• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

معاشی حالات کے پیش نظر انتخابات بہت جلد ہو سکتے ہیں، عمران خان

شائع July 31, 2022
عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت دی کہ  سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے  —فائل فوٹو: اے ایف پی
عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت دی کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے —فائل فوٹو: اے ایف پی

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی خراب صورتحال کی وجہ سے ملک میں عام انتخابات بہت جلد ہو سکتے ہیں۔

لاہور میں اراکین اسمبلی سے ملاقات کا اندرونی احوال سامنے آیا ہے جس کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ملکی معیشت بہت خراب حالت میں ہے، معاشی حالات کے پیش نظر انتخابات بہت جلد ہو سکتے ہیں، پارٹی کی تنظیم اور اراکین اسمبلی الیکشن کی تیاری کریں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے آج وزیر اعلیٰ پنجاب دفتر پہنچ کر پرویز الہٰی سے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا خیر مقدم کیا جبکہ مونس الہٰی بھی وہاں موجود تھے۔

مزید پڑھیں: آزادی مارچ: عمران خان کا نئے انتخابات کی تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد کے ڈی چوک میں قیام کا عزم

عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے انتظامی معاملات اور پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی، عمران خان نے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام تر کاوشیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

عمران خان نے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران ہدایات دیں کہ پارٹی کی تنظیم اور اراکین اسمبلی الیکشن کی تیاری کریں اور پارٹی کی تنظیم سازی کو مزید مضبوط کیا جائے۔

وزیراعلی نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے عمران خان کو آگاہ کیا جبکہ عمران خان نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت دی کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے انہیں آگاہ کیا کہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے انتظامیہ اور متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے انہیں بتایا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 8، 8 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

پرویز الٰہی نے سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کے خلاف بھرپور موقف پر کھڑا رہنے پر عمران خان کی سیاسی بصیرت کو سراہا، چیئرمین عمران خان سے ڈاکٹر ثاینہ نشتر اور ہاشم جوان بخت نے بھی ملاقات کی۔

عمران خان نے پنجاب میں احساس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے کی ہدایت دی اور احساس پروگرام پر عمل درآمد کے لیے ڈاکٹر ثاینہ نشتر کو ذمہ داری سونپی۔

اراکین سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے سابق پنجاب حکومت نے غریب خاندانوں کی مدد کے لیے ہمارے اس شاندار پروگرام کو روکا جو غریب افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اہم پروگرام ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام کو ناصرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی صدارت میں پنجاب اسمبلی کے اراکین کا اجلاس ہوا جہاں ڈاکٹر ثاینہ نشتر نے احساس پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے عمران خان کو بریفنگ دی جنکہ اجلاس میں لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن کے ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔

اجلاس میں اقلیتی اور مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے بھی شرکت کی، عمران خان نے الیکشن میں عمدہ کارکردگی پر ارکان اسمبلی کی کاوشوں کو سراہا۔

مزید پڑھیں: گورنر پنجاب کی برطرفی، عمران خان کا سپریم کورٹ سے آئین کی ’خلاف ورزی‘ پر نوٹس لینے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ ملک میں استحکام صاف و شفاف الیکشن سے ہی ممکن ہے، انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دی کہ پنجاب میں مربوط تنظیم سازی پر توجہ دی جائے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ سیاست میں پیسہ بنانے آتے ہیں لیکن اب عوامی شعور بیدار ہوچکا ہے،بچوں میں ملکی مسائل کے شعور کی بیداری خوش آئند ہے، قوم کی توقعات اب پی ٹی آئی سے وابستہ ہیں۔

اس موقعے پر پارٹی رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نظریے اور اصول کی سیاست کرنے والے ارکان اور کارکن عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔

اجلاس میں لاہور اور گوجرانوالہ کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا

سابق وزیر شفقت محمود، شہباز گل ،حافظ فرحت عباس،چیف وہیپ عباس علی شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025