• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

انشورنس کارڈ اور ابوظہبی کا صحت کا نظام

شائع August 11, 2022

ابوظہبی منتقل ہونے کے بعد شروع کے چند ماہ بہت مشکل تھے۔ یہ معاشرہ، یہ لوگ اور یہ نظام سمجھ ہی نہیں آتا تھا، خصوصاً صحت کا نظام تو بہت ہی مختلف تھا۔

یہاں اسپتال نہایت ہی عمدہ اور شاندار تھے، ایسے کہ ہمارے ہاں کے فائیو اسٹار ہوٹل بھی نہیں ہوتے۔ مگر وہاں اور پاکستان میں ایک بنیادی فرق تھا اور وہ یہ کہ امارات میں اگر اسپتال پرائیوٹ ہے تو اس کی سہولیات محدود بھی ہوں گی اور اس کی صورتحال خستہ حال بھی، مگر اس کے برعکس سرکاری اسپتال نہ صرف شاندار اور چم چم کرتے ہیں بلکہ وہاں سہولیات بھی اعلیٰ اور عمدہ ہوتی ہیں۔

جب انسان نیا نیا کہیں جاتا ہے تو عموماً وہ ویسا ہی نظام اور ویسی ہی چیزوں کو اپنے آس پاس ڈھونڈتا ہے جن کا وہ عادی ہوتا ہے، وہ اس سے بے نیاز ہوتا ہے کہ کیا اچھا ہے اور کیا بُرا چنانچہ ہم بھی ایک تو نئے تھے، دوسرا شروع میں فیملی انشورنس نہیں تھی تو خوب جان مار کر کوئی چھوٹا سا ڈھابے جیسا اسپتال ڈھونڈتے، جہاں ڈاکٹر اور نرس ہم سے پاکستانی اوکھے اور لٹھ مار انداز میں بات کرکے ہمیں اپنائیت کا احساس بھی دلاتے اور 50، 60 درہم لے کر ایک نسخہ بھی پکڑا دیتے۔

مگر جب انشورنس آگئی تو بھی وہ ایک زحمت لگتی۔ کسی بڑے اسپتال میں جاکر بیٹھو، پھر ایک نرس کے ساتھ جاؤ جو پہلے آپ کا ٹمپریچر اور بی پی چیک کرے، وزن نوٹ کرے، آپ اور آپ کے سارے خاندان کی بیماریوں، دوائیوں اور الرجیوں کی ہسٹری لے، سب کو کمپیوٹر میں رجسٹر کرے اور بلآخر ایک فائل بناکر تیار کر لے اور آپ پھر جاکر ڈاکٹر کی باری کے انتظار میں بیٹھ جائیں۔

ڈاکٹر کے پاس لے جانا بھی اسی نرس کی ذمہ داری تھی۔ ڈاکٹر آپ کو چیک کرتا، پوری توجہ سے آپ کے مسائل سنتا، پوری ذمہ داری اور شائستگی سے آپ کے سوالات کے جواب دیتا اور آپ سے تفصیلات جاننے کے بعد ان کو کمپیوٹر میں درج بھی کرتا جاتا اور کم و بیش 20، 25 منٹ بعد آپ کو کیمیائی ناموں سے بھرا پرنٹ شدہ نسخہ پکڑا دیتا جسے ہر کسی کے لیے پڑھنا ممکن نہیں ہوتا۔ پاکستان میں تو ہر ایک فرد آگمنٹن، فلیجل اور اریتھرامائسن کے نام یاد رکھتے ہیں مگر یہاں نسخے پر صرف کیمیائی نام لکھے ملتے ہیں جن میں سے دوائیوں کے نام اخذ کرنا فارماسسٹ کی نوکری تھی۔

ابوظہبی کے ایک سرکاری اسپتال کا ہال وے— تصویر: لکھاری
ابوظہبی کے ایک سرکاری اسپتال کا ہال وے— تصویر: لکھاری

ہم 2 منٹ میں ڈاکٹر کے کمرے سے نکالے جانے والی پاکستانی مخلوق تھے لہٰذا ہم سے کہاں برداشت ہوتے ایسے تاخیری حربے۔ ہمیں تو عادت تھی دھکے لگا کر آگے گھسنے کی، عملے پر چیخ چلا کر جلدی اندر جانے کی کہ ہم سے زیادہ تو آج تک کسی نے انتظار نہیں کیا نہ ہم سے زیادہ کبھی کوئی بیمار ہی ہوا اور ڈاکٹر 2 منٹ میں ہمیں دوائیوں کے نام بتا دیتا جسے جاکر ہم فٹا فٹ فارمیسی سے خرید لیتے۔

