• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

برطانیہ: کامن ویلتھ گیمز میں شریک 2 پاکستانی باکسر لاپتا

شائع August 10, 2022
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے مطابق باکسر سلیمان بلوچ اور نذیراللہ آخری دو گھنٹوں میں غائب ہوگئے — فوٹو: عمران صدیق
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے مطابق باکسر سلیمان بلوچ اور نذیراللہ آخری دو گھنٹوں میں غائب ہوگئے — فوٹو: عمران صدیق

دولت مشترکہ گیمز میں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ دو قومی باکسر گیمز کے اختتام کے بعد برطانیہ میں لاپتا ہوگئے۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے 2 پاکستانی باکسروں کے اچانک غائب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں باکسر برمنگھم میں غائب ہوگئے ہیں اور فیڈریشن ان کو تلاش کر رہی ہے۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے مطابق 63 کے جی کے سلیمان بلوچ اور لائٹ ہیوی ویٹ باکسر نذیراللہ گیمز کے بعد اچانک غائب ہوگئے ہیں جبکہ دونوں باکسروں کے سفری دستاویزات باکسنگ فیڈریشن کے حکام کے پاس ہیں۔

مزید پڑھیں: برمنگھم: شاندار تقریب کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز 2022 اختتام پذیر

شیڈول کے مطابق پاکستانی باکسنگ ٹیم آج اسلام آباد پہنچے گی۔

سیکریٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن ناصر ٹنگ نے بتایا کہ دونوں باکسر آخری دو گھنٹوں میں لاپتا ہوئے ہیں تاہم ایس او پیز کے تحت تمام سفری دستاویزات ضبط کرلی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت اور پولیس کو اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور دونوں باکسروں کا جلد پتا لگائیں گے۔

پاکستان اولمپک ایسوس ایشن (پی او اے) نے معاملے کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میرا مقصد جیولین تھرو میں عالمی ریکارڈ قائم کرنا ہے، ارشد ندیم

خیال رہے برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منعقدہ 12 روزہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے 2 طلائی تمغے جیتے، ویٹ لفٹنگ میں نوح دستگیر بٹ اور جیولن تھرو میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل حاصل کیے، اس کے علاوہ قومی ایتھلیٹس نے 3 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے بھی حاصل کیے۔

اختتامی تقریب میں کامن ویلتھ گیمز 2026 کی میزبانی باضابطہ طور پر آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کے حوالے کردی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024