• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کو ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش کرنے کا اعلان

شائع July 29, 2022
سجل علی کی پہلی جھلک بھی جاری کردی گئی—فوٹو: انسٹاگرام
سجل علی کی پہلی جھلک بھی جاری کردی گئی—فوٹو: انسٹاگرام

مقبول پاکستانی اداکارہ سجل علی کی پہلی عالمی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کو رواں سال ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

فلم کی پروڈکشن کمپنی نے اداکارہ سجل علی کی فلم کی پہلی جھلک کو شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ فلم کا ورلڈ پریمیئر ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں ہوگا۔

سجل علی نے بھی فلم میں اپنی پہلی جھلک کو شیئر کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ فلم کو ٹورنٹو فیسٹیول میں پیش کرنے کے بعد ہی عالمی سطح پر ریلیز کیا جائے گا۔

پروڈکشن کمپنی نے اپنی ٹوئٹ میں اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کو برطانیہ اور پاکستان میں جنوری 2023 میں پیش کیا جائے گا۔

اس سے قبل کمپنی نے تصدیق کی تھی کہ فلم کو عالمی سینماؤں میں کرسمس کے موقع پر پیش کیا جائے گا، تاہم ممکنہ طور پر اسے پہلے امریکا، کینیڈا، یورپی ممالک اور بھارت میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اسے 2023 میں پاکستان اور برطانیہ میں ایک ساتھ ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی کہانی ایک فلم میکر خاتون کے رومانس کے گرد گھومتی ہے، جو اپنی شادی کے لیے ڈیٹنگ ایپس تک کو بھی آزما کر دیکھتی ہیں مگر انہیں ہمیشہ غلط مرد ہی ملتے ہیں۔

فلم کی کہانی کے مطابق مذکورہ فلم ساز لڑکی ‘زوئی’ (للی جیمز) بعد ازاں اپنی والدہ (ایما تھومپسن) کے کہنے پر اپنے پرانے پڑوسی پاکستانی لڑکے (شہزاد لطیف) سے شادی کے لیے لندن سے لاہور آتی ہیں۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح خاندان کی پسند سے ہونے والی شادی محبت کی شادی میں تبدیل ہوجاتی ہے اور فلم میں پاکستانی ثقافت، رسم و رواج کو بھی دکھایا گیا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم میں سجل علی کا کردار کتنا اہم ہے، تاہم اس میں ان کے علاوہ بولی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمیٰ بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: جمائما کی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ آئندہ سال ریلیز ہوگی

فلم میں پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے گانے بھی شامل ہیں جب کہ اس میں متعدد پاکستانی مناظر کو دکھایا گیا ہے اور اس کی شوٹنگ کے لیے لندن میں لاہور کا مصنوعی سیٹ تیار کیا گیا تھا۔

فلم کی ہدایات بولی وڈ فلم ساز شیکھر کپور دے رہے ہیں، جنہوں نے اس سے قبل 2007 میں ریلیز ہونے والی بائیوگرافی فلم (ایلزبتھ: دی گولڈن ایج) کی ہدایات دی تھیں، جسے بہترین پروڈکشن کا آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔

‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ (What’s Love Got To Do With It) کی کہانی جمائما گولڈ اسمتھ نے لکھی ہے اور اسے ‘اسٹوڈیو کینال’ نے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کی مرکزی کاسٹ میں پاکستانی اداکارہ سجل علی، بولی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی، عاصم چوہدری، جیف مرزا، مم شیخ، مریم حق اور سندھو وی شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024