مگر امارات میں فارمیسی میں صرف وہی فرد نوکری کرسکتا ہے جس نے کم از کم بی فارمیسی کر رکھا ہو اور یہ اسی کی ڈیوٹی ہوتی کہ وہ ہمیں نسخہ کسی بھی دستیاب نام اور کمپنی کا ڈھونڈ کر دے اور ہمیں باقاعدہ اس کی ڈوز سمجھائے۔ یہ نہیں کہ ڈاکٹر کو اپروچ کرلیا گیا ہے تو وہ اب سب کو آگمنٹن ہی لکھے جا رہا ہے۔ ڈاکٹر کسی کمپنی کے نام کی دوا تجویز نہیں کرسکتا تھا اس کا کام صرف اس دوا کا کیمیائی نام لکھنا تھا۔ نرس، ڈاکٹر، کمپیوٹر اور فارماسسٹ یہ چاروں مل کر عرب امارات میں وہ کام کرتے ہیں جو پاکستان میں ایک اکیلا اور تگڑا ڈاکٹر کرتا ہے اور محض 5 سے 10 منٹ میں کرتا ہے۔

ابوظہبی کے سرکاری اسپتال کی انتظار گاہ— تصویر: لکھاری
ابوظہبی کے سرکاری اسپتال کی انتظار گاہ— تصویر: لکھاری

اسپتال کے ایک کمرے کا منظر—تصویر: لکھاری
اسپتال کے ایک کمرے کا منظر—تصویر: لکھاری

کچھ وقت گزرا تو آہستہ آہستہ سرکاری اسپتالوں کے ساتھ فلرٹ کرنا شروع کیا۔ چونکہ انشورنس کی سہولت میسر آچکی تھی تو اس سے فائدہ حاصل کرنے کی ہمت کی اور سچ پوچھیے تو آنکھوں پر لگی پٹی کھلنے لگی۔

یقیناً پہلی مرتبہ فائل بننے میں کچھ وقت لگا، لیکن جب وہ بن گئی تو دوسرے تیسرے وزٹ پر ڈاکٹر کے سامنے ہماری ساری ہسٹری کھل جاتی۔ پچھلی بار کب بیمار ہوئے اور کیا کھایا تھا؟ اس بار کیا ہوا، کچھ بتانا نہ پڑتا، سب کچھ کمپیوٹر میں درج ہوتا۔ صاف ستھرے چم چم کرتے اعلٰی معیار کے وی وی آئی پی اسپتال، عملہ جی سر، یس میم کرتا، جھک جھک خدمت کرتا، بیٹھنے کے لیے خوبصورت نفیس صوفے، بچوں کے کلینکس میں خوبصورت کھلونوں اور تصاویر سے بھرے ویٹنگ رومز تاکہ بچے بور نہ ہوں، عزت اور توجہ دیتا ڈاکٹر اور مفت کا علاج (سچ تو یہ ہے کہ غریب پاکستانی کو اتنی عزت کی عادت ہی نہیں ہوتی چنانچہ کوئی ذٓرا سا بڑھ کر حال پوچھتا تو وہ گھبرا جاتے ہیں)۔

فیس کی مد میں صرف برائے نام کچھ فیصد ادا کرنا اور سیکڑوں کی دوا لے کر اور علاج کروا کر گھر لوٹ آنا۔ کسی سرجری یا مجبوری میں اسپتال داخل ہونا پڑتا تو ایسی دیکھ بھال میسر آتی جس کا تصور بھی پاکستان میں نہیں، پھر اسپتال کے کھانے بھی ایسے کہ انسان فائیو اسٹار ہوٹل کو بھول جائے۔ زندگی میں اتنی سہولیات اور آسانیاں بھی کبھی ہوسکتی ہیں یہ ہم پاکستانیوں کو کہاں معلوم تھا۔

مریض قابلِ توجہ اور اہمیت کا حامل ہوتا ہے یہ بھی ہم نے امارات میں ہی جانا۔ ڈاکٹر، نرس اور اسپتال کا کام مریض کی صحت، عزت اور زندگی کا خیال رکھنا ہے اسے مجروح کرنا نہیں یہ بھی ہم نے ان بدوؤں کے دیس میں جانا۔ سستی سے سستی دوا بھی 20، 30 درہم سے شروع ہوتی اور 100، 200 اور 300 درہم تک جاتی۔ مگر ہمیں کیا پروا تھی ہمیں تو اپنی خوراک کے حساب سے پوری 300، 400 درہم کی دوا 40، 50 درہم میں مل جاتی۔ وہ بھی پوری نسخے کے مطابق نہ اس سے کم نہ اس سے زیادہ۔

