• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

سکینہ سموں کی فلم ’انتظار‘ کو پاکستان میں ریلیز کرنے کا اعلان

شائع August 6, 2022
فلم کو عالمی فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے—پرومو فوٹو
فلم کو عالمی فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے—پرومو فوٹو

معروف اداکارہ، لکھاری و فلم ساز سکینہ سموں کی بطور ہدایت کارہ بنائی گئی پہلی فلم ’انتظار‘ کو بالآخر پاکستان بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

سکینہ سموں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں تصدیق کی کہ ان کی فلم ’انتطار‘ کو رواں ماہ 19 اگست کو پاکستان بھر میں ریلیز کردیا جائے گا۔

انہوں نے ’انتظار‘ کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے جذباتی انداز میں لکھا کہ ان کا خواب بالآخر جلد ہی حقیقت بننے جا رہا ہے اور لوگ ان کی فلم کو سینما اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ ’انتظار‘ کو پہلے ہی سینماؤں میں ریلیز کرنا چاہتی تھیں مگر کورونا کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا تھا اور اب جب حالات معمول پر آ چکے ہیں، تب ان کی فلم شائقین بڑے پردے پر دیکھ سکیں گے۔

’انتظار‘ کا ٹریلرز 2020 میں جاری کرکے اسے اسی سال ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کورونا کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فلم ’انتظار‘ ہارلم فلم فیسٹیول میں پیش ہوگی

سکینہ سموں کی بطور ہدایت کار پہلی فلم کو امریکا میں ہونے والے ’ہارلم فلم فیسٹیول‘ سمیت دیگر فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے اور اس کی کاسٹ میں شامل بعض اداکاروں نے ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔

’انتظار‘ کی کہانی خاندان کی مجبوریوں کے گرد گھومتی ہے، جس میں بوڑھے والدین مرنے کی عمر کو اپنے بچوں کا انتظار کرتے اور موت کے خوف سے زندگی گزارتے ہیں۔

فلم میں رشتوں کی اہمیت اور نئی نسل کی جانب سے عمر رسیدہ افراد اور خصوصی طور پر والدین کو بھلانے اور والدین کی جانب سے بچوں کا انتطار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں ثمینہ احمد، کیف غزنوی، عدنان جعفر، رضا علی عابد اور خالد احمد شامل ہیں جب کہ اس کی کہانی "ڈر سی جاتی ہے سلہ' جیسے ڈرامے لکھنے والی لکھاری بی گل نے لکھی ہے۔

مزید پڑھیں: شہریار منور اور حمیمہ ملک، سکینہ سموں کی فلم میں اداکاری کریں گے

مذکورہ فلم کے علاوہ سکینہ سموں نے دوسری فلم بنانے کا اعلان بھی کر رکھا ہے، جس میں شہریار منور، حمیمہ ملک اور اسد صدیقی سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

سکینہ سموں نے اپنی دوسری فلم کا نام نہیں بتایا تھا، تاہم یہ بتایا تھا کہ اس کی کہانی سندھ کے دیہی علاقوں میں ہونے والے سچے واقعات سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے، جس میں رومانس اور سندھی سماج کی روایات کو بھی پیش کیا جائے گا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سکینہ سموں کی بطور پدایت کار دوسری فلم کب تک سامنے آئے گی۔

سکینہ سموں نے بطور اداکار بعض فلموں میں کام بھی کیا ہے جب کہ وہ ٹی وی کی مقبول اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، وہ تاحال ڈراموں میں مرکزی کرداروں میں دکھائی دیتی ہیں۔

انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کا آغاز کیا اور سندھی کے علاوہ اردو، بلوچی اور دیگر زبانوں کے ڈراموں میں بھی اداکاری دکھائی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024