• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سیاسی افراتفری کے باعث ڈالر کی قدر میں اضافہ جاری، 227 روپے کی سطح پر پہنچ گیا

شائع July 21, 2022
گزشتہ 5 سیشنز کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہورہی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
گزشتہ 5 سیشنز کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہورہی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گراوٹ کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا اور مقامی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر انٹربینک مارکیٹ میں 227 روپے کی ریکارڈ سطح تک جا پہنچا۔

بدھ کو ڈالر 224.92 روپے پر بند ہوا تھا۔

فارن ایکسچینج ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق آج جب سیشن کا آغاز ہوا تو، صبح 10:57 بجے تک مقامی کرنسی کی قدر 2.08 روپے کی کمی کے بعد 227 روپے تک گر گئی۔

یہ بھی پڑھیں: انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ، 225 روپے کی ریکارڈ سطح پر آگیا

سیاسی افراتفری

ایف اے پی کے چیئرپرسن ملک بوستان نے گزشتہ پانچ سیشنز میں روپے کی مسلسل گراوٹ کی وجہ 'سیاسی افراتفری' اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافے کو قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 ٹریڈنگ سیشنز سے جو روپیہ مسلسل گررہا ہے اس کی وجہ سیاسی افراتفری ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹرز بھی پریشان ہو کر غیر ضروری طور پر مارکیٹ سے ڈالر کی خریداری کررہے ہیں جس سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ ایک ہفتے میں ڈالر عالمی مارکیٹ میں جاپانی ین اور برطانوی پاونڈ سمیت 40 سے زائد کرنسیوں کے مقابلے میں مضبوط ہوا ہے اس کے اثرات بھی یہاں آئے ہیں۔

مزید پڑھیں: غیریقینی سیاسی صورتحال کے سبب ڈالر 224 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

ملک بوستان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو سٹہ بازی میں ملوث بینکوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ مصنوعی طور پر ڈالر کی قیمت میں اضافہ روکا جاسکے۔

انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ آئی ایم ایف سے جلد قرضے کی قسط کا بندوبست کرے تاکہ مارکیٹ کا اعتماد حکومت پر بحال ہوسکے۔

مفتاح اسمٰعیل پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے زور

دریں اثنا عبداللہ ذکی درآمد کنندہ اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر نے 'گھبراہٹ میں خریداری' کو مورد الزام ٹھہرایا اور وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا کہ '"آئی ایم ایف کے ساتھ متفقہ روپے کی قدر سے متعلق شرائط پر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ فوری طور پر تبادلہ خیال کریں'۔

انہوں نے کہا کہ درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان دونوں ہی مارکیٹ میں ڈالر کی کمی کی وجہ سے پریشان ہیں۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'روپے کی قدر کو 240 تک لے جانے کے حوالے سے مارکیٹ میں افواہیں گردش کر رہی ہیں جس سے خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کو ان افواہوں کو مسترد کرنا چاہیے تاکہ مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال ختم ہو جائے۔

روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ

خیال رہے کہ 22 جون کو 211.93 کو چھونے کے بعد جولائی کے پہلے ہفتے میں روپیہ بڑھ کر 204.56 پر آگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ

اس کے بعد یہ ڈالر کے مقابلے میں اپنی قدر کھوتا رہا لیکن جب 15 جولائی کو ملک نے آئی ایم ایف کے ساتھ اپنے عملے کی سطح پر معاہدہ کیا تو اس میں معمولی اضافہ ہوا۔

تاہم اس کے بعد سے ہر سیشن میں مسلسل روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

اسٹیٹ بینک نے اس صورتحال کو 'مارکیٹ کے طے شدہ ایکسچینج ریٹ سسٹم' سے منسوب کیا جس کے تحت کرنٹ اکاؤنٹ کی پوزیشن، خبریں اور مقامی غیر یقینی صورتحال کرنسی کے روزمرہ کے اتار چڑھاو میں حصہ ڈالتی ہے۔

بطاہر گراوٹ کو کم کرنے کی کوشش میں اسٹیٹ بینک نے کہا کہ روپے کی مضبوطی کا ایک 'بہتر پیمانہ' حقیقی مؤثر شرح مبادلہ ہے، جس میں ان کرنسیوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے جن میں پاکستان افراط زر سے ایڈجسٹ شرائط میں تجارت کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024