دھمکی دی گئی سیف علی خان سے شادی نہ کرو، کیریئر ختم ہوجائے گا، کرینہ کپور
بولی وڈ بے بو کہلانے والی اداکارہ کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ایک دہائی قبل انہیں سیف علی خان سے شادی نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں کیریئر ختم ہونے کی دھمکی دی گئی۔
کرینہ کپور نے 2012 میں سیف علی خان سے شادی کی تھی، سیف علی خان اس وقت 51 سال جب کہ کرینہ کپور 41 برس کی ہو چکی ہیں، دونوں کی عمر میں 10 سال کا فرق ہے۔
ان کے ہاں پہلے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش دسمبر 2016 میں ہوئی تھی، دونوں کے ہاں دوسرے بیٹے ’جہانگیر علی خان‘ عرف ’جے‘ کی پیدائش فروری 2021 میں ہوئی تھی۔
حال ہی میں اداکارہ کے تیسری بار حاملہ ہونے کی افواہیں بھی پھیلی تھیں، جنہیں انہوں نے مسترد کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:کرینہ اور سیف کے گھر بیٹے کی پیدائش
کرینہ کپور پہلے بھی سیف علی خان سے شادی سے متعلق باتیں کر چکی ہیں اور پہلے بھی بتا چکی ہیں کہ انہیں خود سے زائد العمر مسلمان اداکار سے شادی کرنے سے روکا گیا تھا۔
اب ایک بار پھر انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سیف علی خان سے شادی کی صورت میں کیریئر ختم ہونے کی دھمکی تک دی گئی۔
زوم ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کرینہ کپور نے بتایا کہ انہیں واضح طور پر کہا گیا کہ سیف علی خان سے شادی نہ کرو، تمہارا کیریئر ختم ہوجائے گا۔
مزید پڑھیں:کرینہ اور سیف کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش
ان کے مطابق انہیں کیا گیا کہ بولی وڈ میں کوئی بھی شادی شدہ عورت کے ساتھ کام کرنا پسند نہیں کرتا، اس لیے تمہارا کیریئر ختم ہوجائے گا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے سیف سے شادی نہ کرنے کا مشورہ دینے والوں کو کہا کہ اگر کوئی ان کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہے گا تو وہ بھی کسی کے ساتھ کام نہیں کریں گی، انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے لوگوں کو کہا کہ اگر انہیں کوئی کام نہیں دے گا تو وہ گھر میں بیٹھ جائیں گی یا کوئی اور کام کرلیں گی۔
اگرچہ کرینہ کپور نے بتایا کہ انہیں سیف علی خان سے شادی کرنے سے روکا گیا مگر انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں ایسا مشورہ کن شخصیات نے دیا؟
ساتھ ہی انہوں نے انٹرویو میں اپنے بچوں کی تصاویر اور میڈیا تشہیر پر بھی بات کی اور بتایا کہ انہیں بعض اوقات یہ سب چیزیں غیر یقینی صورتحال میں مبتلا کردیتی ہیں۔