• KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm

تہجد و صلوۃ الحاجات پڑھتی ہوں، سجدے میں سارے غم نکل جاتے ہیں، متھیرا

شائع August 5, 2022
متھیرا کے مطابق ہر انسان کو خدا سے رجوع کرنا چاہیے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
متھیرا کے مطابق ہر انسان کو خدا سے رجوع کرنا چاہیے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

ماڈل و اداکارہ متھیرا نے کہا ہے کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں عروج دیکھنے کے بعد جب ان کا زوال آیا اور انہیں لوگوں نے بُری عورت کہہ کر دُھتکارا تب انہوں نے خدا سے رجوع کیا اور ان کی زندگی پر سکون ہوگئی۔

متھیرا نے حال ہی میں تیمور صلاح الدین المعروف ’مورو‘ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی سمیت اپنے عروج و زوال اور کی جانے والی غلطیوں پر بھی کھل کر باتیں کیں۔

انہوں نے پاکستانی سماج میں تفریح کے لیے کی جانے والی پارٹیوں کے حوالے سے بھی بات کی اور بتایا کہ وہ شراب نوشی تک کی جاتی ہے۔

انہوں نے اپنے زوال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب شوبز انڈسٹری میں ان کا عروج تھا تب وہ کم عمر اور نادان تھیں مگر اب وہ تیس سال سے زائد عمر کی ہو چکی ہیں اور یقینی طور پر وہ ذہنی طور پر بالغ اور بہتر ہو چکی ہیں۔

ان کے مطابق انہیں بُری عورت کہا اور سمجھا جاتا رہا، لوگ ان سے نفرت کرتے رہے، کوئی ان کے ساتھ بیٹھنا گنورا تک نہ کرتا اور لوگوں نے ان کے ساتھ دوری اختیار کی۔

ماڈل کے مطابق جب انہوں نے لوگوں کے رویے دیکھے اور ہر کسی نے انہیں بُرا اور خراب کہا، تب انہوں نے خدا سے رجوع کیا اور سجدہ ریز ہوئیں، انہیں پیدا کرنے والے نے ان سے سوال نہیں کیا بلکہ انہیں ہر حال میں قبول کرکے انہیں پُرسکون بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں تفریح کے نام پر ہونے والی پارٹیاں نئی نسل کی بربادی ہیں، متھیرا

انہوں نے واضح کیا کہ جس خدا نے انسان کو پیدا کیا اور جس نے کائنات بنائی، اس کے ساتھ ہر کسی کو رجوع کرنا چاہیے، وہی دنیا چلانے اور بخشنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ روحانی شخصیت بن گئی ہیں، اب انہیں کسی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہوتی اور ہر وقت پُر سکون رہتی ہیں، جس پر ان کی والدہ اور بہن بھی پریشان ہوجاتی ہیں کہ انہیں کیا ہوا؟

متھیرا نے کہا کہ شوبز کیریئر میں زوال آنے کے بعد انہیں کام ملنا بند ہوا تو خدا نے ہی غیب سے ان کی مدد کی اور ان جگہوں سے انہیں کام ملنا شروع ہوا، جہاں سے انہیں کام ملنے کی توقع تک نہ تھی۔

ان کے مطابق اب وہ نہ صرف تہجد پڑھتی ہیں بلکہ وہ صلوۃ الحاجات کا بھی خصوصی اہتمام کرتی ہیں اور وہ کبھی بھی صلوۃ الحاجات کو ادا کرنا نہیں بھولتیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی زندگی میں بہتری اور معاشی ترقی صلوۃ الحاجات کی وجہ سے ہی ہوئی۔

صلوۃ الحاجات مسلمان اس وقت ادا کرتا ہے جب اسے کوئی حاجت یا ضرورت ہوتی ہے تو وہ خدا سے رجوع اور مدد مانگنے کے لیے خصوصی نماز کا اہتمام کرتا ہے۔

متھیرا کے مطابق انہوں نے قرآن پاک کو سمجھنے کے لیے اس کا انگریزی ترجمہ بھی پڑھا جب کہ اب وہ پانچ وقت کی فرض نماز ادا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، کیوں کہ ابھی تک وہ پانچوں وقت فرض نماز نہیں پڑھ پا رہی ہیں۔

متھیرا کی جانب سے تہجد اور صلوۃ الحاجات ادا کرنے سمیت قرآن پاک کی تلاوت کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے ان کی تعریف بھی کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Kashif Aug 06, 2022 09:21am
بے شک! نماز ، فحاشات اور منکرات سے روکتی ہے ۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024