ابوظہبی کے سرکاری اسپتال میں چلڈرن وارڈ میں موجود انتظار گاہ— تصویر: لکھاری
ابوظہبی کے سرکاری اسپتال میں چلڈرن وارڈ میں موجود انتظار گاہ— تصویر: لکھاری

چلڈرن وارڈ کی انتظار گاہ— تصویر: لکھاری
چلڈرن وارڈ کی انتظار گاہ— تصویر: لکھاری

ہم پاکستانیوں کو عادت ہے کہ چند ایک اینٹی بائیوٹک کا نام یاد کرلیتے ہیں اور پھر کچھ بھی ہوجائے تو نزدیکی فارمیسی سے وہ لے کر کھا لیتے ہیں۔ باقی سائیڈ افیکٹ اور اینٹی بائیوٹک کا پروٹوکول جانے ہماری بلا۔ مگر یہاں پر پورا ابوظہبی اور پورا دبئی ڈھونڈ لو، مجال ہے جو کوئی فارمیسی والا چپکے سے 2 کیا ایک ہی گولی اینٹی بائیوٹک کی دے دے۔ بغیر نسخے کے اینٹی بائیوٹک بیچنا جرم ہے جس کی جرأت سوائے چند ایک ایشیائی لوگوں کے کوئی نہیں کرتا۔

ہم نے بھی بلآخر ڈھونڈ ہی لیا شارجہ میں ایک انڈین جو چپکے سے آگمنٹن کی ایک ڈبی ہمیں پکڑا دیتا۔ کیا کریں ہماری بُری عادتیں جتنی سیدھا کر لو کہیں نہ کہیں رہ ہی جاتی ہیں۔ قوانین چاہے ہمارے ہی بھلے کے ہوں ہم اپنی مرضی سے ان کو توڑتے رہنا چاہتے ہیں۔ عوام کی صحت اور تحفظ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے اور یہ سارا نظام اسی ذمہ داری کو بھرپور طریقے سے پورا کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔

ڈاکٹر بھی اتنی جلدی اینٹی بائیوٹک نہیں لکھ سکتے۔ 2، 3 چکر لگوا کر جب یقین ہوگا کہ اب اینٹی بائیوٹک کے بغیر گزارا نہیں تب ہی لکھتے ہیں ورنہ غیر ضروری اینٹی بائیوٹک دینے پر ڈاکٹر کا لائسنس منسوخ ہوسکتا ہے۔

دراصل ہمیں تو عادت ہوچکی تھی کہ ڈاکٹر نے ایک لائٹ منہ میں ماری، دو ہاتھ کمر پر اور فٹ سے کاغذ پر گندی سی تحریر میں اینٹی بائیوٹک لکھ کر پکڑا دی تو اب یہاں فوراً اینٹی بائیوٹک نہ ملتی تو ہم بھی جھنجھلا جاتے۔ جلدی سے ختم کیوں نہیں ہوتی بیماری؟ آخر ڈاکٹر اینٹی بائیوٹک کیوں نہیں دیتا؟

ابوظہبی کے سرکاری اسپتال کا چلڈرن وارڈ— تصویر: لکھاری
ابوظہبی کے سرکاری اسپتال کا چلڈرن وارڈ— تصویر: لکھاری

ایک بار بیٹے کا ٹانسلز کا آپریشن تھا۔ وی وی آئی پی کمرے میں 2، 3 دن کا قیام اور آپریشن جس کی اصل قیمت ہزاروں درہموں میں تھی لیکن انشورنس کے ساتھ سیکڑوں میں ہوگیا۔ اس دوران ہونے والا ایک واقعہ بھی یاد آگیا کہ میرے بیٹے کو ڈرپ لگانے والے عملے کو رگ نہیں مل رہی تھی اور انہوں نے بچے کے بازو پر 4، 5 بار سرنج لگا کر اسے رُلا رُلا کر بُرا حال کردیا۔ ہم نے بس اتنا کیا کہ گوگل میپ پر جاکر کمنٹ میں سب لکھ دیا۔ بس پھر کیا تھا، وہاں تو انکوائری کی لائینیں لگ گئیں کہ یہ ہوا کیسے؟ آپریشن پر جانے سے پہلے بچے کو اتنا کیوں رُلایا گیا، عملے کو ڈرپ کیوں نہیں لگانی آئی، اتنے سوراخ کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ جانے کس کس کی نوکری گئی اور معذرتیں الگ ہوئیں۔

