• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

مرینہ خان کا فلم پروڈیوسرز پر معاوضہ نہ دینے کا الزام

شائع August 2, 2022
اداکارہ کی پوسٹ کے بعد فلم پروڈیوسرز نے ان سے معذرت بھی کی—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ کی پوسٹ کے بعد فلم پروڈیوسرز نے ان سے معذرت بھی کی—فائل فوٹو: فیس بک

سینیئر اداکارہ و پروڈیوسر مرینہ خان نے جلد ہی ریلیز ہونے والی اپنی رومانٹک کامیڈی فلم ’یارا وے‘ کے پروڈیوسرز پر معاوضہ نہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے اور مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے حق میں آواز اٹھائیں۔

مرینہ خان نے یکم اگست کو آئندہ ماہ ریلیز کے لیے تیار اپنی فلم ’یارا وے‘ کا پوسٹر شیئر کیا، جس میں فلم کی ریلیز کی تاریخ 16 ستمبر بتائی گئی تھی۔

مذکورہ پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے مرینہ خان نے دعویٰ کیا کہ فلم پروڈیوسرز نے انہیں مکمل معاوضہ فراہم کیے بغیر اور ان سے باضابطہ معاہدہ کیے بغیر ہی فلم کی ریلیز کا اعلان کردیا جو کہ افسوس ناک ہے۔

انہوں نے پروڈیوسرز کے لیے سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں شرم کرنے کا کہا اور ساتھ ہی لکھا کہ اگر وہ چاہیں تو فلم کی ٹیم پر معاوضہ فراہم نہ کرنے کا کیس دائر کرکے فلم کی ریلیز موخر کروا سکتی ہیں مگر یہ کہ وہ اس حوالے سے سست ہیں۔

انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے حق میں آواز اٹھائیں تاکہ پروڈیوسرز کو خیال آئے اور انہیں ان کا معاوضہ دیا جائے۔

مرینہ خان کی جانب سے پوسٹ شیئر کیے جانے کے بعد متعدد مداحوں نے بھی ان کے حق میں پوسٹ کی اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہروڈئیوسرز نے سینیئر اداکارہ کے ساتھ ایسا نامناسب سلوک اختیار کیا۔

مداحوں نے پروڈیوسرز پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹس کیں کہ جب وہ سینیئر اداکارہ کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کر سکتے ہیں تو نئے اداکاروں کا وہ کس طرح استحصال کرتے ہوں گے؟

ساتھ ہی لوگوں نے پروڈیوسرز پر تنقید کی کہ ایسے لوگ پاکستانی سینما کا عروج واپس لائیں گے اور وہ بھارت سمیت ہولی وڈ کے ٹکر کا مواد تیار کریں گے جو اپنے سینیئر اداکاروں کو معاوضہ تک فراہم نہیں کرتے۔

اگرچہ مرینہ خان نے پروڈیوسرز پر معاوضہ فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کیا، تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں کسی کا بھی نام مینشن نہیں کیا۔

مرینہ خان کے دعوے کے بعد ’یارا وے‘ کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر پروڈیوسرز نے وضاحتی بیان جاری کیا اور اداکارہ سے معافی بھی مانگی اور انہیں یقین دلایا کہ تفتیش کے بعد انہیں معاوضہ فراہم کردیا جائے گا۔

’یارا وے‘ فلم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ فلم کو ریلیز کرنے والی پروڈکشن کمپنی نے ایک اور کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا تھا اور جس کمپنی کی مدد سے فلم بنائی گئی اس کمپنی کی انتظامیہ درمیان ہی منصوبہ چھوڑ کر لاپتا ہوگئی ہے، جس سے روابط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رومانوی فلم ’یارا وے‘ رواں برس جون میں ریلیز کرنے کا اعلان

کمپنی کے مطابق انہوں نے بھاگ جانے والی کمپنی کی انتظامیہ کو اداکاروں کی تمام ادائیگیاں دے دی تھیں مگر انہوں نے بعض اداکاروں کو معاوضہ نہیں دیا اور کمپنی فرار ہوگئی اور فرار ہونے والی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

فلم کی پروڈکشن کمپنی نے مرینہ خان کو مینشن کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ جلد انہیں ان کا معاوضہ فراہم کردیا جائے گا اور انہیں تکلیف پہنچانے والی دوسری پروڈکشن کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

مرینہ خان کی فلم ’یارا وے‘ کو رواں برس جون میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر اس کی نمائش موخر کرکے اب اسے ستمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

’یارا وے‘ میں سمیع خان اور جاوید شیخ بھی شامل ہیں جب کہ اس میں بھارتی اداکارہ پونم پانڈے کا بھی مختصر کردار ہے۔

فلم کے ذریعے اداکارہ علیزے نصیر اداکاری کا آغاز کرنے جا رہی ہیں اور وہ اس فلم کے پروڈیوسرز میں بھی شامل ہیں۔

’یارا وے‘ کی کہانی التھیا کوشل نے لکھی ہے جب کہ اس کے ڈائیلاگ پاکستانی لکھاری و صحافی مہوش اعجاز نے لکھے ہیں اور اس کی ہدایات منیش پور نے دی ہیں ۔ ’یارا وے‘ کی کہانی ٹرائی اینگل محبت کے گرد گھومتی ہے اوراس کی زیادہ تر شوٹنگ تھائی لینڈ اور دبئی سمیت دیگر مقامات پر کی گئی ہے ۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024