عمران خان کو سزا نہ ہوئی تو ریلیف دینے والا بھی تاریخ میں مجرم کہلائے گا، طلال چوہدری
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف 62 اور63 کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے لیکن انہیں سزا نہ ہوئی تو نظام انصاف پر سوال اٹھیں گے، اور سزا نہ دینے اور ریلیف فراہم کرنے والا بھی تاریخ میں مجرم کہلوائے گا۔
‘اے پی پی’ کے مطابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ونشریات چوہدری شہباز بابر کے ہمراہ فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی ایکس، کبھی وائی، کبھی نیوٹرل کا ذکر کرتا ہے لیکن اس میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ کسی کا نام لے سکے، جو بندہ ڈر اور خوف سے کسی کا نام نہ لے سکے وہ کیا انقلاب لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے عمران خان بڑھکیں مارتا تھا کہ میں کسی سے ڈکٹیشن نہیں لوں گا لیکن اب وہ کہتا ہے کہ میں نے کسی کے کہنے پر چیف الیکشن کمشنر لگا کر غلطی کی تو اب عمران کو چاہیے کہ وہ اس کا نام لے جس کی ڈکٹیشن پر اس نے چیف الیکشن کمشنر کو لگایا۔
یہ بھی پڑھیں: ‘جن رہنماؤں کو ایف آئی اے نے طلب کیا ہے وہ 12-2011 میں عوامی عہدوں پر فائز نہیں تھے’
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ دوسروں کوآزادی کا درس دینے والا خود غلام ہے، جو دوسروں کو کہتا ہے کہ خوف کا بت توڑدو مگر خود سب سے بڑا ڈرپوک ہے۔
‘ایک طرف امریکا کے خلاف پروپیگنڈا، دوسری طرف یو ایس ایڈ سے ایمبولینسیں لے رہے ہیں’
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وطیرہ ہے کہ وہ پہلے بڑھکیں مارتا ہے پھر معافیاں مانگتا ہے، ایک طرف عمران خان امریکا کے خلاف سازش کے پروپیگنڈے میں مصروف ہے اور دوسری طرف اس کی خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت یو ایس ایڈ سے ایمبولینسیں لے رہی ہے، اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت پنجاب حکومتوں کو بھی کہا جارہا ہے کہ میں نے جذباتی ہوکر امریکا کے خلاف بڑھکیں ماردی ہیں اس لیے اب اسے بچایا جا ئے۔
‘عمران خان نے پنجاب میں ڈاکوئے اعلیٰ کو وزیراعلیٰ بنایا’
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پنجاب میں ڈاکوئے اعلیٰ کو وزیراعلیٰ بنایا ہے جو کہتا تھا کہ میں پرویز مشرف کو 10 بار وردی میں پاکستان کا صدر بنواؤں گا لیکن آج وہ پرویز مشرف دبئی میں انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہے اور یہ پرویز الہٰی اسے پوچھنے تک نہیں گیا اور اس سے بھی بڑھ کر جو شخص چوہدری شجاعت حسین اور اپنے گھر کا نہیں ہوسکا وہ عمران خان کا بھی نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی ‘فارن ایڈڈ پارٹی’ ڈیکلیئر ہو چکی، اس کا پراسیس ہونا باقی ہے، مریم اورنگزیب
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جسے ڈاکوئے اعلیٰ لگایا گیا ہے وہ ہمیں منظور نہیں لہٰذا ہم آئینی و سیاسی طور پر اسے نہیں چلنے دیں گے بلکہ پنجاب کے لوگوں کو بھی اس ڈاکوئے اعلیٰ کی غلامی قبول نہیں کریں گے۔
‘سوشل میڈیا پر شہید فوجی افسران کے خلاف مذموم مہم چلائی گئی’
