• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’لال سنگھ چڈھا‘ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیوں کیا جا رہا ہے؟

شائع August 3, 2022
فلم کو 11 اگست کو ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم کو 11 اگست کو ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان نے آئندہ ہفتے ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بائیکاٹ کی مہم شروع ہونے کے بعد کہا ہے کہ ان کے بھارتی ہونے پر شک نہ کیا جائے، وہ محب وطن ہیں۔

’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) کے مطابق عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بائیکاٹ کا مطالبہ ابتدائی طور پر ٹوئٹر پر کیا گیا، جس کے بعد لوگوں نے نہ صرف ان کی فلم بلکہ اداکار کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا۔

لوگوں نے ’بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا اور بائیکاٹ عامر خان‘ جیسے ٹرینڈ چلائے اور عامر خان کو بھارت چھوڑ کر جانے کا بھی کہا۔

رپورٹ کے مطابق عامر خان کی فلم اور ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ ان کے پرانے ویڈیو کی ایک کلپ وائرل ہونے کے بعد کیا گیا۔

اسی حوالے سے ویب سائٹ ’دی کئنٹ‘ نے بتایا کہ عامر خان کے 2015 کے انٹرویو کی ایک کلپ وائرل ہونے کے بعد ان کے فلم کے بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلایا گیا اور ان کی فلم کے حوالے سے بھی غلط معلومات پھیلائی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق عامر خان نے اپنے پرانے انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں اہلیہ کرن راؤ کہتی رہتی ہیں کہ بھارت چھوڑ بیرون ملک چلے جاتے ہیں، کیوں کہ اب ہندوستان میں عدم برداشت کم ہوتی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لال سنگھ چڈھا 11 اگست کو ریلیز کرنے کا اعلان

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عامر خان کے مذکورہ بیان کے بعد ان کی فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا۔

’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق سوشل میڈیا پر لوگوں کے بائیکاٹ کے بعد عامر خان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ان کے محب وطن بھارتی ہونے پر شک نہ کیا جائے، وہ مخلص بھارتی ہیں۔

دوسری جانب ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ لوگوں کی جانب سے الزامات عائد کیے جانے کے بعد عامر خان نے واضح کیا کہ ان کی فلم میں کوئی بھی نیم عریاں اور برہنہ منظر نہیں۔

رپورٹ کے مطابق عامر خان نے واضح کیا کہ انہوں نے ہولی وڈ فلم ’فارسٹ گمپ‘ کے مناظر کی طرح اپنی فلم میں بولڈ اور نیم عریاں مناظر شامل نہیں کیے۔

’لال سنگھ چڈھا‘ کو آئندہ ہفتے 11 اگست کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا، مذکورہ فلم ’فارسٹ گمپ‘ کا آفیشنل ہندی ریمیک ہے۔

فلم میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور نے ان کی جوڑی کا کردار ادا کیا ہے جب کہ مونا سنگھ نے ان کی والدہ کا کردار ادا کیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مونا سنگھ حقیقی زندگی میں عامر خان سے 17 برس کم عمر ہیں جب کہ ان کی ہیروئن بننے والی کرینہ کپور 14 برس چھوٹی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024