• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کردیا

شائع July 20, 2022
ای سی پی کے ترجمان نے کہا کہ بارش کی پیش گوئی کے باعث بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے—فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان
ای سی پی کے ترجمان نے کہا کہ بارش کی پیش گوئی کے باعث بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے—فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں ممکنہ بارشوں کے باعث بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کردیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ کے بلدیاتی کا دوسرا مرحلہ ممکنہ بارشوں اور خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن نے حکم امتناع پر فیصلہ محفوظ کرلیا

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اب 28 اگست 2022 کو منعقد ہوگا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ محرم الحرام اور موسم کی صورت حال کے باعث قومی اسمبلی کے حلقے این اے-245 کراچی کا انتخاب بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقے کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے کہا گیا کہ اب یہ انتخاب 21 اگست 2022 کو ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر، چیف سیکریٹری سندھ کی رپورٹ، عوام کی درخواستوں اور محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

قبل ازیں حکومت سندھ کے عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 24 جولائی کو موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے باعث بلدیاتی انتخابات کے التوا پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: بلدیاتی انتخابات میں پولیس کی گاڑیوں پر کیمرے لگا کر مانیٹرنگ کی ہدایت

انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت سندھ نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو کوئی درخواست نہیں کی کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے جائیں۔

خیال رہے کہ سندھ میں 24 جولائی کو کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات شیڈول تھے اور اس حوالے سے تیاریاں بھی تقریباً مکمل کرلی گئی تھیں۔

کراچی کے پولیس سربراہ ایڈیشنل آئی جی جاوید اختر اوڈھو نے پریس کانفرنس میں شہر میں بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی انتظامات سے بھی آگاہ کیا تھا۔

شہر میں بارش کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر درجہ حرارت میں اضافے کے باعث شہر میں چند گھنٹوں میں 360 ملی میٹر بارش ہوئی لیکن تاحال محکمہ موسمیات نے پولنگ کے دن بارش کے حوالے سے کوئی پیش گوئی نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ گوکہ محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش گوئی نہیں کی ہے لیکن پولیس کے منصوبے میں متوقع بارش کے حوالے سے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024