• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

شہروز اور صدف کے ہاں بیٹی کی پیدائش، شوبز شخصیات کی مبارکباد

شائع August 10, 2022
شوبز کی یہ مشہور جوڑی مئی 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھی—فوٹو : انسٹا گرام/مہرین سید
شوبز کی یہ مشہور جوڑی مئی 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھی—فوٹو : انسٹا گرام/مہرین سید

معروف اداکار شہروز سبزواری اور مشہور ماڈل صدف کنول کی بیٹی کی پیدائش کے اعلان کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے مبارکباد کا تانتا بندھ گیا ہے۔

صدف کنول کی دوست اور ماڈل مہرین سید نے شہروز سبزواری اور صدف کنول کے یہاں ننھے مہمان کی آمد کی خبر دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’ماشاااللہ، اللہ نے رحمت سے نوازا ہے، بہت مبارک ہو‘، اس کیپشن سے سوشل میڈیا صارفین نے اندازا لگایا کہ جوڑے کے ہاں بیٹی ہوئی ہے۔

ماڈل ابیر افتخار اور ہما خان کے علاوہ میک اپ آرٹسٹ سارہ علی نے بھی انسٹاگرام پر جوڑے کو مبارکباد دی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بعد ازاں صدف کنول کی جانب سے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر بیٹی کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں جن میں بچی کا نام سیدہ زہرہ سبزواری درج ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

شوبز کی یہ مشہور جوڑی مئی 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھی، اس ہی دوران شہروز سبزواری نے اپنی پہلی اہلیہ سائرہ یوسف کو طلاق دی تھی جس کے باعث اس جوڑے کو کافی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

شہروز سبزواری نے دوسری شادی کے اعلان کے ساتھ وضاحت کے لیےکئی ویڈیو پیغامات بھی جاری کیے جس میں ان کا کہنا تھا کہ سائرہ شہروز کے ساتھ ان کی طلاق کی وجہ بے وفائی نہیں تھی۔

حنا الطاف اور آغا علی کی میزبانی میں ’دی کپل شو‘ میں اس جوڑے نے اپنی پہلی ملاقات اور ابتدائی تعلقات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

شہروز کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ملاقات کے فوراً بعد کافی اچھے دوست بن گئے تھے اور دونوں کو ایک دوسرے میں کافی اپنائیت محسوس ہوئی۔

شہروز نے کہا کہ ’ایمانداری ایک ایسی چیز ہے جو ہر مرد کو بہت متاثر کرتی ہے، پاکستان میں مردوں کی ایک ہی ذہنیت ہے اور اس حساب سے صدف کا اخلاق انہیں پسند کرنے کے لیے کافی تھا‘۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے صدف کنول کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس وقت کچھ زیادہ سمجھ تو نہیں آیا مگر بس یہ محسوس ہوا کہ یہی میرے ہونے والے بچوں کے والد ہوں گے‘۔

دونوں کے یہاں اولاد کی آمد کی خوشخبری اپریل میں سامنے آئی تھی جب شہروز سبزواری کے والد بہروز سبزواری نے ایک رمضان شو میں یہ اعلان کیا کہ وہ دوبارا دادا بننے والے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ صدف کنول کی پہلی جبکہ شہروز سبزواری کی دوسری اولاد ہے، شہروز کی پہلی بیٹی نوریح ان کی سابقہ اہلیہ سائرہ یوسف سے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024