• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

مجوزہ سیاحتی اتھارٹی کے ناقدین پر وزیر اعظم آزاد کشمیر برہم

شائع July 24, 2022
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کچھ لوگ ریاست کے لوگوں کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے—فائل فوٹو : ٹوئٹر/سردار تنویر الیاس
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کچھ لوگ ریاست کے لوگوں کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے—فائل فوٹو : ٹوئٹر/سردار تنویر الیاس

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے سیاحت کے فروغ کے لیے مجوزہ سیاحتی اتھارٹی پر تنقید کرنے والوں کو سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے مخالف قرار دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے اوائل میں اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ حکومت ایک ترمیم شدہ قانون سازی کے ذریعے ایک ‘سیاحتی اتھارٹی’ اور ‘خصوصی سیاحتی زون’ کے قیام پر غور کر رہی ہے جس سے دہائیوں پرانے جنگلات کے تحفظ کے ضوابط اور معدنیات کے اخراج کو کنٹرول کرنے والے قانون سمیت چند دیگر قوانین یا ان کی دفعات منسوخ ہوجائیں گی۔

اگرچہ یہ بل حال ہی میں ملتوی ہونے والے اسمبلی اجلاس میں پیش نہیں کیا گیا لیکن اس پر اپوزیشن رہنما شاہ غلام قادر، راجا فاروق حیدر، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر اور سماجی کارکنان سمیت دیگر نے شدید تنقید کی۔

تاہم ایک بیان میں سردار تنویر الیاس نے ان تحفظات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صرف وہی لوگ ٹورازم اتھارٹی کی مخالفت کر سکتے ہیں جو ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے مخالف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما سردار تنویر الیاس بلامقابلہ وزیر اعظم آزاد کشمیر منتخب

انہوں نے کہا کہ ‘اس کے لیے ایک غیر روایتی حکمت عملی اور جدید اقدامات کی ضرورت ہے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ کچھ لوگ ریاست کے لوگوں کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ عوام ان پر منحصر رہیں اور مشکوک ترقیاتی اسکیموں سے محض ان کی اپنی دولت میں اضافہ ہوتا رہے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘اب وقت بدل گیا ہے اور عمران خان کے پیروکاروں نے ریاست کے لوگوں کی خدمت کے لیے آزاد کشمیر میں اقتدار سنبھال لیا ہے’۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ ‘علاقے کی حقیقی ترقی اور خوشحالی سیاحت، ہائیڈرو پاور جنریشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبوں میں ہماری بھرپور صلاحیتوں کا صحیح فائدہ اٹھانے پر منحصر ہے، ان شعبوں کو جتنا زیادہ مضبوط کیا جائے گا، اتنا ہی ان کے فوائد عام آدمی تک پہنچیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم یہاں روایتی سیاست کرنے یا لوگوں کو مایوس کرنے نہیں آئے ہیں، درحقیقت ہمیں لوگوں کی خدمت کے لیے لایا گیا ہے اور ہم انہیں کبھی مایوس نہیں ہونے دیں گے’۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: وزرات عظمیٰ کیلئے بیرسٹر سلطان، سردار تنویر کے مابین ‘مقابلہ’

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹورازم اتھارٹی آزاد کشمیر کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ دلچسپ سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کروانے اور پہچان دلانے میں مدد کرے گی۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ یہ شعبہ مقامی لوگوں اور ملک کے کسی بھی دوسرے حصے کے سرمایہ کاروں کو مساوی مواقع اور سہولیات فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ٹورازم اتھارٹی کے قیام کی مخالفت میں آوازیں اٹھا رہے ہیں وہ آگے بڑھیں اور نہ صرف خود اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں بلکہ دوسروں کو بھی ایسا کرنے پر آمادہ کریں، منفی پروپیگنڈے کے ذریعے ریاست کی ترقی میں رکاوٹ نہیں ڈالی جا سکتی۔

سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ سیاحت کے علاوہ ہائیڈرو پاور جنریشن اور آئی ٹی کے شعبوں کو کنٹرول کرنے والے قوانین میں بھی مستقبل قریب میں کچھ زبردست بہتری دیکھنے کو ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے گزشتہ حکومت کی جانب سے ماضی میں اٹھائے جانے والے اچھے اقدامات کی ہمیشہ تعریف کی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اب وہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے ہم پر کیچڑ اچھالنے کے بجائے ہمارے اچھے کاموں اور ارادوں کے حوالے سے یہی روش اپنائیں’۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024