گانے میں ڈانس کروں گی، آئٹم سانگ نہیں کرسکتی، ماہرہ خان
‘سپر اسٹار’ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی فلم کے اسکرپٹ اور اس کی ضرورت کے مطابق گانے میں ڈانس تو کریں گی مگر وہ کسی طرح بھی ‘آئٹم سانگ’ نہیں کریں گی۔
‘آئٹم سانگ’ یا ‘آئٹم نمبر’ بولی وڈ میں استعمال کی جانے والی عام اصطلاح ہے، جس کا مطلب کسی بھی فلم میں شامل ایسا گانا جس میں پرفارمنس کرنے والی اداکارہ یا اداکار کو ڈانس کرنا ہوتا ہے۔
‘آئٹم نمبر یا آئٹم سانگ’ کو کسی بھی فلم میں اسکرپٹ کے بغیر بھی شامل کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رشتے کے منتظر شخص کو ماہرہ خان کا جواب ٹرینڈ بن گیا
پاکستانی اور بھارتی فلموں میں زیادہ تر آئٹم سانگ یا آئٹم نمبر گانے اداکاراؤں پر مشتمل ہوتے ہیں، جن میں کسی بھی اداکارہ کو مختصر لباس میں بولڈ انداز میں بہت سارے مرد ڈانسرز کے ساتھ ڈانس کروایا جاتا ہے۔
ماہرہ خان نے ماضی میں ‘نوری’ اور ‘مورے سیاں’ جیسے گانے بھی کیے، جنہیں آئٹم نمبر کہا گیا۔
تاہم اب اداکارہ نے واضح کیا کہ انہیں لگتا ہے کہ ‘آئٹم سانگ یا آئٹم نمبر’ ان کے لیے نہیں اور نہ ہی وہ ایسے گانوں میں پرفامنس کر سکتی ہیں، ہاں البتہ وہ فلم کی کہانی کے مطابق کسی بھی گانے میں ڈانس ضرور کریں گی۔
ماہرہ خان کا رواں ماہ جولائی کے آغاز میں ‘انڈیپینڈنٹ اردو’ کو دیے گئے انٹرویو کی ویڈیو کلپ وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ‘آئٹم سانگ اور کسی بھی گانے میں ڈانس’ کرنے سے متعلق وضاحت کرتی دکھائی دیں۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ انہوں نے اگرچہ ماضی میں ‘نوری’ اور ‘مورے سیاں’ جیسے گانوں میں پرفارمنس کی مگر وہ گانے فلم کی ضرورت تھے۔
مزید پڑھیں: میرا کی تنقید پر ماہرہ خان کا شکوہ
انہوں نے کہا کہ اگر ایسے ہی انہیں مستقبل میں بھی پیش کش ہوئی تو وہ لازمی کریں گی مگر وہ خصوصی طور پر ‘آئٹم سانگ یا نمبر’ نہیں کریں گی۔
یعنی اگر انہیں صرف آئٹم سانگ کرنے کی پیش کش کی جائے تو وہ ایسا کرنے سے انکار کردیں مگر انہیں فلم میں کاسٹ کرکے بطور ہیروئن اسکرپٹ کے حساب سے آئٹم سانگ کروایا جائے گا تو وہ انکار نہیں کریں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بطور اداکارہ وہ ہر کام کریں گی جس سے متعلق انہیں لگے گا کہ وہ کر سکتی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ آئٹم سانگ نہیں کر سکیں گی اور نہ ہی وہ آئٹم نمبر ان کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں آئٹم سانگ یا آئٹم نمبر لفظ ہی سمجھ نہیں آتا۔