• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب: عمران خان کا دورہ کراچی ملتوی، آج لاہور پہنچیں گے

شائع July 21, 2022
سابق وزیراعظم عمران خان — فائل فوٹو: اے پی
سابق وزیراعظم عمران خان — فائل فوٹو: اے پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کی اہمیت کے پیش نظر آج ہونے والا اپنا دورہ کراچی ملتوی کرتے ہوئے لاہور جانے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آنے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم میں تیزی لانے، مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے سابق وزیر اعظم نے کراچی کا دورہ کرنا تھا جسے ملتوی کرنے کی خبر سے پارٹی کے حامیوں کو دھچکا لگا ہے۔

بعد ازاں، الیکشن کمیشن نے محرم اور موسمِ برسات کی وجہ سے سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

سندھ میں انتخابات کے التوا کے اعلان سے قبل ہی پی ٹی آئی ترجمان نے زور دے کر کہا تھا کہ پارٹی کا متفقہ فیصلہ ہے کہ عمران خان کو پنجاب پر زیادہ توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور اس وجہ سے وہ کراچی اور حیدرآباد کا اپنا 2 روزہ دورہ نہیں کرسکتے جو کہ 21 اور 22 جولائی کو شیڈول تھا۔

پارٹی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی دونوں شہروں میں کافی مضبوط پوزیشن میں ہے اور اسد عمر، مراد سعید، علی محمد خان اور قاسم خان سوری سمیت پارٹی کے اہم رہنما کارکنوں کا حوصلہ بڑھانے اور انتخابی مہم کی رفتار بڑھانے کے لیے پہلے ہی صوبے میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 50 کروڑ روپے تک آفر کرکے اراکین اسمبلی کو خریدا جارہا ہے، عمران خان کا دعویٰ

کراچی میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما اور قانون ساز پارٹی کی جانب سے عمران خان کے دورہ کے التوا سے متعلق دی گئی وجہ کی اہمیت کو تسلیم کیا لیکن پارٹی سربراہ کا دورہ ملتوی ہونے پر مایوس نظر آئے۔

سندھ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ایم این اے کا کہنا تھا کہ اس طرح کا اعلان یقینی طور پر مہم کی رفتار کو نقصان کو نقصان پہنچاتا ہے، دورے کا ملتوی ہونا کراچی سطح کے کارکنوں اور رہنماؤں سے زیادہ ان لاکھوں لوگوں کے لیے اہم تھا جو ووٹنگ سے کچھ روز قبل سابق وزیراعظم کے یہاں آنے کی توقع کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع تھی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بیک ٹو بیک جلسے اور خطابات الیکشن مہم کے دوران پائے جانے والے جذبے کو ووٹوں میں تبدیل کر دیں گے اور اس طرح سے یہ پارٹی کے لیے آسان جیت کا باعث بنے گا۔

عمران خان کے مجوزہ دورہ کراچی کے دوران 21 جولائی کی رات، انہیں کراچی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ریلی سے خطاب کرنا تھا جس کے بعد شاندار آتش بازی کیے جانے کا منصوبہ تھا اور پھر اگلے روز 22 جولائی کو انہیں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنا تھا اور کارکنوں کا حوصلہ بڑھانے اور ووٹروں کو متحرک کرنے کے لیے شہر کے تین اہم مقامات پر تقاریر کرنی تھیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا ضمنی انتخابات میں برتری کے بعد شفاف انتخابات کا مطالبہ

تحریک انصاف کے ناقدین کا کہنا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات کے بعد 14 ایم این ایز اور 20 سے زیادہ ایم پی اے کے ساتھ کراچی میں سب سے زیادہ مینڈیٹ حاصل کرنے والی واحد سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھرنے والی پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کے دورے کو ملتوی کرنے کے فیصلے نے ان کے مؤقف کی تصدیق کی کہ وہ شہر سے لاتعلق ہیں، یہ اعلان ظاہر کرتا ہے کہ انہیں ملک کے معاشی حب کی زیادہ پرواہ نہیں۔

عمران خان کی آج لاہور آمد کا امکان

پنجاب میں کس پارٹی کی حکومت ہوگی، اس کا فیصلہ 22 جولائی کو ہونا ہے جب کہ اس سے ایک روز قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا آج لاہور پہنچنے کا امکان ہے۔

ایم این اے علی نواز اعوان نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی سربراہ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دوران پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے فوری بعد عمران خان کراچی کے لیے روانہ ہوں گے اور وہاں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ن) کو شکست دے دی

دوسری جانب، پنجاب میں کلین سویپ کے بعد پی ٹی آئی نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اپنے مخالفین کو شکست دینے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے مطابق پارٹی نے کراچی اور حیدرآباد میں انتخابی معرکے کے لیے اپنی تیاریوں اور عوامی اجتماعات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

میڈیا ڈپارٹمنٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں کے دورہ سندھ کا شیڈول طے ہے، سابق وزیر اسد عمر کراچی کے علاقوں کیماڑی، ناظم آباد، عائشہ منزل، ضلع وسطی اور کورنگی میں انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024