• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

یوٹیوبر زید علی حادثے کا شکار

شائع July 26, 2022
یوٹیوبر نے مداحوں سے دعا کی اپیل کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
یوٹیوبر نے مداحوں سے دعا کی اپیل کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

یوٹیوبر زید علی نے خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہونے کے بعد مداحوں سے صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

زید علی نے 26 جولائی کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں حادثے سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے سر پر شدید ٹوٹیں لگیں اور وہ بے ہوش تک ہوگئے۔

یوٹیوبر کے مطابق آپریشن کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں بتایا کہ وہ خوشقسمت ہیں کہ ان کے سر کے اندر زیادہ زخم نہیں لگے اور وہاں خون نہیں بہا۔

انہوں نے لکھا کہ پچھلے کچھ دن ان کی زندگی کے مشکل ترین دن تھے اور ان کے سر پر لگی چوٹ ان کے لیے خطرناک ترین ثابت ہوئی اور وہ شدید ترین تکلیف اور درد سے گزرے۔

یہ بھی پڑھیں: زید علی اور یمنیٰ کی پہلی ویڈیو میں مداحوں کو دلچسپ جوابات

زید علی نے اپنی تکالیف کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ تاحال وہ کھانے پینے سے محروم ہیں اور ان کا سر سوجا ہوا ہے اور انہیں کافی درد بھی ہو رہا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

یوٹیوبر کے مطابق وہ تاحال الٹیاں کر رہے ہیں اور ان کی حالت زیادہ بہتر نہیں، تاہم انہیں ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ وہ ایک ہفتے میں بہتر ہوجائیں گے لیکن انہیں مکمل صحت یاب ہونے میں کئی ماہ لگے سکتے ہیں۔

انہوں نے حادثے کے بعد کی تکالیف کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ حادثے کا شکار ہونے کے بعد انہوں نے خدا سے دعائیں مانگیں کہ ان سے ہر چیز واپس لے کر انہیں درد سے نجات دلائی جائے۔

مزید پڑھیں: زید علی شادی کے بندھن میں بندھ گئے

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ٹریفک حادثے کے بعد ہی انہیں صحت مند زندگی کا احساس ہوا اور انہیں معلوم ہوا کہ صحت کتنی بڑی نعمت ہے۔

انہوں نے مداحوں سے صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ جو شخص صحت مند ہے، اس کے پاس دنیا کی ہر نعمت موجود ہے۔

یوٹیوبر نے واضح طور پر نہیں لکھا کہ وہ کب اور کیسے حادثے کا شکار بنے اور نہ ہی انہوں نے حادثے کی جگہ بتائی۔

زید علی اہل خانہ کے ہمراہ کینیڈا میں مقیم ہیں، تاہم وہ پاکستان بھی آتے رہتے ہیں۔

انہوں نے اگست 2017 میں یوٹیوبر یمنیٰ علی سے شادی کی تھی اور دونوں کے ہاں اگست 2021 میں پہلے بیٹے ’ازیان علی زید‘ کی پیدائش بھی ہوئی تھی۔

زید علی اور یمنیٰ علی یوٹیوب پر اپنے ولاگز میں ذاتی زندگی سے متعلق بھی معلومات شیئر کرتے رہتے ہیں اور انہیں پاکستان بھر میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024