اب ہم پاکستان میں ہیں اور دارالحکومت کے بڑے اور مہنگے ہسپتال جاتے ہیں مگر نہ وہ صفائیاں، چم چم کرتے فرش اور دیواریں نظر آتی ہیں نہ وہ عزت دیتا عملہ۔ اور تو اور قابل سے قابل باہر کا پڑھا لکھا ڈاکٹر بھی دوسرے ہی سوال پر چڑھ دوڑتا ہے کہ یہ کوئی سوال ہے کرنے والا، یا یہ کہ میرا وقت ضائع ہوگیا۔

ایمرجنسی میں ایک بار بیٹے کو لیے بھاگے گئے تو لیڈی ڈاکٹر 5 کلو میک اپ اور کھلے استری شدہ بال لیے ایمرجنسی میں بیٹھی ویڈیو کال پر مصروف تھی۔ کال بند ہوتے ہوتے 3، 4 منٹ اور ضائع کیے اور اس کے بعد بھونڈے انداز میں ہماری طرف متوجہ ہوئیں کہ کیا مسئلہ ہے۔ ان کو کوئی بتائے کہ بی بی آپ ہمارے لیے یہاں بیٹھی ہیں ہم کوئی آپ کے بیڈروم میں تھوڑا گھس آئے ہیں۔ ایمرجنسی میں یقینی طور پر ایمرجنسی جیسی کوئی صورتحال نہیں ہوتی۔ میڈیکل افسر کمرے سے نکلنا شان میں گستاخی جبکہ چھوٹا عملہ چھوٹے سے ایمرجنسی وارڈ میں باآواز بلند خوش گپیاں کرنا اور دھیرے دھیرے کام کرنا اپنا حق اور فرض سمجھتا ہے۔

پیسے بھی سارے ہماری ہی جیب سے جاتے ہیں اور شور کرکے عملے کو مجبور بھی خود ہی کرنا پڑتا ہے کہ خدا کے لیے کچھ کردو۔ کئی بار بچوں کو ایمرجنسی میں لے جانا پڑا۔ کبھی 2، 3 گھنٹے کے قیام میں میڈیکل افسر کی شکل تک نہیں دیکھی۔ ڈاکٹر صرف افسر بننا چاہتے تھے بن گئے اب دکھی انسانیت کے دکھوں سے اکثریت کا کوئی لینا دینا نہیں۔ بس چلتے پھرتے افسر ہونا چاہیے انسان کو۔

ہمیں یہ بھی یاد آیا کہ ابوظہبی قیام کے اتنے سالوں میں ہم نے ڈاکٹر کو اتنا سجا سنورا بھی نہیں دیکھا اور ایمرجنسی میں پارٹی میک اپ اور ملبوسات کے ساتھ آنا کونسا پروفیشنلزم ہے؟ یہ بھی پاکستان میں ہی ہوتا ہے کہ پارٹی ویئر اور آفس ویئر ایک سے ہیں۔ ایمرجنسی وارڈ میں اگر ڈاکٹر کو اپنے حُسن کی فکر ہے تو ایمرجنسی میں اس کا کوئی کام نہیں۔ کیا ہمارے میڈیکل کالجز میں کوئی کوڈ آف کنڈکٹ نہیں پڑھایا جاتا؟

امارات میں صرف وہی فرد فارمیسی میں نوکری کرسکتا ہے جس نے کم از کم بی فارمیسی کر رکھا ہو— تصویر: اے ایف پی
امارات میں صرف وہی فرد فارمیسی میں نوکری کرسکتا ہے جس نے کم از کم بی فارمیسی کر رکھا ہو— تصویر: اے ایف پی

کیا 20، 30 روپے میں کوئی کولڈ ڈرنک آجاتی ہے پاکستان میں؟ نہیں! مگر پاکستان میں بچوں کے بخار کی دوا آجاتی ہے۔ پھر اس دوا کا علاج بھی 20، 30 روپے کا ہی ہے یعنی کہ نادیدہ۔ عوام کو مفت علاج کا اندازہ تک نہیں۔ جبکہ ناجانے لوگوں کو انشورنس سے کیوں ڈرا دیا گیا ہے۔ اب چونکہ مہنگی دوا خرید نہیں سکتے تو اس لیے کوئی پوچھتا بھی نہیں کہ 20 روپے میں کونسا سالٹ اور منرل آتا ہے جو دوا آجاتی ہے۔

