• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

فاطمہ جناح کی زندگی پر بنی سیریز کا ٹیزر ریلیز

شائع August 8, 2022
سیریل کی پہلی قسط 14 اگست کو ریلیز کی جائے گی— فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
سیریل کی پہلی قسط 14 اگست کو ریلیز کی جائے گی— فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

’مادر ملت‘ فاطمہ جناح کی زندگی پر بنائی جانے والی سیرل کا پہلا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے یوم آزادی کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

مختصر دورانیے کے جاری کیے گئے ٹیزر میں فاطمہ جناح کو مختلف کام کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں فاطمہ جناح کی زندگی کے مختلف ادوار کو دکھایا گیا ہے اور پس منظر میں ان سمیت قائد اعظم محمد علی جناح کی اواز سنائی دیتی ہے۔

ٹیزر کو فاطمہ جناح کے نام سے جاری کیا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ تین سیزنز پر بنائے جانے والے ڈرامے کو اسی نام سے ریلیز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سجل علی ’مادر ملت‘ فاطمہ جناح بننے کو تیار

ٹیزر میں زیادہ کرداروں کی جھلکیاں نہیں دکھائی گئیں اور نہ ہی فاطمہ جناح کے چہرے کو دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر کو جاری کرتے ہوئے اسے 14 اگست کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر اسے یوٹیوب پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم ٹیم نے بتایا تھا کہ اسے کسی ٹی وی چینل پر بھی نشر کیا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل سیریل کے ہدایت کار اور لکھاری دانیال کے افضال نے ڈان امیجز کو بتایا تھا کہ مذکورہ سیریز کی کہانی مادر ملت کے گرد ہی گھومے گی۔

ڈراما ساز نے بتایا تھا کہ ’مادر ملت‘ کی زندگی پر بنائی والی سیریز میں سجل علی کے علاوہ سندس فرحان اور سامعہ ممتاز بھی فاطمہ جناح کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

مزید پڑھیں: شائقین فاطمہ جناح کے کردار کے لیے سجل علی کے انتخاب سے ناخوش

مذکورہ ویب سیریز کی کہانی فاطمہ جناح کی زندگی پر مشتمل ہے، تاہم اس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے سیاسی حالات اور فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی بھی دکھائی جائے گی۔

تین سیزنز پر مشتمل سیریز کا ہر سیزن 15 اقساط پر مشتمل ہوگا اور پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی دکھائی جائے گی، جس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے حالات بھی دکھائے جائیں گے۔

سجل علی ڈرامے میں پچاس سالہ فاطمہ جناح بنیں گی—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کے بچپن اور جوانی کا کردار اداکارہ سندس فرحان ادا کریں گی جب کہ دوسرے سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا روپ دھاریں گی۔

سیریز کے دوسرے سیزن میں تحریک آزادی، تقسیم برصغیر اور قیام پاکستان کے واقعات دکھائے جائییں گے اور اس سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا کردار ادا کریں گی۔

سیریز کا دوسرا سیزن سب سے اہم ہے، تاہم اس کے تمام سیزن ہی شاندار ہوں گے اور شائقین پہلی بار ایک منفرد کہانی کو اسکرین پر دیکھیں گے۔

دانیال کے افضال نے بتایا تھا سیریز کے آخری سیزن میں پاکستان بننے اور فاطمہ جناح کی وفات تک کے مناظر دکھائے جائیں گے اور اس میں سامعہ ممتاز ’مادر ملت‘ کا کردار ادا کریں گی۔

ان کے مطابق سجل علی پچاس سالہ فاطمہ جناح بنیں گی جب کہ سامعہ ممتاز 70 سالہ مادر ملت کا روپ دھاریں گی۔

.

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024