• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

موبائل انٹرنیٹ رفتار میں پاکستان خطے میں سب سے آگے

شائع July 26, 2022
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

اگرچہ پاکستانی صارفین موبائل انٹرنیٹ کی سست رفتاری کا رونا روتے ہیں، تاہم انٹرنیٹ کی اسپیڈ پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان خطے کے دیگر ممالک سے آگے ہے۔

انٹرنیٹ اسپیڈ پر نظر رکھنے والے امریکی ملٹی نیشنل ادارے اوکلا کی اسپیڈ ٹیسٹ کی سال 2022 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان خطے کے دیگر ممالک بھارت، سری لنکا، بنگلا دیش اور افغانستان سے موبائل انٹرنیٹ میں آگے ہے۔

رپورٹ میں موبائل انٹرنیٹ کی اسپیڈ میں 139 ممالک کو شامل کیا گیا ہے، جس میں پاکستان 116 ویں نمبر پر ہے۔

افغانستان اور بنگلادیش موبائل انٹرنیٹ کے حوالے سے دنیا کے 10 بدترین ممالک میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں موبائل پر انٹرنیٹ کی ڈاؤن لوڈنگ کی اوسط رفتار 14.63 ایم بی پی ایس جب کہ اپ لوڈنگ کی اوسط رفتار 9.38 ایم بی پی ایس ہے جو کہ خطے کے دیگر ممالک سے زیادہ ہے۔

حیران کن طور پر انٹرنیٹ ٹیکنالوجی آلات اور سسٹمز کے حوالے سے پاکستان سے کئی گنا آگے رہنے والے بھارت میں بھی موبائل انٹرنیٹ رفتار سست ہے اور وہ فہرست میں پاکستان سے دو قدم پیچھے ہے۔

بھارت مذکورہ فہرست میں 118 ویں نمبر پر ہے جب کہ سری لنکا 121 ویں، بنگلا دیش 130 ویں جب کہ افغانستان 138 ویں نمبر پر ہے، یعنی افغانستان بدترین ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے۔

اسی طرح رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ برانڈ بینڈ انٹرنیٹ کی رفتار کے حوالے سے پاکستان پڑوسی ملک بھارت سے بہت زیادہ پیچھے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں انٹرنیٹ کی آزادی زوال پذیر ہے، رپورٹ

برانڈ بینڈ یا فکسڈ انٹرنیٹ کے حوالے سے پاکستان 182 ممالک میں سے 150 ویں نمبر پر ہے جب کہ بھارت اس فہرست میں 72 ویں نمبر پر ہے۔

اس فہرست میں صرف افغانستان ہی پاکستان سے اسپیڈ میں پیچھے ہے جب کہ سری لنکا اور بنگلادیش بھی فکسڈ انٹرنیٹ کی رفتار میں پاکستان سے کہیں آگے ہیں۔

موبائل انٹرنیٹ کی اسپیڈ سب سے زیادہ تیز یورپی ملک ناروے میں ہے جب کہ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور تیسرے نمبر پر بلغاریہ ہے۔

موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ کے حوالے سے 10 بہترین ممالک میں پانچویں نمبر پر قطر، ساتویں نمبر پر کویت اور نویں نمبر پر سعودی عرب ہے جب کہ دسویں نمبر پر چین ہے۔

اسی طرح فکسڈ انٹرنیٹ رفتار کے حوالے سے امریکی ملک چلی پہلے نمبر پر ہے اور اس کیٹیگری میں پہلے بہترین 10 ممالک میں ایک بھی مسلمان ملک شامل نہیں۔

برانڈ بینڈ انٹرنیٹ اسپیڈ کے حوالے سے متحدہ عرب امارات 15 ویں، کویت بیسویں جب کہ سعودی عرب 38 ویں نمبر پر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024