• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو 'آفت زدہ' قرار دے دیا

شائع August 2, 2022
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ افراد میں امدادی چیک بھی تقسیم کیے — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ افراد میں امدادی چیک بھی تقسیم کیے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو 'آفت زدہ' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں کے مکانات کو نقصان پہنچا ہے انہیں 25 لاکھ روپے معاوضہ ملے گا، جو سڑکیں متاثر ہوئی ہیں وہ بھی ساری نئی بنیں گی۔

راجن پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب پر قابو پانے کے لیے ہمیں کچھ فوری اور کچھ دیرپا اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2004 میں جب یہاں سیلاب آیا تھا اس وقت میں یہاں آیا تھا اور میں نے یہاں بند بنانے کے لیے ڈھائی ارب روپے مختص کیے تھے تاکہ جب سیلاب آئے تو بند کے ذریعے پانی دریا میں ڈال دیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں بارش کے نتیجے میں کچا مکان گرنے سے 10 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ اس وقت 60 روپے کا ڈالر تھا تو میں ڈھائی ارب روپے اس منصوبے کے لیے مختص کرکے گیا تھا لیکن آج جب ہم یہاں آئے ہیں تو وہی رقم 15 ارب روپے بنتی ہے، شہباز شریف یہاں 15 سال رہے لیکن کچھ نہیں کر سکے، جو پہلے کا کام ہوا تھا وہ سارا میں نے ہی کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کم از کم شہباز شریف کو اس بات پر شرم ضرور آنی چاہیے، وہ یہاں یونہی آتے ہیں اور ہیلی کاپٹر پر بیٹھے بیٹھے تصویر کھنچوا کر چلے جاتے ہیں، انہوں نے لوگوں کے ساتھ مذاق بنایا ہوا ہے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ اس طرح کی حرکت ناقابل برداشت ہے، یہ کیوں لوگوں کا مذاق اڑاتے ہیں، انہوں نے لوگوں کے لیے کیا کچھ نہیں ہے بس باتیں بناتے ہیں۔

مزید پڑھیں: طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب کی تباہ کاریاں، مزید 27 شہری لقمہ اجل بن گئے

انہوں نے کہا کہ میں نے اب اس کام کے لیے 20 ارب روپے مختص کردیے ہیں، سیکریٹری اریگیشن کو کہہ دیا ہے کہ فوری طور پر اس پر کام شروع کروا دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پٹواریوں پر مشتمل 25 ٹیمیں ان علاقوں میں جائزے کے لیے جائیں گی، اگر مسلم لیگ (ن) یا پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے کا بھی نقصان ہوا ہے تو اسے بھی سہولت ملنی چاہیے، وہ بھی سارے انسان اور ہمارے بھائی ہیں، آپ ان کے لیے کام کریں، ہوسکتا ہے کہ وہ آپ کے ساتھ آجائیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں سیلاب سے متاثرہ تمام علاقے کو آفت زدہ قرار دے رہا ہوں، جن لوگوں کے مکانات کا نقصان ہوا ہے انہیں 25 لاکھ روپے معاوضہ ملے گا، جو سڑکیں متاثر ہوئی ہیں وہ بھی ساری نئی بنیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کیلئے امداد کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ امدادی سامان اور پیسے ہر گھر تک جائیں گے، اس میں کوئی تفریق نہیں ہوگی۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ افراد میں امدادی چیک بھی تقسیم کیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024