• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

پیٹرول 3.05 روپے سستا، ڈیزل 8.95 روپے مہنگا کرنے کا اعلان

شائع July 31, 2022 اپ ڈیٹ August 1, 2022
—فائل فوٹو: ڈان نیوز
—فائل فوٹو: ڈان نیوز

حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے فی لیٹر کمی اور ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 95 پیسے اضافے کا اعلان کر دیا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے ٹوئٹ میں بتایا کہ حکومت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 5 پیسے کمی کر سکتی ہے تاہم ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 95 پیسے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 62 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت میں 12 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کے بعد پیٹرول 227 روپے19 پیسے، ڈیزل 244 روپے19 پیسے، مٹی کا تیل 201 روپے 7 پیسے اور لائٹ ڈیزل 191 روپے 32 پیسے فی لیٹرہوجائے گا۔


پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر نئی قیمتیں

  • پیٹرول 227 روپے 19 پیسے

  • ڈیزل 244 روپے 19 پیسے

  • مٹی کا تیل 201 روپے 7 پیسے

  • لائٹ ڈیزل 191 روپے 32 پیسے


محکمہ خزانہ کی پریس ریلیز کے مطابق حکومت نے عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل اور شرح مبادلہ میں تبدیلی کے اثرات کو منتقل کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینئر حکومتی حکام نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں یکم اگست سے نمایاں کمی ہونی تھی لیکن روپے کی قدر میں کمی، پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) اور ڈیلرز کے کمیشن میں اضافے کی وجہ سے عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے فائدے سے صارفین محروم رہے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اور پیٹرول پر 5 روپے فی لیٹر اضافے کا کہا تھا تاکہ تمام پیٹرولیم مصنوعات پر پی ڈی ایل 15 روپے فی لیٹر کی یکساں شرح کو یقینی بنایا جا سکے، اس وقت پیٹرول پر پی ڈی ایل 10 روپے فی لیٹر، ڈیزل ، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر 5 روپے فی لیٹر لی جا رہی ہے۔

14 جولائی کو وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 18 روپے 50 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے کم کرنے کا اعلان کیا تھا، اپریل کے دوسرے ہفتے میں اقتدار سنبھالنے والے حکمراں اتحاد نے پہلی بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔

حکومت کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے تحت پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کو بتدریج 50 روپے فی لیٹر تک بڑھانا ہے اور رواں مالی سال کے دوران اس مد میں 855 ارب روپے جمع کرنے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024