• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

ٹیکس فراڈ کیس میں شکیرا کو 8 سال جیل بھیجنے کا مطالبہ

شائع July 30, 2022
وکلا نے گلوکارہ پر جرمانہ عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا—فوٹو: رائٹرز
وکلا نے گلوکارہ پر جرمانہ عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا—فوٹو: رائٹرز

یورپی ملک اسپین کے سرکاری وکلا نے عدالت سے معروف گلوکارہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کیس میں 8 سال تک جیل بھیجنے اور ان پر2 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔

خبر رساں ادارے ‘ایجنسی فرانس پریس’ (اے ایف پی) کے مطابق پراسیکیوٹرز نے بارسلونا کی عدالت سے استدعا کی کہ کولمبین نژاد گلوکارہ کو ٹیکس چوری کے کیس میں 8 سال قید کی سزا سمیت بھاری جرمانے کی سزا سنائی جائے۔

سرکاری وکلا نے عدالت میں مذکورہ درخواست ایسے وقت میں جمع کرائی ہے جب کہ حال ہی میں شکیرا نے حکام کی جانب سے ٹیکس فراڈ کیس کا تصفیہ کرنے کی پیش کش کی تھی۔

گلوکارہ کو تنازع ختم کرنے کے لیے تصفیے کی پیش کش بھی کی گئی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز
گلوکارہ کو تنازع ختم کرنے کے لیے تصفیے کی پیش کش بھی کی گئی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز

گلوکارہ کی جانب سے تصفیہ کو مسترد کیے جانے کے بعد سرکاری وکلا نے عدالت میں شکیرا کو 8 سال قید اور جرمانے کی سزا کی اپیل کی، تاہم عدالت نے فوری طور پر کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عدالت نے ابھی تک مذکورہ کیس کے باضابطہ ٹرائل کی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا۔

شکیرا کو اسپین میں گزشتہ چند سال سے ٹیکس فراڈ کے کیسز کا سامنا ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2012 سے 2014 کے دوران کی گئی عالمی کمائی کا ٹیکس جمع نہیں کروایا، تاہم وہ ایسے الزامات کو مسترد کرتی ہیں۔

شکیرا کے وکلا کے مطابق گلوکار اسپین میں باضابطہ طور پر 2015 میں منتقل ہوئیں، اس سے قبل وہ جزیرہ نما ملک بہاماس میں ٹیکس ادا کرتی رہی ہیں۔

گلوکار کے وکلا کے مطابق شکیرا کے ہسپانوی فٹ بالر جیرارڈ پیک سے تعلقات عام ہونے کے بعد ہی وہ اسپین منتقل ہوئیں، اس سے قبل وہ یہاں ٹیکس دینے کی پابند نہیں تھیں۔

شکیرا کے وکلا کا کہنا ہے کہ اداکارہ 2015 کے بعد اب تک اسپین میں ایک کروڑ 70 لاکھ یورو سے زائد کا ٹیکس ادا کیا اور وہ ٹیکس نادہندگان نہیں ہیں جب کہ 2012 سے 2014 کے درمیان وہ ہسپانوی حکام کو ٹیکس دینے کی پابند نہیں تھیں۔

سرکاری وکلا کی جانب سے گلوکارہ کو جیل بھیجنے کی درخواست اورشکیرا کے وکلا کی جانب سے اپنی موکل کا دفاع کیے جانے کے اعلان کے بعد اب ممکنہ طور پر عدالت میں باضابطہ ٹرائل کا آغاز ہوگا۔

مذکورہ ٹرائل کئی ہفتوں تک جاری رہ سکتا ہے اور امکان ہے شکیرا کے خلاف ٹرائل اسی سال کے اختتام سے قبل شروع ہوجائے اور اگر ان پر الزام ثابت ہوا تو انہیں جیل بھیجا جا سکتا ہے۔

شکیرا دنیا کی مقبول ترین گلوکاراؤں میں سے ایک ہیں، مجموعی طور پر ان کے میوزک ایلبمز کی 6 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں اور ان کے متعدد گانے عالمی سطح پر مشہور ہیں۔

شکیرا نے پہلا میوزک ایلبم 1991 میں ریلیز کیا تھا اور انہوں نے کم از کم 11 میوزک ایلبم ریلیز کیے، ان کا آخری میوزک ایلبم 2017 میں ریلیز ہوا تھا۔

میوزک ایلبم کے علاوہ شکیرا نے درجنوں سنگل گانے بھی ریلیز کیے، جنہوں نے کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے۔

شکیرا کے بہترین گانوں میں 2010 میں ریلیز ہونے والا ‘واکا واکا’ سب سے نمایاں ہے، علاوہ ازیں ان کے دیگر معروف گانوں میں ‘وین ایور، ویئر ایور، ہپس ڈونٹ لے، لا ٹورٹرا، لا لا لا، اوجاس آسی، لوکا اور پیرو فیل’ سمیت دیگر شامل ہیں۔

شکیرا نے محض 13 برس کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا، ان کی پیدائش لاطینی امریکی ملک کولمبیا میں لبنانی و اسپینش نژاد والدین کے ہاں ہوئی۔

شکیرا کے والد کے خاندان کا تعلق لبنان کے عرب قبیلے سے تھا، اس لیے گلوکارہ کا نام بھی عربی زبان میں رکھا گیا۔

انہوں نے 2010 کے بعد ہسپانوی فٹ بالر ر جیرارڈ پیک سے تعلقات استوار کیے تھے اور 2015 میں وہ اسپین منتقل ہوگئی تھیں اور انہیں فٹ بالر سے دو بچے بھی ہیں مگر حال ہی میں دونوں نے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تعلقات کو ختم کرنے کی تصدیق کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024