڈیا کی آزادی، سیاسی جماعتوں، عدلیہ، الیکشن کمیشن اور فوج کے آئین کے دائرے میں رہنے کے مؤقف کی حامی ہے۔

ملک میں مہنگائی کے حوالے سے سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ یہ سب عمران نیازی کی ماضی میں حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزیوں کا ساخسانہ ہے اور اسی کے باعث موجودہ حکومت کو آئی ایم ایف کی سخت شرائط کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024