ہمارے سارے نئے اور پرانے حکمران چھینک بھی آنے پر ایسے ہی تو باہر نہیں بھاگتے کہ وہاں ان کو عزت دار انسانوں کی طرح اصلی اور بہترین علاج ملتا ہے۔ اصلی اور اکثیر دوا پوری عزت سے ملتی ہے۔ پاکستان میں تو علاج کے لیے اسپتال جانے کا مطلب ہے کہ پیسے دیکر تذلیل کا بندوبست کیا جائے۔ ڈاکٹر مسیحا کم، صنعت کار زیادہ لگتا ہے۔ اسی لیے تو سارے ملکوں کے اقامے رکھے جاتے ہیں کہ اس کے ساتھ انشورنس بھی محفوظ رہتی ہے جس سے علاج معالجے میں 75 فیصد تک بچت ہوجاتی ہے۔ باقی رہی عوام تو وہ جانے اس کا خدا جانے! پاکستانی سیاستدانوں اور تمام طاقتور حلقوں نے عوام کا ٹھیکہ تھوڑی لے رکھا ہے۔

صوفیہ کاشف

صوفیہ کاشف ادبی مضامین اور افسانے لکھنے کا شوق رکھتی ہیں۔ آپ ان کے مزید مضامین ان کی ویب سائٹ SofiaLog پر پڑھ سکتے ہیں اور ان کے ولاگ ان کے یوٹیوب چینل SofiaLog. Vlog

پر دیکھ سکتے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (7) بند ہیں

انجنیئر حا مد شفیق Aug 11, 2022 11:05am
صوفیہ پاکستان کے صحت کے متعلق لکھنے والے بہت ہمیں ان لوگوں کی ضرورت ہے جو اس نظام کو صحیح کر سکیں تنقید کرنا سب سے آسان ہے لیکن اس کو ٹھیک کرنا نہایت مشکل ہے مجھے آپ کی سمجھ نہیں آتی اگر ہر وقت صرف تنقید ہی کرنا ہے تو برائے مہربانی مت کریں
Sajjad Hussain Aug 11, 2022 04:07pm
آپکی تحریر یکطرفہ زیادہ ہے۔۔۔کاش ایک بار اس نظام کا بھی احاطہ کرتے جس میں یہی بدتمیز پاکستانی ڈاکٹر اونے پونے داموں کام کر رہے ہیں ۔۔۔مریضوں اور لواحقین کی طرف سے پڑنے والی مار کا بھی لکھ ہی لیتے۔۔ایک دفعہ کسی ڈاکٹر یا اس نظام میں کام کرنے والے سی بھی تھوڑی بہت رہنمائی لیتے تو شاید آپکی تحریر پوری ہوتی۔۔۔اپکی اگلی تحریر کا انتظار رہیے گا۔۔
Ali Raza Aug 12, 2022 10:57am
تنقید کرنا سب سے آسان ہے۔ کوئی شک نہیں کہ امارات والے ہم سے بہتر سہولیات دے رہے ہیں لیکن پاکستان میں بھی کچھ نا کچھ بہتری آ رہی ہے۔ ہمیں ایک پاکستانی کے طور پر بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا ۔ جس کو دیکھو وہ پاکستان کی برائی کر رہا ہوتا ہے اور اس کو ھمارا میڈیا بھی بڑھ چڑھ کر ہوا دیتا ہے۔ ہمیں ہر بات میں جو ہمیں غلط لگتی ہے ، درست کرنے میں اپنا حصہ ڈالنا جو گا۔
Kashmala Naseem Aug 12, 2022 11:06am
Bohat achi tehreer hai.. Main to smjh thee government hospitals duniya bhar men hoty he ese hain..
ahmed Aug 13, 2022 06:53am
@ALIRAZA Sahih kaha aap ney. Tanqeed karna bahot asaan hai aur hamain apney mulk ki buraya nikalna bahot acha lagta hai leken mulk ki khobiyan bayan karney sey dartey hain
YamminGamin Aug 13, 2022 07:55am
تحریر بہت عمدہ اور سیکھنے کو بہت کچھ. لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مملکتِ خداداد میں ہر شعبہ کے ساتھ صحت جیسا نازک اور انتہائی پروفیشنل شعبہ بھی انتہائی زبوں حالی کا شکار ہے. شائستگی نرم خو اور ہمدردی جیسی صفات جوکہ اک ڈاکٹر کا خاصہ ہوتی ہیں یہاں پاکستانی ڈاکٹر بلکل ان صفات سے عاری بلکہ انکا متضاد ثابت ہوتے ہیں..
Masood Ahmed Aug 15, 2022 03:12pm
ڈاکٹر بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں، جب عوام کی اکثریت دولت کی پوجا کرتی ہے تو ڈاکٹر بھی یہی کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024