پی ایم ایل (ن) کے رہنما نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شہید فوجی افسران کے خلاف مذموم مہم چلائی گئی، جس پر ہر محب وطن پاکستانی نے شدید غم و غصہ کا اظہار اور اسے شہدا کی فیملیز کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سن لے ہم اس کو ایسٹ انڈیا کمپنی کی تاریخ نہیں دہرانے دیں گے، عمران خان کی سیاست منافقت سے عبارت ہے اس لئے وہ جتنے مرضی جلسے کرلے سزا سے نہیں بچ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اب عمران خان الیکشن الیکشن کا راگ الاپ رہا ہے لیکن انتخابات کب ہوں گے یہ پی ڈی ایم کی قیادت ہی طے کرے گی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ کیا پاکستان میں عمران خان سب سے بڑا اور قانون سب سے چھوٹا ہے، جو وہ کہہ رہا ہے کہ کسی کی کیا مجال ہے جو عمران خان کو نااہل کرسکے، اس سے ایسے لگتا ہے کہ عمران خان نہ ہوا فرعون ہوگیا لیکن اب یہ بڑھکیں نہیں چلیں گی کیونکہ یہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، اس لیے اسے سزا نہ دینے والے بھی مجرم ٹھہریں گے، اسرائیلی اور بھارتی پیسے کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کیا گیا اور یہ جرم ثابت ہو چکا ہے بس صرف سزا کا تعین باقی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کی حمایت کرنے والے ‘نیوٹرلز’ کا نام بتائیں، حکومتی رہنما
انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا سائیکل چور جیل میں ہو اور ڈالر چور باہر ہو، عمران خان پر62،63 لگے گی اور خان صاحب کو جیل بھی جانا پڑے گا
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نیوٹرل نیوٹرل کہہ رہا ہے لیکن اس میں نیوٹرل کا نام لینے کی ہمت نہیں لہٰذاجس میں نام لینے کی ہمت نہیں وہ کیا انقلاب لائے گا، ان لوگوں نے اسرائیلی، بھارتی، امریکی پیسے سے الیکشن لڑے، اس لیے انصاف کے نظام کے پاس اب غلطی کی کوئی کنجائش نہیں۔
‘ماڈل ٹاؤن پر پہلے ہی جے آئی ٹی بنی تھی’
انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن پر پہلے ہی جے آئی ٹی بنی تھی، جس کے بعد کیس عدالت جاچکے، اور اس سے پہلے ساڑھے تین سال ان کے پاس وسیم اکرم پلس بزدار وزیراعلیٰ پنجاب رہا، اگر یہ اس وقت کچھ نہیں کرسکے تو اب بھی اس کا کچھ نہیں ہوگا کیونکہ اس کیس میں کوئی جان نہیں مگر اب پھر یہ صرف رنگ بازی کررہے ہیں لیکن اس سے عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان 100 بار جلسے کرلیں لیکن انتخابات پی ڈی ایم کی مرضی سے ہوں گے اور وہی جب مناسب سمجھے اس کی تاریخ دے گی مگر یہ جلسے کریں جلوس نکالیں دھرنے دیں یا کچھ اور کریں ان کی نااہلی اور سزا سے بچنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوسکے گی اور نہ ہم دھمکیوں سے مرعوب ہوں گے۔
مزید پڑھیں: پنجاب کے ضمنی انتخابات میں بدترین شکست کی وضاحت کیلئے حمزہ لندن روانہ
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کیس انصاف کے نظام کیلئے امتحان ہے کیونکہ پہلے بھی کئی کوتاہیاں اور غلطیاں ہوچکی ہیں لہٰذااب کسی غلطی یا کوتاہی کی گنجائش نہیں کیونکہ یہ آرٹیکل 62 اور63 کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔
‘عمران خان کا تمام 9 نشستوں پر ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان ڈرامے بازی ہے’
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا تمام 9 نشستوں پر ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان بھی ڈرامے بازی سے آگے کچھ نہیں اور جب وہ اس پر عمل کریں گے تو پھر ہم بھی دیکھ لیں گے لیکن یہ بات یادرہے کہ اب عوام اس شخص کو اچھی طرح پہچان گئے ہیں اور اب وہ مزید اس کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو سزا نہ ہوئی تو سزا نہ دینے اور ریلیف فراہم کرنے والا بھی تاریخ میں مجرم کہلوائے گا۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کو قانون کا نہیں صرف بڑھکوں کا پتہ ہے، جو چچا جی کے نام پر پیسے پکڑ کر فیصلے کروایا کرتا تھا، صرف منافقانہ طرز عمل اختیار کرنیوالے عمران خان کو ہی نہیں اس کے ساتھیوں کو بھی سزا کے عمل سے گزرنا ہوگا جبکہ ان سے پیسے بھی برآمد کئے جائیں گے۔