• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

موسلادھار بارش، حکومت سندھ کا کراچی اور حیدرآباد میں عام تعطیل کا اعلان

شائع July 24, 2022 اپ ڈیٹ July 25, 2022
— فوٹو: امتیاز علی
— فوٹو: امتیاز علی

حکومت سندھ نے کل بروز پیر (25 جولائی) کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

آج کراچی اور حیدرآباد شہر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے بتایا کہ شدید بارشوں کی وجہ سے کل کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے اضلاع میں عام تعطیل ہو گی جبکہ بارشوں کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، کرنٹ لگنے سے ایک شہری جاں بحق

وزارت اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ٹوئٹ کیا کہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں صبح 5 بجے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، حکومت سندھ نے کل کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹر سے بھی درخواست ہے کہ وہ کل اپنے دفاتر بند رکھیں۔

محکمہ موسمیات کے اعداد شمار کے مطابق شہر قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش قائد آباد میں 95.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سرجانی ٹاؤن میں 82.3 ملی میٹر، کیماڑی میں 79 ملی میٹر، گلشنِ حدید میں 78 ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس میں 77 ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیز 2 میں 70.5 ملی میٹر، صدر میں 62 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 60 ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن میں 57.5 ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس میں 51 ملی میٹر، ناظم آباد میں 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح گڈاپ ٹاؤن میں 49.6 ملی میٹر، کورنگی میں 44.4 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 39.6 ملی میٹر، گلشنِ معمار میں 36.9 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 36.8 ملی میٹر، پرانے ایئرپورٹ کے اطراف 33 ملی میٹر اور جناح ٹرمینل پر 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان

اتوار کو جاری کردہ تازہ ترین موسمی ایڈوائزری میں محکمہ موسمیات نے کہا کہ مون سون کی تیز ہوائیں گزشتہ رات سے سندھ میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں اور یہ 26 سے 27 جولائی تک برقرار رہیں گی۔

مزید پڑھیں: بالائی کوہستان میں سیلاب کے باعث 50 مکانات بہہ گئے

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس موسمی نظام کے زیر اثر تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰ یار، حیدرآباد، مٹیاری، سانگھڑ، نوابشاہ، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، جامشورو، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، گھوٹکی، کشمور اور کراچی ڈویژن میں آج سے 26 سے 27 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

شہریوں کو تکلیف نہیں ہونے دیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ

مون سون کی مسلسل بارشوں کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے اس بار اپنی محنت سے شہریوں کو تکلیف سے بچائیں گے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ، وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی دورے میں شامل تھے، وزیر اعلیٰ نے نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور چوکنگ پوائنٹس کا دورہ کیا.

یہ بھی پڑھیں: کراچی سمیت سندھ بھر میں طوفانی بارش، اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری

انہوں نے کہا کہ ان کی ہدایت پر تمام شہری اداروں کے متعلقہ عملہ سڑکوں پر موجود ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہیے کہ بارشوں میں خود اور اپنے بچوں کو گھروں تک محدود رکھیں کیونکہ بارشوں کے دوراں ندی نالوں میں طغیانی اور پانی کی نکاسی کے لیے مین ہول بھی کھولے جاتے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایسی صورتحال میں بچوں کو کسی صورت سڑکوں پر کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے اور یہ بارش کا تیسرا اسپیل ہے، اس بارش کو پکنک نہیں سمجھا جائے۔

انہوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو عوام کی ہر طرح سے مدد کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024