اداکارہ عریشہ رضی خان کے نکاح کی ویڈیوز پر تنازع
ماڈل و اداکارہ عریشہ رضا خان نے دعویٰ کیا ہے کہ فوٹوگرافر نے ان کی رضامندی کے بغیر ان کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جس سے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو شدید تکلیف پہنچی۔
عریشہ رضی خان نے 21 جولائی کو انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنے نکاح کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے والے فوٹوگرافی سروس ’اسٹوڈیو86‘ پر برہمی کا اظہار کیا۔
اداکارہ نے اپنی اسٹوری میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے فوٹوگرافی سروس والوں کو ذاتی ایونٹ کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنے کی اجازت نہیں دی تھی اور انہوں نے غیر اخلاقی حرکت کرتے ہوئے ان کی انتہائی ذاتی ویڈیوز شیئر کیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مذکورہ فوٹوگرافی سروس کا پیج کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ فوٹوگرافر نے اپنے فالوورز بڑھانے کے لیے غلط حرکت کرتے ہوئے ان کی اجازت کے بغیر ان کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔
ساتھ ہی انہوں نے پوسٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ’اسٹوڈیو 68‘ کو کبھی بھی اپنی ذاتی تقریبات کے لیے نہ بلائیں، ورنہ ان کی بھی ذاتی تصاویر یا ویڈیوز اجازت کے بغیر شیئر کردی جائیں گی۔
ایک اور اسٹوری میں انہوں نے لکھا کہ نکاح کی تصاویر یا ویڈیوز ان کی ملکیت تھیں اور یہ ان کی مرضی تھی کہ جب وہ چاہیں انہیں شیئر کریں یا نہ کریں مگر فوٹوگرافی سروس والوں کو ان کی ویڈیوز شیئر کرنے کی اجازت نہیں تھی۔
فوٹوگرافر کا موقف
اداکارہ عریشہ رضی خان کی جانب سے الزامات عائد کیے جانے کے بعد ’اسٹوڈیو 68‘ نے بھی وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اداکارہ کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا اور ان کے درمیان تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنے کا معاہدہ ہوا تھا۔
فوٹوگرافی سروس کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ نے نکاح کی تصاویر یا ویڈیوز تین ماہ تک شیئر نہ کرنے کا کہا تھا جس کے بعد انہوں نے اداکارہ سے ویڈیوز شیئر کرنے کی اجازت مانگی تو ان سے مزید وقت تک مہلت مانگی گئی۔
فوٹوگرافی سروس کے مطابق اداکارہ کو مزید وقت دیے جانے کے کافی دنوں بعد انہوں نے اداکارہ سے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کی اجازت مانگی مگر عریشہ رضی خان نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا جب کہ اداکارہ کی والدہ نے بھی انہیں کوئی جواب نہیں دیا۔
فوٹوگرافر نے اداکارہ کی والدہ کو بھیجے گئے واٹس ایپ وائس نوٹ بھی شیئر کیے، جن میں انہوں نے عریشہ رضی خان کی والدہ کو بتایا کہ اب وہ نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے جا رہے ہیں اور ویڈیوز کو شیئر کرنے کے بعد وہ انہیں ڈیلیٹ نہیں کریں گے۔
فوٹوگرافی سروس نے دعویٰ کیا کہ ان کے اور اداکارہ کے درمیان تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیے جانے کا معاہدہ ہوا تھا مگر اداکارہ کی جانب سے ویڈیوز کو شیئر کرنے کی اجازت دیے جانے کے انہوں نے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے۔
اگرچہ فوٹوگرافر نے اداکارہ اور ان کی والدہ کو ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے سے متعلق آگاہ کرنے کے وائس نوٹ یا میسیجز کے اسکرین شاٹ شیئر کیے، تاہم فوٹوگرافی سروس نے کوئی ایسا وائس نوٹ یا اسکرین شاٹ فراہم نہیں کیا، جس سے واضح ہو کہ اداکارہ یا ان کے اہل خانہ نے انہیں ویڈیوز کو شیئر کرنے کی اجازت دی ہو۔
ساتھ ہی فوٹوگرافی سروس انتظامیہ نے دلیل دی کہ اداکارہ نے میک اپ آرٹسٹ اور کلاتھنگ برانڈ کو تو نکاح کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے پر کچھ نہیں کہا مگر انہیں وہ جھوٹا کہہ رہی ہیں۔
عریشہ رضی خان کے نکاح کی ویڈیوز و تصاویر
’اسٹوڈیو 86‘ نے 20 جولائی کو اداکارہ کے نکاح کی ویڈیوز و تصاویر شیئر کی تھیں اور پوسٹس میں اداکارہ کو بھی مینشن کیا گیا تھا۔
اداکارہ کے نکاح کی ویڈیوز و تصاویر شیئر کرتے وقت مزید کوئی تفصیل فراہم کی گئی تھی، تاہم ان کے نکاح کی تصدیق کی گئی تھی۔
نکاح کی تصاویر و ویڈیوز سامنے آنے کے بعد وہ وائرل ہوگئی تھیں اور مداحوں نے اداکارہ کو مبارک باد بھی پیش کی تھی۔
اگرچہ ویڈیوز اور تصاویر کے وقت عریشہ رضی خان کے نکاح سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی تھی، تاہم اب فوٹوگرافی سروس نے خود پر الزامات لگائے جانے کے بعد انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ کا نکاح کئی ماہ پہلے ہوا تھا۔
فوٹوگرافی سروس کے مطابق اداکارہ نے انہیں نکاح کی ویڈیو و تصاویر تین ماہ تک شیئر نہ کرنے کا کہا تھا، جس کے بعد اداکارہ نے ان سے مزید مہلت مانگی۔
یعنی اداکارہ کا نکاح کم از کم 4 ماہ قبل ہوا تھا، جن کی تصاویر اور ویڈیوز اب سامنے آئی ہیں۔
یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اداکارہ نے صرف نکاح کیا یا وہ پیا گھر سدھار گئی ہیں؟
عریشہ رضی خان نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے متعدد ڈراموں میں بچوں کے کردار ادا کرنے کے بعد کم عمری میں ماڈلنگ شروع کردی تھی۔
اداکاری اور ماڈلنگ کے بعد عریشہ رضی خان نے سوشل میڈیا پر بھی خود کو منوایا اور انہوں نے اپنا کلاتھنگ برانڈ بھی متعارف کرایا۔