• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

’صلاح الدین ایوبی‘ کا سیٹ تیار

شائع August 1, 2022
اب جلد شوٹنگ شروع کیے جانے کا امکان ہے—فوٹو: انسٹاگرام
اب جلد شوٹنگ شروع کیے جانے کا امکان ہے—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان اور ترکی کے پروڈیوسرز اور پروڈکشن ہاؤسز کی جانب سے بنائے جانے والے ڈرامے ’صلاح الدین ایوبی‘ کا شوٹنگ سیٹ تیار ہوگیا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کردی گئیں۔

ڈرامے کے پروڈیوسرز میں شامل عدنان صدیقی اور کاسٹ میں شامل اداکارہ عائشہ عمر سمیت ڈرامے کے پروڈکشن ہاؤس ’ڈاکٹر کاشف انصاری فلمز‘ کے انسٹاگرام پر سیٹ کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، ترکی صلاح الدین ایوبی پر مشترکہ ٹی وی سیریز بنائیں گے

عدنان صدیقی کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں انہیں ہمایوں سعید اور عائشہ عمر کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے اور انہوں نے ایک تصویر میں ترکی کی روایتی پگڑی پہن رکھی تھی۔

عائشہ عمر نے بھی ’صلاح الدین ایوبی‘ کے سیٹ سے تصاویر شیئر کیں، علاوہ ازیں انہوں نے ترکی کے سیر سپاٹوں کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

ڈاکٹر کاشف انصاری فلمز کے انسٹاگرام پر بھی ڈرامے کے سیٹ کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئیں۔

پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں سینیٹر فیصل جاوید خان نے بتایا کہ ’صلاح الدین ایوبی‘ کی شوٹنگ کے لیے 200 ایکڑ پر مشتمل سیٹ تیار کیا گیا ہے، جس میں قدیم زمانے کے قصبے بھی بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے ’صلاح الدین ایوبی‘ کی تیاری کو دونوں ممالک کی ڈراما انڈسٹری کے لیے بہتر قرار دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ اس سے پاکستانی ڈراما انڈسٹری کو ایک نیا رخ ملے گا۔

مزید پڑھیں: صلاح الدین ایوبی پر سیریز کا ہدف مسلمانوں سے زیادہ غیر مسلم ہیں، پروڈیوسرز

ان کے علاوہ اداکارہ جویریہ سعود نے بھی ’صلاح الدین ایوبی‘ کے سیٹ سے متعدد تصاویر شیئر کیں، جن میں ان کے بچوں اور شوہر اداکار سعود کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

جویریہ سعود نے شوہر اور بچوں کی ترک اداکاروں کے ساتھ کھچوائی گئی تصاویر بھی شیئر کیں۔

اگرچہ ’صلاح الدین ایوبی‘ کا سیٹ تیار ہوچکا ہے، تاہم فوری طور پر پروڈکشن ہاؤسز نے ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے کوئی بیان جاری نہیں کیا، اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ سیٹ کے تیار ہوتے ہی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

سیٹ کے تیار ہونے کے بعد اب ممکنہ طور پر ڈرامے کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی اور آئندہ چند ہفتوں میں ’صلاح الدین ایوبی‘ کے پہلے موشن پوسٹر کو جاری کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

اس ڈرامے کے حوالے سے دسمبر 2021 میں پروڈیوسر ڈاکٹر کاشف انصاری نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ایشین کو بتایا تھا کہ ڈرامے کے آڈیشن کے پہلے مرحلے کے بعد چار پاکستانی اداکاروں عائشہ عمر، اشنا شاہ، فرحان آغا اور عدنان جیلانی کو کاسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے جب کہ مزید اداکاروں کو کاسٹ کیے جانے پر کام جاری ہے۔

ان سے قبل عدنان صدیقی نے بھی ستمبر 2021 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ جنگجو صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار پاکستانی نہیں بلکہ ترک اداکار کریں گے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ مذکورہ ڈرامے کے چار پاکستانی نژاد پروڈیوسر ہیں، جن میں وہ اور اداکار ہمایوں سعید بھی شامل ہیں جب کہ دیگر دو پروڈیوسرز میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کاشف انصاری اور جنید علی شاہ شامل ہیں۔

اداکار نے بتایا تھا کہ پاکستان کے علاوہ ترکی سے بھی مذکورہ ڈرامے کے متعدد پروڈیوسرز ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عدنان صدیقی نے بتایا تھا کہ تاریخی ڈرامے کی محض 25 فیصد کاسٹ پاکستانی ہوگی جب کہ تین سیزن پر مشتمل مذکورہ ڈرامے کے پہلے سیزن کی پوری شوٹنگ ترکی میں ہوگی۔

ان کے مطابق ڈرامے کا پہلا سیزن مکمل طور پر وہیں شوٹ ہوگا اور اگلے چار ماہ کے اندر پاکستانی اداکاروں کو وہاں بھیج دیا جائے گا اور مذکورہ ڈرامے کو ویب سیریز کی طرح بنایا جائے گا اور اس کے کم از کم تین سیزن ہوں گے، ہر سیزن میں 34 قسطیں ہوں گی۔

ابھی تک صرف چار پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کی جا چکی ہے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
ابھی تک صرف چار پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کی جا چکی ہے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024